ہندوستان

سیکولرزم اورفسطائیت کا دام فریب

1980 میں بی جے پی کے قیام سے لے کر ابھی تک مسلمانوں کی تمام تنظیمیں، ادارے اوردانشورہر انتخاب کے موقع پر یہ اعلان کرتے رہے ہیں کہ اس سیکولر امید وار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں جو بی جے پی کو ہرانے کی صلاحیت رکھتاہو،گزشتہ 36؍سال سے مسلمانوں کی اس روش میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔بی جے پی کو ہرانے کے اس جنون میں نہ تو مسلمانوں نے کبھی یہ دیکھاکہ وہ کس پارٹی کو جتارہے ہیں نہ یہ دیکھاکہ جیتنے والے شخص کا کردار کیاہے اوراس سے مسلمانوں کے تعلقات کی نوعیت کیاہے؟نہ ہی کبھی یہ تجزیہ کرنے کی زحمت کی کہ اس سے مسلمانوں کو فائدہ کیاہوگا؟۔ابتداء میں تو یہ طریقہ کار بہت کارآمد ثابت ہوااوربی جے پی کو پے درپے شکست کا سامناہوالیکن آہستہ آہست بی جے پی نے بھی یہ سمجھ لیاکہ مسلم ووٹوں کو درکنارکرکے اس مخالفت کے باوجود انتخاب کیسے جیتے جاسکتے ہیں۔آج اس کا نتیجہ صاف ظاہر ہے ۔ بی جے پی کو ہراتے ہراتے آخر کار مسلمان خود ہار چکے ہیں۔ہر انتخاب کے موقع پر مسلمانوں کی جانب سے یہ شور اٹھتاہے کہ فسطائی قوتوں کو ہرانے کے لیے سیکولر امیدواروں کو ووٹ دیجیے ،اب یہ سیکولر امیدوار کس نقطہ نظر سے سیکولر ہے ،اس کی وضاحت کبھی نہیں کی جاتی۔سیکولر ہونے کے لیے بس اتناکافی ہوتاہے کہ امیدوار بی جے پی یاشیوسیناجیسی پارٹی کا نہ ہو۔یعنی اگر سنجے نروپم شیوسیناچھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوجائے تو وہ سیکولر ہوجاتے ہیں،اسی طرح ساکشی مہاراج جو بابری مسجد کے ملبے سے اینٹیں اٹھاکر لگائے اوراپنے بیت الخلاء میں نصب کردی،وہ جیسے ہی سماج وادی پارٹی میں شریک ہوئے ،اچانک سیکولر ہوگئے اورراجیہ سبھاتک پہنچ گئے ۔پارلیمنٹ کی رکنیت ختم ہوتے ہی وہ پھر بی جے پی میں چلے گئے اورلوک سبھاکا ٹکٹ لے کر منتخب بھی ہوگئے ۔ایک زمانے میں سیکولر بنے یہی مہاراج مسلمانوں کی شان میں آج کل کس طرح رطب اللسان ہیں،یہ سب جانتے ہیں۔بابری مسجد کو شہید کرانے والے کلیان سنگھ جب بی جے پی سے علیحدہ ہوئے اورراشٹریہ کرانتی پارٹی بنائی تو مسلمانوں نے انھیں بھی معاف کردیااب ایک بار پھر وہ بی جے پی میں ہیں ۔یہ واقعات صرف انفرادی سطح پر پیش نہیں آئے بلکہ پارٹیوں کی سطح پر بھی یہ کھیل بار بار کھیلاگیا۔ایسے میں بڑاسوال یہ پیداہوتاہے کہ فسطائیت اورسیکولرزم کیامعنی رکھتے ہیں؟اورہمارے ملک کی سیاست میں ان لفظوں کی عملی حیثیت کیاہے؟۔
