غالب نامہ: غالب شناسی کا ایک معتبر حوالہ

احمد علی جوہر

            مرزا غالب اردو زبان وادب کے ایک عظیم شاعر ہیں۔ عالمی ادبیات میں بھی ان کا مرتبہ بہت بلند ہے۔ مرزا غالب نے جب اردو شاعری شروع کی تو ان پر مشکل پسندی کا الزام عائد کیا گیا۔ غالب نے اپنے معترضین پر خفگی کا اظہار یوں کیا۔

 مشکل ہے زبس کلام میرا اے دل       ہوتے ہیں ملول اس کو سن کے سخنورانِ کامل

آساں کہنے کی کرتے ہیں فرمائش       گویم  مشکل  وگرنہ  گویم  مشکل

نہ صلے کی تمنّا نہ ستائش کی پرواہ            گر مِرے  اشعار میں معنیٰ  نہ  سہی

            غالب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی زندگی میں ان کی شاعری کی شایانِ شان پذیرائی نہیں ہوئی، مگر غالبؔ اپنے اشعار کی خوبیوں سے واقف تھے اور وہ اس کے پہلے بڑے قدردان تھے۔ اس لئے انھوں نے یہ پیشین گوئی کی تھی۔

            شہرتِ شعرم بگیتی بعدِ من خواہد شُدن

            غالبؔ کی وفات کے بعد ان کی یہ پیشین گوئی حرف بہ حرف صحیح ثابت ہوئی۔ ان کی شاعری کی شہرت روزبروز بڑھتی گئی اور وہ ایک مشہورومعروف شاعر کے روپ میں سامنے آئے۔ آج بھی غالبؔ عظیم اور محبوب شاعر ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ صدیوں بعد بھی وہ مقبول رہیں گے۔ اس کی بڑی وجہ یہ نظر آتی ہے کہ غالبؔ نے اپنی شاعری میں عام انسانی آرزوئوں، امنگوں اور خواہشوں کی ایسی مرقع کشی کی ہے اور اپنی شعری کائنات میں ایسا آئینہ خانہ سجایا ہے جس میں ہر عہد، ہر سماج اور ہر خطہ کے اہل دل کو اپنی تصویر نظر آتی ہے۔ ان کی شاعری میں ایسی کشش ہے کہ جو بھی اس کی طرف جھانکتا ہے، وہ اس پر فریفتہ ہو جاتا ہے۔ ان کی شاعری عام انسانی جذبات واحساسات کے بے حد قریب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا مطالعہ کرتے ہوئے غالبؔ ہی کی زبان میں کہنا پڑتا ہے۔

 ’’میں نے یہ مانا کہ گویا یہ بھی مِرے دل میں ہے‘‘

            غالبؔ کی شاعری انسانی ذہن ودل کو بے حد متاثر کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج صرف اُردو ہی میں نہیں بلکہ ہندی، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، فارسی اور دیگر ہندوستانی علاقائی زبانوں میں غالبؔ مطالعہ کی توانا روایت نظر آتی ہے۔ اُردو میں غالبؔ شناسی کی ایک لمبی روایت ہے۔ اس کا باضابطہ آغاز 1897ء میں حالیؔ کی ’’یادگارِ غالبؔ‘‘ سے ہوا اور تاہنوز اس کا سلسلہ جاری ہے۔ غالبؔ شناسی کی اس طویل روایت میں چند کتابیں ایسی ہیں جو آج بھی معتبر حوالہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ شیخ محمد اکرام کی کتاب ’’غالبؔ نامہ‘‘ کا شمار ایسی ہی کتابوں میں ہوتا ہے۔

            یہ کتاب صرف مرزا غالبؔ کے سوانح حیات کا خلاصہ اور ان کی تصانیف پر تبصرہ نہیں ہے، بلکہ اس میں مسلسل کو شش کی گئی ہے کہ مرزا کی شخصی خصوصیات، ان کا مافی الضمیر، ان کے ذہنی ارتقا کی نشو ونما، ان کی اُفتادِ طبع اوران کے اخلاق وعادات کی تصویرنگاہوں کے سامنے آجائے اور ان کے کلام کی منفرد خصوصیات کو اُجاگر کیا جائے۔

