ادبغزل

ہے سماعت شب گزیدہ روشنی باتیں تری

لفظ پر کرتی ہیں طاری بے خودی باتیں تری

افتخار راغبؔ

ہے سماعت شب گزیدہ روشنی باتیں تری

لفظ پر کرتی ہیں طاری بے خودی باتیں تری

کیا کہوں کیا کہہ رہی ہے تیری آنکھوں کی چمک

کیسی فرحت بخشتی ہیں اَن کہی باتیں تری

 پوچھ مت خاموش کیوں آتا ہوں باہر سے نظر

گونجتی رہتی ہیں مجھ میں ہر گھڑی باتیں تری

 کیوں نہ ہوتا میں ترے حسنِ تکلم پر نثار

شعر میرے بات جیسے، شاعری باتیں تری

ہر طرف میری ہے فرحت ناک آوازوں کا رقص

مضمحل ہونے نہ دیں شاید کبھی باتیں تری

وجہِ خوف و رنج تیری جان لیوا خامشی

باعثِ خوش رنگی و آسودگی باتیں تری

کیا خبر تجھ کو دلِ راغبؔ میں کیا برپا رہا

کیا غضب ڈھاتی رہیں شوخی بھری باتیں تری

مزید دکھائیں

افتخار راغب

تخلیقِ کارِ کلامِ دل پذیر، علمبردارِ توازنِ لفظ و معنی ، بدرِ آسمانِ شعر و سخنِ قطر اور افتخارِ بزمِ اردو قطر جناب افتخار راغبؔ کا تعلق ہندوستان کے صوبہ بہار سے ہے۔ پیشے سے سول انجنئیر ہیں اور 1998 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے بی ٹیک کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد مارچ 1999 سے قطر میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ آپ کے چار شعری مجموعۂ کلام، ’لفظوں میں احساس‘ ، ’خیال چہرہ‘ ، ’غزل درخت‘ اور 'یعنی تو' منظرِ عام پر آکر مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ غزلوں کا پانچواں مجموعہ اور مزاحیہ شاعری کا پہلا مجموعہ زیرِ ترتیب ہیں۔ آپ کی شاعری کی اینڈرائڈ ایپ بھی بن چکی ہے جسے Google Play Store میں Iftekhar Raghib - Urdu Poetry لکھ کر تلاش کرکے انسٹال کیا جا سکتا ہے اس میں چاروں مجموعہ غزلیات دیدہ زیب انداز میں موجود ہیں. افتخار راغبؔ کا شمار قطر کے فعال ترین ادبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ آپ قطر کی قدیم ترین اردو تنظیم بزمِ اردو قطر کے 2010 سے جنرل سکریٹری ہیں اور دیگر ادبی تنظیموں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ آپ اپنے پختہ کلام کے حوالے سے پوری اردو دنیا میں نئی نسل کے شعراء میں منفرد شناخت رکھتے ہیں۔

متعلقہ

Close