خواتین میں اسلامی تحریک
ابوالاعلی سید سبحانی
’خواتین میں اسلامی تحریک‘ اپنے موضوع پر متفرق مگر بہت ہی فکر انگیز اور قیمتی مضامین کا مجموعہ ہے۔ اس کتاب میں خواتین کے مطلوبہ رول اور ان کے مقام ومرتبہ سے متعلق رائج مختلف سماجی وفقہی روایات اور جدید وقدیم زمانے کے انحرافات کے برخلاف قرآن وسنت کی روشنی میں صحیح اسلامی موقف کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، چنانچہ مصنف بہت ہی جرأتمندی اور مضبوطی کے ساتھ اپنے موقف کو پیش کرتے ہیں، وہ نہ تو ’’روایات‘‘ سے خوف کھاتے ہیں اور نہ ’’انحرافات‘‘ سے مرعوب ہوتے ہیں۔
یہ کتاب ایک مشن کا حصہ ہے،خواتین کوسماج میں ان کا حقیقی مقام دلانے کا مشن، وہ مقام جو اللہ رب العزت نے خواتین کے لیے اوّل روز سے طے کردیا تھا اور جس مقام پر عہدنبوی کی مسلم خواتین پوری اسلامی شان کے ساتھ فائز نظر آتی ہیں۔ جہاں خواتین کے لیے ’’سب کچھ ہے، حقوق بھی ہیں اور تحفظ بھی، احترام بھی ہے اور آزادی بھی، مجبوریوں کا لحاظ بھی ہے اور بھرپور مواقع بھی‘‘۔ (مقدمہ کتاب، صفحہ۹؍)
ہدایت پبلشرز کے قیام کے اوّل روز سے یہ بات پیش نظر رہی ہے کہ موجودہ دنیا اور اس کے مسائل کا گہرائی کے ساتھ تجزیہ کیا جائے، اسلام پر ہونے والے اعتراضات کا معروضی جائزہ لیا جائے، قرآن وسنت کی تعلیمات کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کیا جائے، اور موجودہ حالات کے تناظر میں قرآن وسنت کی رہنمائی کو استدلال کی مضبوطی اور بیان کی پختگی کے ساتھ منظرعام پر لایا جائے۔
محترمی ومکرمی جناب سید سعادت اللہ حسینی کے مضامین کا یہ مجموعہ اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔ متعدد نئے مضامین اور کافی کچھ حذف وترمیم کے ساتھ یہ مجموعہ ایک بار پھر نذرِ قارئین ہے۔
امید کی جاتی ہے کہ یہ کتاب خواتین سے متعلق اسلام کے موقف کی بہترین نمائندگی کرے گی، اور کم ازکم ہندوستان کے مسلم سماج میں خواتین کے رول اور ان کے مقام ومرتبہ کے سلسلے میں بیداری لانے کا کام کرے گی۔
تبصرے بند ہیں۔