            مرزا غالبؔ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جتنا تنوّع ان کی شاعری میں ہے، اسی طرح ان کی شخصیت میں تنوّع ہے۔ غالبؔ کی شخصیت کی تشکیل اتنے موافق ومتضاد عناصر سے مل کر ہوئی ہے اور ان کی شخصیت میں اتنے رنگ ہیں کہ صرف ایک دریچہ سے اس کا مشاہدہ نہیں کیا جاسکتا۔ غالبؔ کی رنگارنگ شخصیت کو دیکھنے کے لئے ان کے کلام کے ساتھ ساتھ، ان کے عہد، ماحول، ان کے احباب وتلامذہ، ان کے معاصر موافقین ومخالفین کی تحریروں اور خود غالبؔ کے مختلف بیانات پر نظر ڈالنا ضروری ہے۔ تبھی ہم پورے غالبؔ کو دیکھ سکتے ہیں۔ شیخ اکرام اس فریضہ سے بڑی خوبی سے عہدہ برآ ہوئے ہیں۔ انھوں نے غالبؔ کی زندگی اور ان کے کلام پر ان کی تحریروں اور جلوئہ خضر، آبِ حیات، یادگارِ غالبؔ اور دوسری معتبر تحریروں کے حوالے سے بھرپور روشنی ڈالی ہے۔

 شیخ اکرام کی یہ کتاب دو حصّوں میں منقسم ہے۔ پہلے حصّے کا عنوان ’’حیاتِ غالب‘‘ ہے۔ اس میں غالبؔ کی زندگی، اس کے نشیب وفراز اور ان کی زندگی سے وابستہ اہم واقعات وحالات کو تاریخی تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کے اس حصّے کی ترتیب میں شیخ اکرام نے سب سے زیادہ مدد غالبؔ کے ان فارسی خطوط سے لی ہے جو ’’پنج آہنگ‘‘ میں ہیں۔ ان خطوط کے متعلق شیخ اکرام لکھتے ہیں :

’’ یہ خطوط غالب کے سوانح نگار کے لیے ایک بیش بہا خزانہ ہیں۔ اور کسی کتاب سے مرزا کی ان ستائیس سالوں کی کوششوں، مصیبتوں اور ان کے ماحول کا صحیح اندازہ نہیں ہوسکتا جتنا ان خطوط کے مطالعہ سے۔ ہم نے ’غالب نامہ‘ میں دوسرے تذکروں سے زیادہ مفصّل اور صحیح حالات لکھنے کی کوشش کی ہے۔ اور اگر ہم اس کوشش میں کامیاب ہوئے ہیں تو یہ بیشتر اسی محنت کا صلہ ہے جو ہم نے ان خطوط کے مطالعہ میں صرف کی ہے۔ ‘‘ (1)

            کتاب کا یہ حصّہ تحقیقی نقطئہ نظر سے بڑا اہم ہے۔ اب تک مرزا کے سوانح کو بیان کرنے میں یا تو عقیدت سے کام لیا گیا تھا یا اس کی خامیاں ہی خامیاں گنائی گئی تھیں۔ اس کے برعکس یہاں مرزا کے سوانح کے اچھے، بُرے دونوں پہلوئوں پر تحقیقی حوالوں سے روشنی ڈالنے کی سعی کی گئی ہے۔ کتاب کا دوسرا حصّہ ’’غالب نما‘‘ کے عنوان سے ہے۔ اس میں مرزا کی ادبی زندگی کو شرح وبسط کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ شیخ اکرام نے مرزا غالبؔ کی ادبی زندگی کو پانچ ادوار میں تقسیم کیا ہے۔ دورِ اوّل 1797ء۔ 1821ء۔ دورِ دوم 1821ء۔ 1827ء۔ دورِ سوم 1827ء۔ 1847ء۔ دورِ چہارم 1847ء۔ 1857ء۔ دورِ پنجم 1857ء۔ 1869ء۔ (2)

