بزم کیف کی جانب سے محفل تشکر کا انعقاد
کیف عظیم آبادی میموریل ٹرسٹ کی طرف سے ٹرسٹ کے صدر دفتر نیوعظیم آباد کالونی پٹنہ میں آج (11 فروری) محفل تشکر کا انعقاد کیا گیا۔ ٹرسٹ کے چیئرمین محمد آصف نواز نے گزشتہ دنوں شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں دو روزہ کیف سمینار اور مشاعرہ کے کامیاب انعقاد پر صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر جاوید حیات اور پروگرام کوآرڈینٹر ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی سمیت تمام ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی محنت کی بدولت ہی اتنے کامیاب سمینار اور مشاعرہ کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ واضح رہے کہ اس سمینار میں ملک کے ممتاز ناقدین نے شرکت کی تھی اور کیف عظیم آبادی کی شاعری پر گراں قدر مقالات پیش کیے تھے۔
اس موقع پر آصف نواز نے اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے اردو ڈائرکٹوریٹ میں کیف عظیم آبادی پر ہر سال سمینار کرانے کی درخواست منظور کی گئی ۔ ٹرسٹ کے چیئرمین نے سمینار اور مشاعرہ میں مالی معاونت کے لیے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور بہار اردو اکادمی کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے ان اخبارات کے مدیران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیف پر خصوصی گوشے شائع کیے۔انہوں نے بے باک صحافی اشرف استھانوی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی کتاب ’’صدائے جرس‘‘ میں کیف عظیم آبادی کی عظمت کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر کیف عظیم آبادی کی دختر اور نوجوان ناقد ڈاکٹر زرنگار یاسمین نے بھی کیف کی برسی پرانہیں ان کے شایان شان یاد کیے جانے پر مسرت اور اطمیان کا اظہار کیا۔ پروگرام میں مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر اعجاز علی ارشد، اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی، معروف ناقد، افسانہ نگار اور شاعر ڈاکٹر قاسم خورشید، نالندہ اوپن یونیورسٹی کے رابطہ افسراور ٹرسٹ کے سرپرست پروفیسر اسرائیل رضا، شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر جاوید حیات، معروف ناقد ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی، معروف صحافی معروف شاعر شمیم قاسمی، شمشاد جہاں(بیگم پروفیسر اعجاز علی ارشد)شمع انجم،،محمد منہاج، محمد اسلم،افشاں بانو اور نعمت شمع شریک تھیں۔ ڈاکٹر اسرائیل رضا کے خصوصی شکریہ کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔
تبصرے بند ہیں۔