نظم

عید بھر دے زندگی میں آپ کی خوشیوں کے رنگ

ڈاکٹراحمد علی برقی اعظمی

عید بھر دے زندگی میں آپ کی خوشیوں کے رنگ

آپ کے اِس رنگ میں پڑنے نہ پائے کوئی بھنگ

جو جہاں ہو اُس کو حاصل ہو وہاں ذہنی سکون

دور ہو جائے جہاں سے بغض و نفرت اورجنگ

اپنے دل کوصاف رکھئے آپ مثلِ آئینہ

آپ کی شمشیرِایماں پر نہ آنے پائے زنگ

ہے ضرورت وقت کی آپس میں رکھئے میل جول

بھائی چارہ آپ کا سب دیکھ کررہ جائیں دنگ

اقتضائے وقت ہے اب امن و صلح وآشتی

آپ کے طرزِعمل سے ہو نہ کوئی شخص تنگ

آئیے ہم سب کریں مل جُل کے یہ تجدیدِ عہد

عید کے اس رنگ میں پڑنے نہ دینگے کوئی بھنگ

محفلِ شعروسخن میں جشن کا ماحول ہے

کیجئے نغمہ سرائی آپ برقی لے کے چنگ

مزید دکھائیں

احمد علی برقی اعظمی

ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی اعظم گڑھ کے ایک ادبی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ کے والد ماجد جناب رحمت الہی برقؔ دبستان داغ دہلوی سے وابستہ تھے اور ایک باکمال استاد شاعر تھے۔ برقیؔ اعظمی ان دنوں آل آنڈیا ریڈیو میں شعبہ فارسی کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد اب بھی عارضی طور سے اسی شعبے سے وابستہ ہیں۔۔ فی البدیہہ اور موضوعاتی شاعری میں آپ کو ملکہ حاصل ہے۔ آپ کی خاص دل چسپیاں جدید سائنس اور ٹکنالوجی خصوصاً اردو کی ویب سائٹس میں ہے۔ اردو و فارسی میں یکساں قدرت رکھتے ہیں۔ روحِ سخن آپ کا پہلا مجموعہ کلام ہے۔

متعلقہ

Close