اردو سرگرمیاں

9 دسمبر کو قطرکے بین الاقوامی پروگرام میں ایوارڈ کی تقسیم

بزمِ صدف کا بین الاقوامی ایوارڈ جاوید دانش کو اور نئی نسل ایوارڈ واحد نظیر کو دیا جائے گا

صفدرامام قادری
پٹنہ ، اردو کے مشہور ڈرامہ نگار ، شاعر اور ادیب جناب جاوید دانش کو ان کی ہمہ جہت ادبی خدمات کے لیے ایک لاکھ روپے کا بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ تفویض کیا جائے گا ۔ اکیاون ہزار روپے کا بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ ممتاز شاعر ، نقاد، محقق اور تاریخ گو ڈاکٹر واحد نظیر کو پیش کیا جائے گا ۔ مختلف مراحل میں ایوارڈ کمیٹی کے ممبران نے متعدد شعرا و ادبا کی مجموعی و ادبی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے ان دونوں انعامات کے لیے حق داروں کے ناموں کا انتخاب کیا ۔ بزمِ صدف کی جیوری کی طرف سے ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان کرتے ہوے رسالہ صدف کے مدیرِ اعلا جناب صفدر امام قادری نے مذکورہ اعلانات کا اظہار کیا اور رسالہ صدف ، بزمِ صد ف اور مکتبۂ صدف اداروں اور عام محبانِ ارد و کی طرف سے جناب جاوید دانش اور ڈاکٹر واحد نظیر کی خدمت میں مبارک باد پیش کی اور اس بات کا مزید اعلان کیا کہ یہ ایوارڈ دونوں فنکاروں کو بزمِ صدف کے بین الاقوامی تقسیمِ ایوارڈ پروگرام منعقدہ 9 دسمبر 2016 کو قطر میں ہندستانی قونصل کے سفیر عزت مآب پی۔ کمارن اور بزمِ صدف کے سر پرستِ اعلیٰ جناب محمد صبیح بخاری اور بزمِ صدف کے سرپرست پروفیسر ارتضیٰ کریم کے ہاتھوں دیا جائے گا ۔
جناب جاوید دانش کینیڈا میں رہتے ہوئے اپنی متنوع شخصیت کی وجہ سے اردو کی ادبی برادری میں ایک غیر معمولی محبوبانہ کیفیت کے مالک ہیں۔ وہ ڈرامہ نگاری ، شاعری ،تنقید اورسفر نامہ جیسی اصنا ف پر توقدرت رکھتے ہی ہیں لیکن ان کا ریڈیو ،ٹی وی ،فلم اور تھیٹر ہر شعبے میں جس قدر کام ہے ، وہ آسانی سے ایک شخص کے لیے شاید ہی ممکن ہو۔ کلکتہ سے اپنا سفر شروع کر کے پوری دنیا میں اپنی زبان کو وقار بخشنے والے جاوید دانش کا اعترافِ خدمات ایک حقیقی فن کار کے تئیں خراجِ عقیدت ہے۔ ہمیں اس بات کی بھی خوشی ہو ئی کہ ڈرامہ نگاری کے لیے غالب انسٹی ٹیوٹ ، نئی دہلی نے انھیں پچھتر ہزار روپے کے نہایت ہی معتبر ’غالب ایوارڈ‘ سے سر فراز کرنے کابھی فیصلہ کیا ۔ جاوید دانش کو حسنِ اتفاق سے یہ دونوں ایوارڈ دسمبر ماہ میں ہی ملیں گے ۔ 9؍دسمبر کو قطر میں بزمِ صدف ایوارڈ اور 23؍ دسمبر کو دہلی میں غالب ایوارڈ۔ حق بہ حق دار رسید کے طور پر ہم جناب جاوید دانش کو مبارک باد پیش کر تے ہیں ۔
اردو میں وہ نسل جس کی پچاس برس سے کم عمر ہے، اس میں علمی اعتبار سے اس جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کی اکادمی براے فروغِ استعدادِ اردومیڈیم اساتذہ میں استاد ڈاکٹر واحد نظیرکے انداز کی مستحکم صلاحیت کے افراد شاید ہی نظر آئیں ۔ شاعر ،محقق ، نقاد ، ماہرِ درسیات اور تاریخ گو واحد نظیر کی تصنیفات ان کی ادبی اور علمی گہرائی کا ثبوت فراہم کرتی ہیں ۔’اسلحے،سکّے اور ڈاک ٹکٹ میں اسلامیات :تحقیق و تجزیہ‘ نام سے واحد نظیر کی جو کتاب آج سے ایک دہائی سے زیادہ پہلے منظرِ عام پر آئی تھی ، اسے علمی حلقے میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ اس موضوع پر اب تک کوئی دوسری معیاری کتاب اردو میں نظر نہیں آتی ۔ واحد نظیر نے نعت گوئی، غزل گوئی کے ساتھ باضابطہ طور پر تاریخ گوئی کو اپنی ادبی زندگی کا حصہ بنایا۔