عائلی زندگی کے اسلامی اصول: اخلاقی اور قانونی پہلو

مصنف: ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

مقدمہ: حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی

(ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ و صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)

صفحات: 40

قیمت: 30؍ روپے

ملنے کا پتہ: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی 110025

دین اسلام انسانوں میں موجود مذاہب کے درمیان ایسا مذہب ہے جو صرف عقیدے اور کسی خاص طبقے کی عبادت تک محدود نہیں ہے، بلکہ وہ پوری انسانی زندگی کی رہ نمائی کرنے والا مذہب ہے۔  وہ عقیدہ، عبادت، معاشرتی و سماجی تعلقات اور انفرادی و اجتماعی معاملات کے سب پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے اور ان سب کے لیے احکام رکھتا ہے۔ یہ سب وحی الٰہی یعنی رب العلمین کی طرف سے آئے ہوئے ہیں، اس لیے تمام مسلمانوں کے لیے لازم العمل ہیں۔  یہ انسانوں کی طرف سے کسی رد و بدل کی گنجائش نہیں رکھتے۔ ہندوستانی دستور بھی یہ حق دیتا ہے کہ ہم اپنے مذہبی احکام پر عمل کا پورا اختیار رکھتے ہیں، اس لیے اگر کسی طرف سے کوئی ایسی آواز اٹھتی ہے کہ کسی کے پرسنل لا میں کچھ تبدیلی کی جائے تو ہم مسلمانوں کے لیے قابل قبول نہیں۔  اس خصوصیت کی بنا پر ہم کو ضرورت ہوئی کہ اس بات کو سمجھانے کے لیے متحدہ بورڈ ہو، جو الحمد للہ قائم اور کارگزار ہے۔

  ضروری ہے کہ ہم ظاہری عملی احکام سے واقف ہونے کے ساتھ اسلامی زندگی کے سماجی و اجتماعی پہلوؤں سے متعلق احکام کو بھی جانیں اور ان پر عمل کریں۔ اس کے لیے ہمارے اہل علم حضرات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تقریری و تحریری  ذرائع اختیار کرکے اس فرض کو انجام دیں۔

 اس سلسلے میں مسرت کی بات یہ ہے کہ شریعت اور دینی تقاضے سے تعلق رکھنے والے پہلوؤں کے سلسلے میں یہ توضیحی کام اہل علم کے درمیان ایک نمایاں شخصیت مولانا ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے اپنے ذمے لے کر انجام دیا ہے۔ انھوں نے مسلم پرسنل لا کے تعلق سے ایک مفید و معتبر کتاب تیار کر دی ہے، جو ان معاملات پر روشنی ڈالتی ہے جن کو جاننا مسلمانوں کے لیے ضروری ہے، تاکہ وہ ان پر خود عمل کر سکیں اور ضرورت پڑنے پر غیروں کے سامنے انھیں واضح کر سکیں۔ یہ کتاب ماشا ء اللہ مذکورہ ضرورت کو بخوبی پورا کرتی ہے۔

 مولوی صاحب موصوف کو بحث و تحقیق اور فکری موضوعات سے خصوصی ربط ہے۔ اسلامی نقطۂ نظر سے ان کی اچھی علمی کاوشیں ہیں۔ ان کا تنظیمی ربط جماعت اسلامی ہند کے بحث و تحقیق کے شعبے سے ہے، جس میں ان کی کارکردگی قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔ دار العلوم ندوۃ العلماء میں تعلیم حاصل کرنے کے تعلق سے ان سے میری اچھی واقفیت ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب تفہیم شریعت کی ضرورت کو بہ خوبی پورا کرے گی۔

تبصرے بند ہیں۔