سیکولرزم یونانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں مذہب کو ریاستی امور سے علیحدہ رکھنا،اس اصطلاح کا استعمال سیاست میں سب سے پہلے 1851میں ایک برطانوی مفکر جارج جیکپ نے کیاتھا۔اس وقت اس لفظ سے جارج جیکپ کی مراد آزادانہ فکر تھی جس کے تحت وہ سماجی وسیاسی معاملات کو مذہب سے الگ رکھناچاہتے تھے ،ان کا کہناتھاکہ سیکولرزم کا مطلب مذہب کا انکار نہیں ہے لیکن حکومت کانظریاتی طور پر مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوناچاہیے ۔گویامذہب اورسیاست کو علیحدہ علیحدہ رکھناچاہیے۔اس کے دوسرے معنی یہ بھی ہے کہ مذہب کو ایک شخص کا انفرادی معاملہ سمجھاجائے اورسماجی واجتماعی امور میں اس کی کوئی مداخلت نہ ہو۔ہمارے ملک میں آزادی کے بعد حکمرانی کے لیے اسی نظریے کو دستوری طور پر ماناگیا،حالانکہ آزادی کے وقت دستور میں اس لفظ کا ذکر نہیں تھا لیکن دستور کے ابتدائیہ میں جو بیان درج تھا وہ اسی جانب اشارہ کرتاتھاجس میں کہاگیاتھاکہ ہم انڈیاکے لوگ آزادی ،انصاف،برابری اوربھائی چارے کی بنیادپر ایک خود مختار جمہوری ریاست کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس دستور کو اپناتے ہیں۔اس ابتدائیہ میں خود مختاری اورجمہوریت کو ملک کی اساس قراردیاگیاتھا۔سیکولرز م کا لفظ موجود نہیں تھا۔لیکن 1976میں اندراگاندھی نے42؍ویں دستوری ترمیم کے تحت لفظ سیکولرزم کا اضافہ کیا۔ہمارے ملک میں بھی سیکولرجمہوریہ ہونے کے ناطے یہ سمجھاجاتاہے کہ ریاست کا اپناکوئی مذہب نہیں ہوگالیکن ریاست تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ان مذاہب کی ترویج اورتبلیغ کی اجازت دے گی۔حالانکہ دستور ہند میں اس کی وضاحت کہیں نہیں ہے کہ حکومت کا اپناکوئی مذہب نہیں ہوگا،ایساصرف سمجھاجاتاہے۔اسی طرح دستور ہند میں لفظ سیکولرزم کی کوئی صراحت نہیں کی گئی ہے ۔البتہ دستور میں مختلف مقامات پر اس قسم کی صراحتیں موجود ہیں جو ہندومذہب کو فوقیت دیتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔مثلاریزرویشن کے معاملے دستور کی دفعہ 341صاف طور پر اسے ہندوؤں کے لیے مخصوص کردیتی ہے ۔اس طرح ہماراملک سیکولر کہلائے جانے کے باوجود سرکار میں ہندومذہب کو برداشت کرلینے کی گنجائش رکھتاہے۔سیکولرزم کے برعکس فسطائیت ایک دوسری اصطلاح ہے۔فسطائیت یافاشزم کا مطلب ہے کہ کسی سرکاری یاسماجی ادارے کا اپنے نظریات کو جابرانہ طریقے سے سماج پر تھوپنا۔بالفاظ دیگرایسی سیاسی فلاسفی،تحریک یاحکومت جو بزعم خود اپنے آپ کو قوم سمجھتے ہوئے آمرانہ رویہ اختیارکرے اورمخالف آوازوں کو کچل ڈالے۔یہ ایک اطالوی لفظ ہے جو 1919میں اٹلی کے ڈکٹیٹرمسولینی اختیار کیا تھا۔ان کی پارٹی کا نام ہی (فاسی)تھا،اسی لفظ سے فاشزم نکلا ہے۔ہندی میں اسے فاسی واداوراردومیں فسطائیت کہتے ہیں۔ہندوستان میں عام طورپر آرایس ایس کو ایک فسطائی قوت ماناجاتارہاہے۔اس کی وجہ محض یہ ہے کہ آرایس ایس نے ہندوتوکو ہی قومی نظریہ ماناہے اورملک میں اس کو رائج کرنے کے لیے ہر قسم کے حربے اختیار کرنے کو روارکھاہے۔ہر چند کہ وہ خود کو ایک سماجی اورثقافتی تنظیم کہتے ہیں لیکن اکثر فسطائی تنظیمیں بھی خود کوسماجی تنظیم ہی کہتی ہیں۔
