ذکر ہے کون و مکاں میں آمدِ رمضان کا!

احمد علی برقیؔ اعظمی

خوانِ نعمت بچھ گیا اللہ کے فیضان کا

ذکر ہے کون و مکاں میں آمدِ رمضان کا

دائرہ خود بھی بڑھائیں اپنے دسترخوان کا

خوانِ نعمت باز ہے سب کے لیے رحمٰن کا

کیجئے بے خوف حقِ بندگی اپنا ادا

بند ہے فضلِ خدا سے ناطقہ شیطان کا

خدمتِ خلقِ خدا بھی افضل الاشغال ہے

امتحاں اس ماہ میں ہے آپ کے ایمان کا

دیتی ہیں آیات جس کی دعوتِ فکر و عمل

کیجئے دل سے سمجھ کر وِرد اُس قرآن کا

نعتِ محبوبِ خدا ﷺہے ایک روحانی غذا

کیجئے اس میں تتبع حضرتِ حسان کا

کیجئے اپنے عمل کا آپ پہلے احتساب

دیکھئے اعجاز برقیؔ پھر خدا کی شان کا

1 تبصرہ
  1. Ahmad Ali Barqi Azmi کہتے ہیں

    آپ کی برقی نوازی کا نہایت شکریہ
    دے جزائے خیر اس کی آپ کو پروردگار
    سپاسگزار
    برقی اعظمی

تبصرے بند ہیں۔