            مرزا کے ابتدائی دور کے کلام میں شیخ اکرام نے فارسی الفاظ وتراکیب کی کثرت، زبان کی ثقالت، مضامین وخیالات کی غرابت، شاعرانہ حسن کے فقدان، آمد کی کمی، آورد اور تصنّع کی شکایت کی ہے۔ (3) اور مثال میں درج ذیل اشعار کو پیش کیا ہے۔

پاؤں میں جب وہ حنا باندھتے ہیں میرے ہاتھوں کو جُدا باندھتے ہیں

شاید کہ مرگیا تِرا رُخسار دیکھ کر            پیمانہ رات ماہ کا لبریزِ نُور تھا        (4)

            یہاں شیخ اکرام نے ’’غالبؔ کی تشبیہیں اور استعارے‘‘ کے عنوان کے تحت اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ غالبؔ کے اس دور کے کلام میں تشبیہوں کی افراط تھی۔ یہ تشبیہیں نئی ضرور تھیں مگر ان میں غرابت تھی۔ شیخ اکرام نے یہاں اس حقیقت سے بھی پردہ اُٹھایا ہے کہ دہلی آمد کے بعد غالبؔ کے کلام میں بڑی تیزی سے تبدیلی رُونما ہورہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی دور میں بھی ان کے یہاں کئی خوبصورت غزلیں ملتی ہیں۔

حُسن غمزے کی کشاکش سے چھٹا میرے بعد    بارے آرام سے ہیں اہلِ جفا میرے بعد

درد سے میرے ہے تجھکو بیقراری ہائے ہائے    کیا ہوئی ظالم تری غفلت شعاری ہائے ہائے

            مرزا غالبؔ کے دوسرے دَور کی شاعری کی نسبت شیخ اکرام لکھتے ہیں :

’’دوسرے دور میں آئینہ طبیعت کا رنگ صاف ہوگیا ہے۔ فارسی ترکیبیں کم ہیں۔ اور خیالات بھی صاف اور خوشگوار ہیں۔ کلام میں بیدلؔ اور صائبؔ کے بجائے عرفیؔ اور نظیریؔ کا رنگ غالب ہے۔ تشبیہیں نیچرل اور موزوں ہیں۔ مضامین خیالی کے بجائے حالی ہیں۔ اور اظہارِ خیالات میں خلوص نمایاں ہے۔ مضامین کے نقطئہ نظر سے اس دور کی اہم ترین خصوصیت نفسیات انسانی کے متعلق شاعر کی معلومات ہیں۔ ‘‘ (5)

            اس دور کا رنگِ شاعری ملاحظہ ہو۔

مُدّت ہوئی ہے یار کو مہماں کئے ہوئے        جوشِ قدح سے بزمِ چراغاں کئے ہوئے

ہاں وہ نہیں خداپرست جائو وہ بے وفا سہی      جس کو ہو دین ودل عزیز اس کی گلی میں جائے کیوں

            اس دور میں مرزا غالبؔ نے اپنے بہت سے اشعار میں الفاظ وتراکیب میں ترمیم کی۔ اس حک واضافہ سے ان کے کئی اشعار بے حد دلچسپ ہوگئے۔ مثلاََ:

بُوئے گُل، نالئہ دل، دُودِ چراغ محفل            جو تری بزم سے نکلا سو پریشان نکلا

اس کا پہلا مصرعہ یوں تھا۔ ’’عشرت ایجاد چہ بُوئے گُل وکُو دودِ چراغ‘‘

            مرزا کے تیسرے دور کو شیخ اکرام نے عام طور پر فارسی شاعری کا دور بتایا ہے۔ اور لکھا ہے۔