ان دونوں اصطلاحوں اوران کی ابتداء کو سمجھ لینے کے بعد یہ تجزیہ کرناضروری ہے کہ جن پارٹیوں کو ہم سیکولرپارٹی کہتے ہیں ان کا آرایس ایس کی فسطائیت سے کس حد تک اختلاف ہے اورکس حد تک اتفاق ہے۔کانگریس ملک کی سب سے بڑی پارٹی رہی ہے اورتقریبا60؍سال حکمراں بھی رہی ہے ۔ملک میں سیکولرزم اورسماج واد کی سب سے بڑی دعویدار بھی رہی ہے۔اس نے ہمیشہ اپنے آپ کو آرایس ایس کا مخالف قراردیاہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ اتنے لمبے عرصے حکمرانی کے باوجود یہ پارٹی آرایس ایس کو کوئی نقصان نہیں پہنچاپائی بلکہ اس کے زیرحکومت آرایس ایس روزانہ ترقی کرتارہا،اس کی شاخوں کی تعداد بھی بڑھتی رہی،اس کے ممبران کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتارہا،اس کے اثاثے بھی بڑھتے رہے اوراس کے نظریات کی ترویج واشاعت بھی متأثر کن حد تک جاری رہی۔حتیٰ کہ ملک کی انتظامیہ ،مقننہ اورفوج تک پر اس کے اثرات حاوی ہوگئے ۔لیکن کانگریس نے نہ صرف اس سب کو گواراکیابلکہ خود اس جماعت آرایس ایس سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کانگریس میں موجود رہی جو پارٹی کی بنیادی پالیسی پر بھی اثر انداز ہوتی رہی۔جن سنگھ اوربی جے پی سے تربیت حاصل کرنے والے سینکڑوں ذہن کانگریس کے منصب قیادت پر آزادی سے پہلے بھی متمکن تھے،آزادی کے بعد بھی رہے اورآج بھی ہیں۔یہ بھی واضح ہے کہ اس پورے عرصے میں کانگریس پارٹی نے ہی غیر اعلان شدہ طور پر آرایس ایس کی ہر خواہش کی تکمیل کی ہے اورملک کی اقلیتوں کے مذہبی امور میں مداخلت کی بار بار کوشش ان اقلیتوں کے خلاف ہزاروں فسادات ،ان کی معاشی ناطقہ بندی ،ان کے کاروباروں کو اجاڑنا،ان کی بڑی بستیوں کو تہس نہس کرنا،ان کی زبان،تہذیب،تمدن ،روایات اورمذہب ہر ایک کو قابل نفرت اورقابل تنقید بناکر عوام کے سامنے پیش کرنا،یہ سب ہمیشہ آرایس ایس کی خواہش رہی جس کی تکمیل اپنے دور حکومت میں کانگریس کرتی رہی،لیکن اپنے ان تمام کارناموں کے باوجود یہ پارٹی خود کو سیکولرہی کہتی رہی۔لیکن تجزیہ کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ کوئی فسطائی قوت اگر بزعم خود سیکولرزم کا دعویٰ کرے اوراس کا عمل فسطائی ہو تو کیاہم اسے سیکولرقراردے سکتے ہیں۔چند سال قبل دلی میں چند اہم سیاسی لوگوں کے بیچ جب اس سوال پر گھنٹوں ایک بحث ہوئی کہ کانگریس فسطائی ہے یانہیں،تب بھی مسلمانوں کے اس دانشور طبقے نے کانگریس کو فسطائی ماننے سے انکار کردیاتھالیکن بہت شدومد اوردلائل کے بعدآخر کار اس نشست میں یہ اعتراف ضرور کیاگیاکہ کانگریس ایک موقع پرست فرقہ وارانہ پارٹی ہے ۔یہی بات سب سے زیادہ مضحکہ خیز ہے۔موقع پرستی اورفرقہ پرستی کو اگر ایک ساتھ جمع کردیں تو اس کا حاصل شدہ فسطائیت ہی کہلاتاہے ۔گویا60؍ سال کانگریس کے ہاتھوں زخم کھانے کے بعد بھی ملک کی سب سے بڑی اقلیت کانگریس کو فسطائی ماننے پر تیار نہیں ہے ،البتہ فرقہ پرست مانناشروع کرچکی ہے۔یہ بھی غنیمت ہے۔