غزل

وہ جو مذہب کے ٹھکیدار نظر  آتے ہیں 

ہر  طرف برسرِ  پیکار نظر  آتے  ہیں

جمیل اخترشفیق

وہ   جو   مذہب  کے   ٹھکیدار   نظر   آتے  ہیں

ہر     طرف     برسرِ   پیکار    نظر    آتے   ہیں

دیکھ  آؤ   تو   بتانا   کہ   شریفوں   کے   یہاں

حسن   کے    کتنے    خریدار    نظر   آتے   ہیں

وہ جوکچھ لوگ مری صف میں ہیں سب سےآگے

سچ   بتاؤں     وہی  غدّار    نظر   آتے   ہیں

سونپ  آئے  ہیں  جنہیں  تاجِ  قیادت  سب لوگ

مجھ کو  اندرسے  ہی  بیمار نظر آتے  ہیں

جانے کس خوف کا  سایا  ہے  مری  بستی  پر

سہمے  سہمے  ہوئے گھر بار نظر آتے  ہیں

کیا  بتاؤں  کسی  خاموش   سمندر کی طرح

منتشر ذہن میں   افکارنظر  آتے   ہیں

مان   لینے  میں مرے   یار   برائی  کیا  ہے

وہ اگر صاحبِ دستار نظر آتے   ہیں

ہاں وہی لوگ مرے قتل میں شامل تھے "شفیق”

میرے پہلو  میں  جو   دوچار نظر آتے ہیں

مزید دکھائیں

جمیل اختر شفیق

جمیل اخترشفیق صاحب کا تعلق صوبہ بہار کے مشہور ضلع سیتامڑھی کے باجپٹی بلاک کی ایک انتہائ پسماندہ بستی سنڈوارہ سے ہے۔ آپ شاعری کے علاوہ ملک کے درجنوں اخبارات ورسائل کے لیے زمانۂ طالبِ علمی ہی سے کالم لکھتے آئے ہیں اور خوب پڑھے جاتے رہے ہیں۔ ساتھ ہی ملک بھر میں مختلف مذہبی، ادبی، سماجی موضوعات پہ منعقد ہونے والے پروگرام میں بھی ان کی شرکت ہوتی رہتی ہے، ملک کے قد آور شعراء کی موجودگی میں وہ درجنوں آل انڈیا مشاعروں کی تاریخ ساز نظامت بھی کر چکے ہیں اور ایک کامیاب ناظم کی حیثیت سے بھی اُن کی شخصیت بڑی تیزی سے ابھر رہی ہے۔ ممبئ سے نشر ہونے والا ٹیوی چینل "آئی پلس ٹیوی" جسے دنیا بھر میں تین کروڑ سے زیادہ لوگ دیکھتے ہیں اس پہ "رنگ ونور ایک دینی مشاعرہ" کے تحت نشر ہونے والے مشاعرے کی نظامت کرتے ہوئے بھی انہیں ناظرین ہر جمعہ کو دن میں 2.30بجے اور رات میں 7.30بجے متواتر دیکھ رہے ہیں جو کہ بلاشبہ صوبہ بہار کی ادبی دنیا کے لیے فخر کی بات ہے۔

متعلقہ

Close