دی ونگس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جشن جمہوریت کا شاندار انعقاد

معروف تعلیمی تنظیم ’دی ونگس فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے طلبہ وطالبات نے پورے جو ش وخروش کے ساتھ ’جشن جمہوریت‘ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد مبشر (اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی) نے کہا کہ ونگس فاؤنڈیشن نے ان غریب ونادار بچوں کو نئی روشنی اور نئی زندگی عطا کی ہے جو اسکول کا منہ دیکھنے سے بھی محروم تھے۔

ڈاکٹر نعمان قیصر نے ڈاکٹر انوارالحق کے جذبوں کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جس طرح سماج کے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے معصوم بچوں کو حروف شناسی، ابتدائی تعلیم اور قرآن سکھانے کا بیڑہ اٹھایا ہے وہ نہایت قابل تحسین اقدام ہے۔

ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی نے ونگس فاؤنڈیشن کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حوصلہ بخش آغاز ہے اور آئندہ ونگس فاؤنڈیشن کے منصوبے بہت پر عزم ہیں۔ ڈاکٹر محضر رضا نے کہا کہ اتنے کم وقت میں ونگس فاؤنڈیشن کی ایسی زبر دست کارکردگی اور فعالیت حیرت انگیز ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر انوارالحق، سارہ خیری اورشبانہ ناز کی پرخلوص قربانیاں قابل قدر ہیں۔

جشن جمہوریت کے اس رنگا رنگ پروگرام میں ایسے ننھے منے پھول جیسے بچوں نے حصہ لیا جن کی عمر دوسال سے آٹھ سال کے درمیان تھی۔ ان بچوں نے بہت ہی متاثر کن اور خوبصورت گروپ سانگ، گروپ ڈانس، تقریر اور نکڑ ناٹک پیش کئے۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض سارہ خیری نے بحسن وخوبی انجام دیئے اور کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے ونگس فاؤنڈیشن کے بانی صدر ڈاکٹر انوارالحق نے مستقبل کے لائحۂ عمل کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمارا مقصد صرف بے پروں کو پر عطا کرکے انھیں کھلی فضا میں اڑنے کے لئے چھوڑدینا ہے۔ جشن جمہوریت کے اس جذباتی لمحے میں مشہور یوٹیوب چینل جامعہ ورلڈ کے منتظم محمد تسلیم، شبانہ ناز، اقرافاروق، رومانہ سمی، شائستہ خان، اذہان الحق اور احسن الحق کے علاوہ سیکڑوں کی تعداد میں معصوم طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