دوسرا ممبئی اُردو فیسٹیول2022 ء بعنوان ’مہاراشٹر میں اردو زبان کی صورت حال ‘ کا انعقاد
عروس البلاد شہر ممبئی کی سرزمین پر اردو زبان و ادب کے فروغ کے حوالہ سے کریمی لائبریری ،انجمن اسلام، ممبئی میں اردو گگن سنستھا و ماہنامہ اردوآنگن کے زیر اہتمام اور مہاراشٹرا اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی نیز قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان، نئی دہلی و انجمن اسلام ، ممبئی کے اشتراک سے مورخہ 11 و 12 مارچ 2022ء کو’’مہاراشٹرا میں اردو زبان و ادب کی صورت حال ‘‘ عنوان پر ایک باوقارسیمینار منعقد ہوا۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز مشہور صحافی و شاعر حسن کمال صاحب کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ صدارت کے فرائض انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی صاحب نے انجام دیئے۔اس افتتاحی اجلاس کے خصوصی مقررین جناب شاہد لطیف (مدیر ،روزنامہ انقلاب )، ڈاکٹر شیخ عبداللہ (نائب صدر، انجمن اسلام)، ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر و ڈاکٹر فہیم اختر ( لندن) کے علاوہ مہاراشٹرا اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے سپرنٹینڈنٹ و سی ای او جناب شعیب ہاشمی صاحب اسٹیج پر جلوہ افروز تھے۔ خصوصی طور پر تشریف لائیں بائیکلہ علاقہ کی ایم ایل اے محترمہ یامنی یشونت جادھو نے موجود شائقین اردو ادب سے خطاب فرمایا۔ ساتھ ہی محترمہ یامنی میڈم نے اپنی شاعری پیش کر سامعین سے خوب داد وصول کی۔ مذکورہ تقریب میں جناب امتیاز گورکھپوری کی مرتب کردہ کتاب ’’گرد سفر ‘‘،ڈاکٹر یعقوب نائیک ساغر کی کتاب ’’جن جن کی بات ‘‘کا اجراء عمل میں آیا۔ بعد ازاں اردو گگن سنستھا کی جانب سے معززین کے ہاتھوں جناب یشونت جادھو (چیئرمن ممبئی میونسپل کارپوریشن اسٹینڈنگ کمیٹی) ، جناب طاہر نقاش برہانپوری ،جناب کمال مانڈلیکر ،جناب ایڈوکیٹ عثمان عبدللہ پنچھی ،جناب منظر خیامی ، جناب آزاد عباس چوگلےکو اردو زبان و ادب کے فروغ کے زمرہ میں ’’اردو دوست ‘‘ایوارڈ سے نوازا گیا۔’’خمار بارہ بنکوی ایوارڈ۲۰۲۲ء ‘‘ نوجوان شاعر جناب آدرش دو بے کو پیش کیا گیا ۔ اسی طرح ’’سفیر اردوایوارڈ ۲۰۲۲ء ‘‘جناب فہیم اختر ، لندن(شاعر،افسانہ نگاراورکالم نگار ) کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ افتتاحی پروگرام میں کمال مانڈلیکر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور اپنے دلکش اندازِ بیان سے ایک خوبصورت سماں باندھ دیا۔
دوسرے دور میں منعقد نوجوان شعراء پر مشتمل’’کل ہند مشاعرہ بنام نسل نو ‘‘اس افتتاحی تقریب کا خوبصورت حصہ تھا۔ نئی نسل سے وابستہ شعراء جناب عرفان ندیم مالیگانوی، جناب راشد راہی جبلپوری، جناب انس نبیل اکولوی، جناب آدرش دوبے (ساگر مدھیہ پردیش)، جناب شرجیل انصاری (بھیونڈی، تھانے) و ابھرتی ہوئی شاعرہ محترمہ درخشاں انجم کولکاتوی اس کل ہند مشاعرہ کا حصہ بنے۔ تمام ہی شعراء نے اپنے عمدہ و خوبصورت کلام سے سامعین کا دل موہ لیا۔ جناب سلیم دریاپوری کی و جناب عمران راشد کی نظامت نے مشاعرہ کو بلندی عطا کی۔
دوسرے روز بروز سنیچر 12 مارچ 2022ء کومذکورہ ہال کریمی لائبریری میں ہی ’’مہاراشٹر میں اردو زبان کی صورت حال ‘‘ پر سیمینار کے دو سیشن منعقد ہوئے۔ پہلے سیشن میں جناب اشفاق عمر ( مالیگاؤں) ،جناب ملک نظامی (ناندیڑ )، جناب ڈاکٹر کلیم ضیاء ( ممبئی) و جناب منظر خیامی ( کو کن ) نے اپنے مقالے پیش کئے ۔ اس سیشن کے صدرروز نامہ ہندستان، ممبئی کے مالک و مدیر جناب سرفراز آرزو نے تمام ہی مقالہ نگاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے مقالوں پر سیر حاصل تبصرہ کیا۔
ظہرانہ کے بعد دوسرے سیشن کے مقالہ نگاران جناب ڈاکٹر خلیل صدیقی ( لاتور ) ،جناب ڈاکٹر سلیم خان (ممبئی) ،جناب رشید قاسمی (جلگاؤں ) و محترمہ شبانہ ابراہیم ( کوکن) نے اپنے بہترین مقالے پیش کئے۔ مذکورہ سیشن کے صدر جناب ڈاکٹر فہیم اختر (لندن) نے اپنے اظہار خیال میں تمام ہی شریک مقالہ نگاران کے مقالوں پر سیر حاصل رائے پیش کی۔
سیمینار کےدونوں ہی سیشن کے ناظم جناب طاہر نقاش برہانپوری نے دوران نظامت مقالہ نگاران کے تعارف میں خوبصورت اشعار پیش کر سامعین سے داد و تحسین حاصل کی۔ اس دوسرے سیشن میں نوجوان شاعر جناب آدرش دوبے کے دوسرے مجموعہء کلام ’’غزل کا آنگن ‘‘ کی رسم اجراء عمل میں آئی۔
اس دوروزہ پروگرام میں دونوں ہی روز شہرممبئی و ریاست مہاراشٹر کی مقتدر سماجی و ادبی ہستیاں ، اسکول و کالج کے اساتذہ و طلباء و طالبات سیمینار کا حصہ تھے۔ اس سیمینار کے انعقاد میں شہر ممبئی کی تنظیم ’سیوا‘، ’ظفر گورکھپوری کلچرل اور لٹریری سوسائٹی ‘و ’صوفی جمیل اختر لٹریری سوسائٹ نیز مجروح اکیڈمی ‘ نے اپنا بیش قیمت تعاون پیش کیا۔اس دوروزہ سیمینار کے انعقاد میں اردو گگن سنستھا کے صدر جناب مشیر انصاری و ماہنامہ اردو آنگن کے مدیر امتیاز گو رکھپوری کے علاوہ ان کے ساتھیوں ایاز گورکھپوری ، ریاض منصف ، مسرور شاہجہاں پوری ،نعیم انصاری ، عمران ملا ،حید علی راعین ، اسماء انصاری ،عبدالمتین خان ،محترمہ تبسم منظور ناڈکر،،،شکیل انصاری،،محمد سلیمان ، احمد چودھری ، ریحان قریشی و محمد ناظم پینٹر نے اہم کردار ادا کئے جبکہ لنترانی میڈیا ہاؤس ۔ ممبئ ٹائمز و punj ریڈیو نے اس پروگرام کو لمحہ بہ لمحہ نشر کیا۔
جناب مشیر احمد انصاری، صدر اردو گگن سنستھا و مدیرِ اعلیٰ ’اردو ‘نگن‘ نے اس دوروزہ سیمینار کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں مدد کرنے والے تمام ہی افراد کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرے بند ہیں۔