اب رہادیگر پارٹیوں کا سوال،تو کمیونسٹ پارٹیوں کے سواکوئی بھی پارٹی نظریاتی سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ تقریباتمام ہی سیاسی پارٹیاں موقع پرست ہیں جن کا نصب العین کسی بھی صورت میں حصول اقتدار ہے ۔ایسے میں ان جماعتوں کو کوئی فرق نہیں پڑتاکہ کس نظریے سے الحاق کرکے وہ حکومت تک جاسکتی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ رام ولاس پاسوان جیسالیڈر جو خود کو سیکولرزم کا سب سے بڑادعویدار کہتاہے محض اپنی پارٹی کو اقتدار میں رکھنے کی خاطر کبھی بی جے پی کے ساتھ آرایس ایس کاحلیف بن جانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتا۔ آج بھی وہ نریندر مودی سرکار کے حلیف ہیں۔2002میں گجرات فسادات کے بعد بہار میں پٹنہ اوراس کے اطراف تک محدود ان کی پارٹی گجرات میں بھی الیکشن لڑ رہی تھی حالانکہ گجرات میں اس پارٹی کاذرہ برابر بھی کوئی اثر نہیں تھا لیکن سیکولرزم کے نام پر مسلمانوں کے ووٹ تقسیم کرکے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے ایک بڑی رقم کے عوض یہ حضرت بھی میدان انتخاب میں تھے ،مجھے یاد ہے گجرات کی ناپااسمبلی سیٹ پر وہاں کے ایک مشہور عالم دین کو جب پاسوان صاحب نے اپنی پارٹی کا ٹکٹ اورپانچ لاکھ روپیے کی پیشکش کی تو ان غیور مولانانے جواب دیاتھاکہ پانچ لاکھ روپیے میں اپنی ذاتی جیب سے آپ کو پیش کردوں گا بشرطیکہ آپ اس حلقے میں کسی مسلمان کو ٹکٹ نہ دیں۔اس قسم کے واقعات سے اندازہ ہوتاہے کہ سیکولرزم کا دم بھرنے والی ایسی تمام ہی جماعتیں کسی نہ کسی طور پر آرایس ایس کے فسطائی نظریے کو طاقت پہنچاتی رہی ہیں۔اس ضمن میں کوئی ایسی سیاسی پارٹی نہیں ہے جس کا شمار نہ کیاجاسکے،پھر وہ چاہے بی ایس پی،ایس پی،جے ڈی یو،آر جے ڈی،نیشلسٹ پارٹی،ترنمول کانگریس وغیرہم،یہ سب پارٹیاں کسی نہ کسی موقعے پر یاتو براہ راست بی جے پی کے ساتھ حکومت میں شریک رہی ہیں یا بالواسطہ طور پر مسلم علاقوں میں اپنے امید وار کھڑے کرکے بی جے پی کو طاقت پہنچاتی رہی ہے،اور اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ مستقبل میں وہ آرایس ایس اوربی جے پی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھیں گی ۔نہ ہی مسلمانوں کے پاس ایساکوئی طریقہ کار یاطاقت ہے کہ وہ ان پارٹیوں سے وعدہ لے سکے کہ وہ مستقبل میں دوبارہ کبھی بی جے پی کے ساتھ معاونت نہیں کریں گی۔یہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ ایک ہی حلقے میں سیکولر سیاسی پارٹیوں کے تو متعدد امیدوار کھڑے ہوتے ہیں اورفسطائی طاقت کا ایک ہی امیدوار ہوتاہے۔ایسے میں نتیجہ سب کے سامنے ہوتاہے لیکن فسطائیت کو ہرانے کی سفارش کرنے والے دانشوروں نے کبھی ان سیاسی پارٹیوں کو مجبور نہیں کیاکہ وہ ایک مشترکہ سیکولرامیدوار کھڑاکریں،یعنی اس ملک میں کسی کے اندر یہ طاقت نہیں ہے کہ وہ اترپردیش جیسی ریاست میں سماج وادی پارٹی اوربی ایس پی جیسی حکومت کی مضبوط دعویدار پارٹیوں کو مجبور کرسکیں کہ وہ آپس میں متحد ہوکر ایک امیدوار کھڑاکریں۔ظاہر ہے کہ دونوں پارٹیاں دومختلف ذاتوں کے رائے دہندگان کی بنیاد پر الیکشن لڑتی ہیں اورمسلم ووٹوں کی مدد سے اقتدار کے گلیارے تک پہنچناچاہتی ہیں لیکن مسلمانوں میں بادشاہ گر ہونے کے باوجود یہ ہمت کبھی نہ ہوسکی کہ وہ ان پارٹیوں کو متحد کرسکے۔نہ ہی مسلمانوں میں یہ جرأت ہوسکی کہ وہ ملک کی سیکولر قیادت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر یہ کہہ سکیں کہ فسطائی قوتوں کو ہرانااورسیکولرزم کو جتاناتنہامسلمانوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ملک کے دیگر طبقات اورخود سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔خصوصاوہ جماعتیں جو فسطائیت کا ڈراؤناخواب بیچ کر اپنے لیے اقتدار حاصل کرناچاہتی ہیں ،یہ خود ان کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ خود فسطائیت کو ہرانے کی جی توڑ کوشش کریں لیکن بدقسمتی سے یہ ذمہ داری بلاشرکت غیر ے مسلمانوں کے کندھے پر ڈال دی گئی ہے اورمسلمانوں نے بھی اسے بلاسوچے سمجھے قبول کرلیاہے ۔اب حال یہ ہے کہ یہ ناتواں مسلمان فسطائیت کو ہرانے کا فرض منصبی بھی اداکرتاہے اوراپنے ووٹوں کو منتشر کردینے کا الزام بھی سہتاہے ۔سیکولرسٹ مزے سے اقتدار میں رہتے ہیں اورآرایس ایس کو ایک سماجی تنظیم کی حیثیت سے سرکاری خزانے سے بے تحاشہ گرانٹ دے کر مضبوط بھی کرتے رہتے ہیں اورمسلمان ووٹ دے کر اسی سیاسی جماعت کی بے اعتنائی بلکہ ظلم بھی سہتارہتاہے ۔ان حالات کا سیدھاتقاضایہ ہے کہ مسلمان فسطائیت اورسیکولرزم جیسی اصطلاحوں کے دام فریب سے باہر نکلیں اوراپنی توجہ محض ایک نکاتی ایجنڈہ پر مرکوز رکھیں کہ وہ خود اپنے لیے اقتدار کیسے حاصل کرسکتے ہیں۔ہمیں ایک ایسے سیاسی پریشر گروپ کی ضرورت ہے جو ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے مسلمانوں کی جانب سے گفت وشنید کرکے ان کے لیے نمائندگی بھی حاصل کرسکے اور ان کے حقوق کی بازیافت بھی کرسکے۔جب تک ہم اپنے ووٹ کو اپنے اقتدار کے لیے خود استعمال نہیں کریں گے تب تک ملک کی سیاسی جماعتیں بھی ہمارے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہوں گی۔گزشتہ 36؍سالہ فسطائی طاقتوں کو ہرانے کی ہماری سیاسی حکمت عملی بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،نہ صرف یہ کہ فسطائی قوتیں نہیں ہاریں بلکہ سیکولر قوتیں بھی ہمیں یکہ وتنہاچھوڑ کر فسطائیت کی گود میں جابیٹھیں۔ایسے میں ہمیں اپناراستہ خود تلاش کرناہوگا۔
(مضمون نگار مسلم پولیٹیکل کونسل کے صدر ہیں )

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


مزید دکھائیں

تسلیم احمد رحمانی

ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی معروف قلم کار اور مسلم پولیٹیکل کونسل کے صدر ہیں۔

متعلقہ

Close