ار دو ہی نہیں، فارسی میں بھی انھوں نے در سی کتابیں تیار کیں ۔ ’بزمِ صدف‘ کی جیوری نے ان کی گونا گوں لیاقتوں پر غور کرتے ہوئے بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ 2016ء پیش کرکے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ جو لوگ سنجیدگی سے کام کرتے ہیں ، انھیں بہ ہر طور قدر داں مل ہی جاتے ہیں۔ ہم انھیں اس موقعے سے مبارک باد پیش کر تے ہیں۔ انھیں بھی جاوید دانش کے ساتھ قطر میں 9؍ دسمبر کو 51؍ہزار روپے کابزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔
بزمِ صدف کی ایوارڈ تقریب اور بین الاقوامی سے می نار اور مشاعرے میں دنیا کے مختلف ممالک کے شعرا اور ادبا شریک ہو رہے ہیں ۔ایوارڈ یافتگان جناب جاوید دانش اور ڈاکٹر واحد نظیر کے علاوہ باصر سلطان کاظمی (برطانیہ) ، مہتاب قدر (سعودی عرب)، انور ظہیر رہبر (جرمنی) ، ظہور الاسلام جاوید(ابوظہبی) کے علاوہ ہندستان سے پروفیسر ارتضیٰ کریم ، جناب مشتاق احمد نوری ، جنا ب تسلیم عارف ، جناب ملک العزیزکاتب، انجم بارہ بنکوی ، وجے تیواری ، اور صفدر امام قادری شامل رہیں گے ۔ اس موقع سے ’’اردو میں مہجری ادب‘‘کے موضوع پر ایک بین الاقوامی سے می نار کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کی تقریب کی شب میں عظیم الشان مشاعرہ بھی ہوگا جن میں مذکورہ تمام شعرا ے کرام اپنا کلام پیش کریں گے ۔ بزمِ صدف کے ایوارڈ یافتگان اور دیگر مہمان بشمول مشتاق احمد نوری ، صفدر امام قادری اور تسلیم عارف 15دسمبر کو جدّہ میں اور 16 دسمبر کو کویت میں منعقدہ بین الاقوامی سے می نار اور مشاعروں میں شریک ہو ں گے۔
بزمِ صدف نے باضابطہ طور پر اپنا اشاعتی گھر ’مکتبۂ صدف ‘کے نام سے قائم کیا ہے اور اس سلسلے سے بیس کتابوں کا اوّلین سِٹ سامنے آیا ہے ان میں سے بعض کتابوں کی رو نمائی کا کام بھی ان بین الاقوامی تقریبات میں کیا جائے گا ۔
جاوید دانش کاتعارف
نام: جاوید دانش
پیدایش: 6؍نومبر 1945ء بہ مقام کلکتہ
سکونت: کینیڈا
ای میل: jawaiddanish@hotmail.com
تصانیف:
(1)پرومیتھیس (2)آوارگی (3)کالے جسموں کی ریاضت (4)مزید آوارگی (5)ورثہ (6)ہجرت کے تماشے (7)ایک اور آوارگی (8)بھوپا (9)ایک باپ کی اولاد (10)انقلابِ زنج (11)چالیس بابا ایک چور
اعزاز و اکرام:
(1)نیو یارک ڈراما فیسٹیول ایوارڈ، بھارتیہ بھاشا پریشد، نیو یارک(1983ء)؛ (2)یوپی اردو اکادمی ایوارڈ، لکھنؤ(1984ء)؛ (3)نیو یارک ڈراما فیسٹیول ایوارڈ، نیو یارک(1985ء)؛ (4)مغربی بنگال اردو اکادمی ایوارڈ، کولکاتا(1989ء)؛ (5)رائٹر آف دی ایئر ایوارڈ، کینیڈا(1999ء)؛ (6)مغربی بنگال اردو اکادمی ایوارڈ، کولکاتا (2006ء)؛ (7)ساؤتھ ایشین تھیٹر فیسٹیول ایوارڈ، نیو جرسی (2007ء)؛ (8)شیرومنی ساہتیہ ایوارڈ، لکھنؤ (2007ء)؛ (9)ساؤتھ ایشین تھیٹر فیسٹیول ایوارڈ، نیو جرسی(2008ء)؛ (10)ساؤتھ ایشین تھیٹر فیسٹیول ایوارڈ، نیو جرسی(2012ء)؛ (11)دی سول آرٹس ایوارڈ، پیکرنگ، کینیڈا(2010ء)؛ (12)لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ فاراردو تھیٹر ان دی ویسٹ، کولکاتا(2014ء)؛ (13)اے.ایف.ایم.آئی. ایوارڈ آف ایکسیلنس، کینیڈا(2015ء)؛ (14)علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی الومنی لٹریری ایوارڈ، کینیڈا(2016ء)؛ (15) غالب ایوارڈ براے اردو ڈراما، نئی دہلی(2016ء)؛ (16) بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ (2016ء)

