خوش بیاں تجھ سے زیادہ کون ہے

افتخار راغبؔ

خوش بیاں تجھ سے زیادہ کون ہے

چپ یہاں تجھ سے زیادہ کون ہے

عشق میں مجھ کو تڑپتا دیکھ کر

شادماں تجھ سے زیادہ کون ہے

کون ہے نازک بدن تجھ سے سوا

سخت جاں تجھ سے زیادہ کون ہے

بے مروّت، تُند خُو، شدّت پسند

میری جاں تجھ سے زیادہ کون ہے

کون رکھتا ہے مرا اتنا خیال

مہرباں تجھ سے زیادہ کون ہے

کون مجھ کو چاہتا ہے اس قدر

قدرداں تجھ سے زیادہ کون ہے

کیا کہوں راغبؔ ترے بارے میں اب

خوش گماں تجھ سے زیادہ کون ہے

⋆ افتخار راغب

افتخار راغب
تخلیقِ کارِ کلامِ دل پذیر، علمبردارِ توازنِ لفظ و معنی ، بدرِ آسمانِ شعر و سخنِ قطر اور افتخارِ بزمِ اردو قطر جناب افتخار راغبؔ کا تعلق ہندوستان کے صوبہ بہار سے ہے۔ پیشے سے سول انجنئیر ہیں اور 1999 سے قطر میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ آپ کے تین شعری مجموعۂ کلام، ’ لفظوں میں احساس‘ ، ’ خیال چہرہ ‘ اور ’غزل درخت‘ منظرِ عام پر آکر مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ غزلوں کا چوتھا مجموعہ اور مزاحیہ شاعری کا پہلا مجموعہ زیرِ ترتیب ہیں۔ آپ کا شمار قطر کے فعال ترین ادبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ آپ قطر کی قدیم ترین اردو تنظیم بزمِ اردو قطر کے 2010 سے جنرل سکریٹری ہیں اور دیگر ادبی تنظیموں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ آپ اپنے پختہ کلام کے حوالے سے پوری اردو دنیا میں نئی نسل کے شعراء میں منفرد شناخت رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے