حجاب، چادر اور پردہ پر اعتراض: ذمہ دار کون؟

مسعود جاوید

6 ؍فروری 2019 کو سلم ڈوگ ملیونیر کی دسویں  سالگرہ منانے کے لیے ممبئی میں ایک جشن کا انعقاد ہوا تها۔ اوسکار اور کئی قابلِ قدر ایوارڈ سے سرفراز عالمی شہرت یافتہ شہنشاہِ موسیقی اے آر رحمان نے اس موقع پر لی گئی ایک تصویر جس میں مشہور صنعتکار مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی کے ساتھ اپنی تینوں صاحبزادیوں خدیجہ، رحیمہ اور سائرہ کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا:

"میرے گهر کی انمول خواتین”۔

#freedom_to_choose

تصویر میں ایک بیٹی نے سر پر دوپٹہ رکها ہے دوسری نے سر پر دوپٹہ نہیں رکها ہوا ہے لیکن تیسری یعنی خدیجہ نے مکمل پردہ یعنی نقاب پہنی ہے چہرہ بهی کهلا نہیں ہے۔ خدیجہ  نے اپنے والد کے ساتھ اسٹیج شیئر کرتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ ان کے والد الله رکها رحمان  ایک نہایت ہی منکسرالمزاج محبت کرنے والے انسان ہیں اور محمد صل اللہ علیہ و سلم اور ان کی حیات طیبہ ان کے آئیڈیل اور چراغ راہ ہیں۔

تاہم بعض حاضرین جلسہ کو یہ دیکھ کر صدمہ پہنچا کہ ایک ماڈرن دنیا، شہرت و امارت اور  گلیمر و آزاد خیالی کے لئے مشہور انڈسٹری سے وابستہ کامیاب ترین فنکار امیر ترین شخص کی بیٹی خدیجہ مکمل حجاب میں اپنے والد کے ساتھ اسٹیج شیئر کر رہی ہے۔ اس جشن کی تصویریں وائرل ہوئیں اور سوشل میڈیا پر ایک طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا۔ اے آر رحمان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اپنی بیٹی پر حجاب کے لئے جبر کیا ہے فرسودہ خیالات کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے اور یہ کہ پوری دنیا میں اپنا اعلیٰ مقام بنانے والے مہذب روشن خیال اور تعلیم یافتہ لوگوں کے درمیان رہنے والے اے آر رحمان اس قدر دقیانوسی تنگ نظر اور قدامت پسند ہیں۔ اس کا منہ توڑ جواب انہوں نےٹویٹر پردیا کہ میری بیٹیاں اپنی پسند کا لباس اختیار کرنےکے لیے آزاد ہیں۔ #righttochoose#
جب ان کو ٹرول کیا جانے لگا تو خود خدیجہ نے دفاع کیا کہ میں ایک عاقلہ بالغہ لڑکی ہوں اور میں نے اپنی مرضی سے اپنی پسند کا لباس اختیار کیا ہے۔ میں اس چوائس کا احترام  اور اسے دل و جان سے قبول کرتی ہوں۔ اس کا میرے والد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ کسی کو صحیح صورتحال جانے بغیر فیصلہ صادر نہیں کرنا چاہیے۔

ان کی تین بیٹیوں کے تین طرح کے مہذب لباس موڈیسٹ اور ڈیسنٹ ڈریس کی تصویر پوسٹ کر کے اے آر رحمان صاحب نے ایک اچها میسیج دینا چاہا کہ بحیثیت مہذب شخص اور ذمہ دار گارجین وہ اپنے بچوں کی فرد کی آزادی بهی مسلوب نہیں کرتے لیکن بحیثیت مسلمان ان کی تربیت ایسی ہوئی ہے کہ ان لڑکیوں نے اپنے لئے مہذب حیادار لباس پسند کیا اور اسے پہن کر سیلیبریٹیز کے جشن میں جانے میں کسی قسم کی شرمندگی یا کمتری کا احساس ان کے اندر نہیں ہے۔ ٹویٹر پر جہاں اے آر رحمان اور ان کی بیٹی کو ٹرول کیا گیا وہیں بہت سارے مسلم اور غیر مسلم نے خدیجہ کے جواب کو سراہا اور اس پر فخر کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کی کہ حیادار لباس اپنانا شر نہیں خیر کا سبب بنتا ہے۔

بادی النظر میں یہ ایک عام سا واقعہ ہے لیکن اگر اس کی گہرائی میں جائیں تو معلوم ہوگا کہ ایمان محض زبان سے اقرار کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ دل سے ماننے کا نام ہے۔ یعنی یہ دونوں عمل لازم اور ملزوم ہیں۔ تو جن لوگوں نے اسلام کو قبول کیا انہوں نے مکمل اسلام کو قبول کیا۔ اپنی سہولت کے حساب سے بعض تعلیمات کو ماننا اور بعض کو نہ ماننے سے انسان مومن نہیں ہوتا۔ حجاب اور پردہ کا تعلق گرچہ عقائد سے نہیں ہے مگر پهر بهی پردہ کرنے حجاب خمار چادر اور حیادار لباس پہننے کا حکم ہے اس لئے اس کے استعمال میں شرمندگی محسوس نہیں ہونی چاہئے اور دوسرے وہ لوگ جو اپنے آپ کو روشن خیال سمجھتے ہیں ان کو بهی حجاب پر تنقید سے بچنا چاہئے یہ ادنیٰ درجہ ہے ایمان کا۔ ہم لاپرواہی اور کاہلی کی وجہ سے نماز ادا نہیں کرتے روزہ نہیں رکهتے تو گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں مگر پهر بهی مسلمان ہیں اور ہم اس گناہ پر نادم ہوتے ہیں۔ یہ ادنیٰ درجہ ہے ایمان کا۔ مگر ہم نماز کا مذاق اڑائیں نعوذبااللہ تو پهر کیسی مسلمانیت ؟

در اصل مسلمانوں کے بہت سے مسائل شعائر عادات اور ثقافت کو لے کر بعض متعصب طبقے ہر دور میں متحرک رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں بعض مخصوص گروہ مسلمانوں کی اصلاح کے لیے زیادہ ہی پیش پیش ہے۔ لیکن افسوس اس وقت ہوتا ہے جب دیکهتا ہوں کہ بہت سارے "مسلم ایلیٹ دانشور روشن خیال سرکاری عہدے پر فائز شیکسپیئرین انگلش اسپیکنگ بڑے بزنس مین بهی وہی راگ الاپتے ہیں جسے غیر مسلم متعصب گروہوں نے چهیڑ رکها ہے۔ اس کی وجہ یا تو یہ ہے مسلمانوں کا یہ طبقہ اسلامی تعلیمات سے بے خبر ہے یا یہ کہ اکثریتی طبقہ کے ان متعصب یا لبرل گروہوں کی بے جا خوشنودی حاصل کرنے کے خواہاں ہے۔

مسلمانوں کا یہ وہ طبقہ ہے جو ویسے تو اپنے آپ کو آزاد کہتا ہے مگر درحقیقت وہ ذہنی غلام ہوتا ہے اور احساس کمتری کی بناء پر متعصب لوگوں کی دی ہوئی زبان بولتا ہے۔ مسلمانوں کا یہ طبقہ بهی اس پروپیگنڈے کا نہ صرف شکار ہوتا ہے بلکہ اس کی ترویج و اشاعت میں معاون ہوتا ہے کہ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کا سبب مسلم خواتین کا پردہ اور مردوں کا دین سے لگاؤ اور دینی شعائر کو اپنانا ہے۔ رائے عامہ ان ایوانوں میں بنتی ہے مگر افسوس ہمارا روشن خیال دانشور طبقہ جب خود یہ سمجهتا ہے کہ مسلمانوں کی پسماندگی کی اصل وجہ دین ہے تو وہ ہماری نمائندگی ان ایوانوں میں کیا کرے گا۔ اسے تو یہ بهی پتہ نہیں کہ کسی مذہب کے شعائر اور گنگا جمنی تہذیب میں حد فاصل بهی ہے۔

بد قسمتی سے مسلمانوں کا یہی طبقہ رائے عامہ بنائے جانے والی گلیاروں، میڈیا، سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری سیمینار و سمپوزیم ادبی سماجی اور سیاسی محفلوں میں موجود ہوتا ہے۔ یہی وہ طبقہ ہے جو اسلام اسلامی تہذیب اور اسلامی تعلیمات کی صحیح صورتحال سے برادران وطن کو روشناس کرانے کی بجائے ان کی غلط فہمیوں یا دانستہ الزام تراشیوں کی ہاں میں ہاں ملاتا ہے۔ سو سال قبل کے مفروضے یا حقائق – آزادئ نسواں، پردہ، تعلیم نسواں، انگریزی زبان کے خلاف فتویٰ وغیرہ کا گهسا پٹا ریکارڈ سنتے رہتا ہے بجاتے رہتا ہے اور سناتے رہتا ہے۔ مسلم ایشوز پر نئی ریسرچ نئے اعداد و شمار  جاننے کی کبهی زحمت نہیں کرتا۔
یہ طبقہ اے آر رحمان اور خدیجہ کی طرح دفاع کیا کرے گا اس کے لئے تو اس کا مسلمان نام بهی باعث شرمندگی ہوتا ہے اس کا بس چلے تو اسے کهرچ کر ہٹا دے۔ اس کا رویہ ہر وقت معذرت خواہانہ ہوتا ہے۔

ایک بار ایک مسلم لیکچرار صاحبہ کی ایک ٹی وی ڈیبیٹ میں دو پردہ نشیں خواتین نے خوب سرزنش کی۔ اس لئے کہ پروفیسر صاحبہ یہ کہ بیٹهییں کہ جاہل اور کم پڑهی لکهی عورتیں ہی نقاب اور چادر کا استعمال کرتی ہیں۔ ماشاءاللہ وہ دونوں خواتین سائنس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے سرفراز تهیں۔

ان ہی وجوہات کی وجہ سے آج بهی رائے عامہ  مسلمانوں کے تعلق سے  پرسیپشن اور امیج وہی ہے جو سو سال قبل کے مسلمانوں کے بارے میں تها۔

جبکہ نئی صورتحال بالکل مختلف ہے۔ کئی سرکاری اور دیگر غیر سرکاری این جی اوز کی رپورٹ بتاتی ہے کہ مسلم لڑکیوں میں لڑکوں کی بہ نسبت تعلیمی رجحان میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ ان کا ڈراپ آؤٹ کیس کی شرح مسلم بچوں کی بہ نسبت بہت کم ہے۔ جن دینی طبقہ کو انگریزی زبان اور عصری تعلیم کے خلاف آج بهی لعن طعن کیا جاتا ہے ان کے بچے انگلش میڈیم سے عصری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خواہ مدرسے کے معلمین ہوں یا مساجد کے امام ہر شخص اسی تگ و دو میں ہے کہ ان کی استطاعت کے مطابق فیس والے اچهے اسکول میں ان کے بچے اور بچیوں کا داخلہ ہو جائے۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


1 تبصرہ
  1. asna کہتے ہیں

    Asslamaualykum
    Bahot acha sawal hai?
    Ham khud muslims iske zimmedaar hain jo parda karne pe faqr nahi mahsoos karti hain.
    Jo Allah ki terf se di gai dress code pe faqr nahi karti.
    ye Allah ka hukam hai isme choice nahi hai.
    Be hijabi khawateen ki wageh se hijabi khawateen pe log baten banate hain.
    Maghrib ki khawateen aaj hijab ke ladrahi hai aur maghrib ki khawateen hojab nikla kar apne aapku secular batane ki fikr me lagai huvi hain.
    Kya logon ki khoshi Allah ke hukum se zyada maane rakhti hai?

    ham surf hikamat khate huve haq ku na khasate hainna sin sakte hain.
    Allah se sab hai ke ham sab muslims ku munafiqasat se baachaye aur eeman wali zindagi de.

تبصرے بند ہیں۔