واحد نظیر: ایک تعارف
نام: عبدالواحد
قلمی نام: واحد نظیر
ولدیت: محمد بندھو بخش
پیدایش: 12؍اپریل1968ء
تعلیم: ایم.اے.، ایم.ایڈ.، پی ایچ.ڈی.
تصانیف:
(1)اسلحے، سکے اور ڈاک ٹکٹ میں اسلامیات (2003ء) (2)رونق اور کلامِ رونق(2007) (3)رضا شناسی(2008ء) (4)عرفانِ امین(2009ء) (5)تذکرۂ ملک العلما(2010ء) (۶)معارفِ قاضی فضلِ کریم(2010ء) (7)مکارمِ مسیحِ ملت الموسوم بہ نشترِ ذیشان (2011ء) (8)فیضانِ حضور اشرفی(2011ء) (9)ارمغانِ علامہ ارشد(2014ء) (10) ادب کُشا(2015ء) (11) کلیاتِ مظفر عظیم آبادی(2016ء)
اعزاز و انعام:
(1)حب الوطنی، نظم نویسی(1998ء)پہلا انعام (2)نعرہ نویسی مقابلہ(1998ء)پہلا انعام [دونوں مقابلے منسٹری آف کلچر، حکومتِ بنگال و بہار کے زیرِ اہتمام منعقدکیے گئے تھے۔]
(3)مغربی بنگال اردو اکادمی ایوارڈ(2003ء)پہلا انعام(4)بہار اردو اکادمی ایوارڈ(2003ء) پہلا انعام[ دونوں ایوارڈ کتاب’اسلحے،سکّے اور ڈاک ٹکٹ میں اسلامیات‘ پر دیے گئے۔]
(5)شاد عظیم آبادی ایوارڈ، نوشکتی نکیتن،شاد عظیم آبادی اسٹڈی سرکل، پٹنہ(2011ء)؛ (۶) امام احمدرضا ایوارڈ، برکاتِ رضا فاؤنڈیشن، ممبئی(2011ء)؛ (7)قاضی عبدالودود ایوارڈ ، بہار اردو اکادمی،پٹنہ(2011ء)؛ (8) شہیدِ ملّت ایوارڈ، براے نعتیہ شاعری، دربارِ ربّانی، جبل پور(2013ء)؛ (9)وقارِ سخن ایوارڈ، بزمِ شہداے ادب، متھرا، اتر پردیش(2013ء) (10) بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ(2016ء)

مزید دکھائیں

صفدر امام قادری

شعبۂ اردو، کالج آف کامرس، پٹنہ

متعلقہ

Back to top button
Close