’’قیام کلکتہ کے زمانے میں اور اس کے بعد ایک عرصے تک مرزا نے فارسی اشعار زیادہ لکھے۔ اور اُردو اشعار کم۔ اس لئے 1827ء یا اس سے کچھ عرصہ بعد سے لے کر 1847ء تک مرزا کی اصل ادبی زبان فارسی سمجھی جاتی ہے۔ ‘‘ (6)

            چوتھے دور کو شیخ اکرام نے درباری شاعری کا دور بتایا ہے۔ اس دور میں مرزا نے چند قصائد اور زیادہ تر غزلیں کہیں۔ غزلوں کی زبان سادہ اور آسان ہے اور تشبیہیں اور فارسی ترکیبیں کم ہیں۔ اس دور میں غالبؔ کے یہاں کئی ایسی غزلیں ملتی ہیں جو ان کے عام معیارِ شاعری پر پوری نہیں اترتیں۔

واعظ نہ تم پیو  نہ کسی کو پلا سکو              کیا بات ہے تمہاری شرابِ طہوُرکی

آمد بہار کی ہے جو بُلبل ہے نغمہ سنج         اڑتی سی اک خبر ہے زبانی طیوُرکی

            اس دور میں مرزا کے یہاں صرف عام سی غزلیں نہیں ملتیں، بلکہ بہت اچھی غزلیں بھی نظر آتی ہیں۔

 سب کہاں کچھ لالہ وگل میں نمایاں ہوگئیں    خاک میں کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہوگئیں

دل ہی تو ہے نہ سنگ وخشت، دردسے بھر نہ آئے کیوں   روئیں گے ہم ہزار بار کوئی ہمیں ستائے کیوں

            اس دور کی شاعری کی امتیازی صفت زبان کی سلاست اور خیالات کی سادگی کے علاوہ شوخی اور ظرافت ہے۔

حُسن میں حُور سے بڑھکر نہیں ہونے کے کبھی         آپ کا شیوہ وانداز و ادا اور سہی

مرزا غالبؔ کی ادبی زندگی کا پانچواں دور شیخ اکرام کے مطابق غدر کے بعد کا دور ہے۔ اس دور میں مرزا نے اُردو کی بہ نسبت فارسی اشعار زیادہ کہے ہیں۔ شیخ اکرام نے مرزا کے پانچویں دور کی ’’بہترین یادگار ان کے اردو خطوط‘‘ کو بتایا ہے۔

            یہاں شیخ اکرام نے غالبؔ کی ادبی زندگی کو مختلف ادوار میں تقسیم کرکے، ان مختلف دوروں کی ادبی خصوصیات پر جس تنقیدی انداز سے روشنی ڈالی ہے، اس سے ان کے معروضی انداز اور تجزیاتی ذہن کا ثبوت ملتا ہے۔ اس کی بھرپور جھلک موازنہ میں بھی نظر آتی ہے۔ ’’غالب اور مشاہیر اُردو شعرا کا موازنہ‘‘ کے عنوان کے تحت شیخ اکرام نے غالبؔ کا موازنہ خسروؔ، فیضیؔ اور اقبالؔ سے کیا ہے۔ عام طور پر موازنہ میں یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ دوشاعروں کے درمیان سطحی مشابہتوں پر نظر ڈال کر موازنہ کردیا جاتا ہے۔ شیخ اکرام کے یہاں یہ رویّہ نظر نہیں آتا۔ وہ دو شاعروں کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے پہلے شاعر کے عہد، ماحول اور ادبی روایات کا جائزہ لیتے ہیں۔ پھر فکر وخیال، زبان وبیان اور اسلوب کی سطح پر دونوں شاعروں کے درمیان افتراق ومماثلت کے پہلووئوں کو تلاش کرتے ہیں۔ اس طرح سے وہ موازنہ کا ایک خوبصورت معیار قائم کرتے ہیں۔ دیکھئے درج ذیل اقتباس میں شیخ اکرام نے غالبؔ کا موازنہ خسروؔ سے کیا ہے۔

