نظم

راہِ حق ہم کو دکھانے ماہِ رمضاں آگیا

خوابِ غفلت سے جگانے ماہِ رمضاں آگیا

احمد علی برقیؔ اعظمی

راہِ حق ہم کو دکھانے ماہِ رمضاں آگیا

خوابِ غفلت سے جگانے ماہِ رمضاں آگیا

ہے کُھلا بابِ اجابت اہلِ ایماں کے لئے

نارِ دوزخ سے بچانے ماہِ رمضاں آگیا

کون اسلامی شریعت پر ہے کتنا کاربند

استقامت آزمانے ماہِ رمضاں آگیا

جل رہے ہیں ہرطرف مہر و محبت کے چراغ

تیرگیٔ دل مٹانے ماہِ رمضاں آگیا

دور کرنے بندۂ مومن کا ذہنی انتشار

خانۂ دل کو سجانے ماہِ رمضاں آگیا

خوانِ نعمت باز ہے اللہ کا سب کے لئے

نعمتیں سب پر لُٹانے ماہِ رمضاں آگیا

ہے نزولِ قرآں کا جس ماہ کوحاصل شرف

ہر گُنہہ کو بخشوانے ماہِ رمضاں آگیا

ہے یہ برقیؔ اعظمی قُفلِ سعادت کی کلید

’’کُھل گئے رب کے خزانے  ماہِ رمضاں آگیا‘‘

مزید دکھائیں

احمد علی برقی اعظمی

ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی اعظم گڑھ کے ایک ادبی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ کے والد ماجد جناب رحمت الہی برقؔ دبستان داغ دہلوی سے وابستہ تھے اور ایک باکمال استاد شاعر تھے۔ برقیؔ اعظمی ان دنوں آل آنڈیا ریڈیو میں شعبہ فارسی کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد اب بھی عارضی طور سے اسی شعبے سے وابستہ ہیں۔۔ فی البدیہہ اور موضوعاتی شاعری میں آپ کو ملکہ حاصل ہے۔ آپ کی خاص دل چسپیاں جدید سائنس اور ٹکنالوجی خصوصاً اردو کی ویب سائٹس میں ہے۔ اردو و فارسی میں یکساں قدرت رکھتے ہیں۔ روحِ سخن آپ کا پہلا مجموعہ کلام ہے۔

متعلقہ

Close