’’غالبؔ اور خسروؔ کے طرز الگ الگ تھے۔ خسروؔ سادہ اور پُراثر اشعار پسند کرتے تھے۔ اور مرزا اس زمانے میں پیدا ہوئے جب مشکل گوئی کا رواج ہو گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خسروؔ نے کئی بلندپایہ مثنویاں لکھی ہیں۔ اور مثنور نگاری میں ان کا مرتبہ غالبؔ سے بلند ہے۔ لیکن قصیدہ نویسی میں شاید مرزا امیر خسرو سے آگے نکل گئے ہیں۔ خسروؔ کے کئی قصیدے بااثر ہیں۔ اور طرح طرح کی صنعتوں سے مرصّع ہیں، لیکن ان میں وہ رفعتِ تخیّل اور حکیمانہ خیالات نہیں جو مرزا کے قصائد میں ہیں۔ ‘‘ (7)

کتاب کے اس حصّے میں شیخ اکرام نے ’غالبؔ کے اُردو خطوط‘ کافکری وفنی جائزہ لیتے ہوئے اردونثر میں اس کے مقام ومرتبہ کے تعین کی کوشش کی ہے۔ اس کے علاوہ ’عام تبصرہ‘ کے ذیلی عنوانات  ’غالبؔ کی مقبولیت کے اسباب‘، ’اعتراضات‘، ’نیچرل شاعری‘، ’غالبؔ کی عشقیہ شاعری‘، ’غالبؔ کا فلسفہ‘، ’مرزا غالبؔ کامذہب‘، ’غالبؔ اور وطنیت‘، ’مغلیہ تہذیب وتمدّن کا ترجمان‘ اور مرزا غالبؔ کی شخصیت‘ کے تحت انھوں نے بڑی معنی خیز گفتگو کی ہے اور اپنی تنقیدی مہارت کا ثبوت پیش کیا ہے۔ ان کے یہاں عموماََجو تنقیدی رویّہ نظر آتا ہے، اسے نفسیاتی تنقید سے موسوم کیا جاتا ہے۔ ان کے یہاں مشرقی اور مغربی اندازِنقد بھی پایا جاتا ہے۔ کہیں کہیں تاثراتی تنقید کے نقوش بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ذیل کا اقتباس ملاحظہ ہو۔

’’شاہجہاں کا تاج محل اور غالبؔ کی شاعری، فن کی دو مختلف اصناف کے شاہکار ہیں۔ لیکن دونوں کی تہہ میں ایک ہی رُوح کارفرما ہے۔ تخیل کی سربلندی ولطافت، تلاشِ حسن اور فنی پختگی دونوں میں معراج کمال پر ہے۔ ‘‘ (8)

شیخ اکرام کی تنقید عیوب سے پاک نہیں کہی جا سکتی لیکن اس کے باوجود ان کا غیرجانبدارانہ نقطئہ نظر، ان کا محتاط رویّہ اور متوازن انداز ان کی تنقید کو معیارووقار عطا کرتاہے اور انہیں ایک اہم ناقد کی شکل میں سامنے لاتا ہے۔ شیخ اکرام کی اس کتاب میں بیک وقت کئی فن جمع ہوگئے ہیں۔ اس میں فن سوانح بھی ہے اور تحقیق وتنقید، تجزیہ وتبصرہ بھی۔ اس کتاب میں شیخ محمداکرام مرزا غالبؔ کے سوانح نگار، محقق اور ناقد کے روپ میں سامنے آئے ہیں۔ غالبؔ مطالعہ میں اس کتاب کی اس اعتبار سے بڑی اہمّیت ہے کہ پہلی بار اس کتاب نے بے جا مدح وتنقیص سے گُریز کرتے ہوئے منطقی واستدلالی بنیادوں پر غالبؔ کے افہام وتفہیم کی راہ ہموار کی۔ اس کتاب کے بارے میں علی جواد زیدی کی رائے ہے۔

’’حالیؔ کی یادگار (1897ء) کے بعد ’غالب نامہ‘ پہلی کتاب ہے جو حیاتِ غالب کو نئے بسط وشرح کے ساتھ موضوعِ گفتگو بناتی ہے۔ جہاں تک تنقید کا تعلق ہے، بجنوری کی عقیدت مندانہ افراط کے بعد یہ متوازن نقطئہ نظر اپنانے کی کوشش کرتی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تنقیدی سطح پر حالیؔ کے علاوہ عبدالرحمٰن بجنوری کی عقیدت کے جوش ووفورِجذبات کا سامنا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس کے برعکس مغربی معیاروں ہی کی ڈھال تیار کرکے عبدالطیف نے ایک غیرمتوازن منفیانہ رجحان اپنا لیاتھا۔ اکرام نے ان دونوں کے مقابلے میں فکرغالب کی تفہیم وتشریح کے لیے کچھ نئے زاویے اپنائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ان کی تنقید ایک تہذیب یافتہ ذہن کی پروردہ ہے اور شاعر کے فکروفن کوخارجی اور داخلی عوامل کے پس منظر میں پرکھتی ہے۔ ‘‘ (9)

گیان چند جین نے اس کتاب کو ’یادگارِ غالب‘ کے بعد غالب کے سوانح کی تحقیق اور ان کی تصانیف کی تنقید کے لئے بڑی اہم کتاب بتایا ہے۔ وہ لکھتے ہیں :

’’انھوں نے غالبؔ کی شاعری پر عام تبصرہ کیا، جو کتاب کا سب سے اہم حصہ ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ غالبؔ اور وطنیت کی بحث میں اکرام کی متوازن رائے ہے کہ غالبؔ جدید مفہوم میں وطن پرست نہ تھے۔ آخری اہم چیز جس کی طرف انھوں نے توجہ دلائی غالبؔ اور مغلیہ ذہنیت کی ترجمانی ہے۔ اکرام کے نزدیک مغل نفاست پسندی، خوش معاشی، عیش کوشی اور ہموار طبعی کے قائل ہوتے ہیں اور غالبؔ ان اقدار کے بہترین ترجمان تھے۔ اسی طرح اکرام نے غالبؔ کی شخصیت اور نفسیات کا وسیع پیمانے پر جائزہ لیا۔ بحیثیت مجموعی اکرام کے جائزے سے ہر جگہ تشفی ہوتی ہے۔ ‘‘ (10)

آج اگرچہ غالبؔ مطالعہ کی نئی نئی جہتیں سامنے آچکی ہیں اور نئے زاویوں سے کلامِ غالبؔ کے معنوی ابعاد کو اُجاگر کرنے کی سعی کی جارہی ہے، اس کے باوجود ’غالب نامہ‘ کی اہمّیت کم نہیں ہوتی۔ غالبؔ اور ان کے کلام سے متعلق بہت سے نکات و جہات کو سامنے لانے میں ’غالب نامہ‘ کو امتیازی حیثیت حاصل ہے۔ آج بھی غالب شناسی میں یہ کتاب معتبر اساس کی حیثیت رکھتی ہے۔

         حوالے      

(1) شیخ محمداکرام، غالب نامہ، ص، 92۔

(2) ایضاََ، ص، 210۔

(3) ایضاََ، ص، 211۔

(4) ایضاََ

(5) ایضاََ، ص، 219۔

(6) ایضاََ، ص، 232۔

(7) ایضاََ، ص، 45، 344۔

(8) ایضاََ، ص، 17۔

(9) علی جواد زیدی: شیخ محمد اکرام کا دائرئہ تحقیق، مشمولہ غالب نامہ 1989ء دہلی: غالب انسٹی ٹیوٹ، ص17 تا19۔

(10) گیان چند جین: غالب کے نقاد، رموزِ غالب فروری 1967ء دہلی: مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ، ص319، 320۔

تبصرے بند ہیں۔