ماں کا دودھ : قرآن اور میڈیکل سائنس کی روشنی میں

ڈاکٹر نغمہ پروین

(ایم بی بی ایس، ڈی جی او۔ اے ایم یو)

ماں کا دودھ کسی بھی بچے کا سب سے اہم اور بنیادی حق ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ عالمی تنظیم برائے صحت (WHO) اور یونیسیف نے سفارش کی ہے کہ "پیدائش کے پہلے گھنٹے کے اندر ہی دودھ پلانا شروع کیا جانا چاہئے اور بچے کو اس کی زندگی کے ابتدائی 6 ماہ تک خصوصی طور پر صرف ماں کا دودھ پلایا جانا چاہیے. اس کا مطلب یہ ہے کہ پانی سمیت کوئی دوسری کھانے پینے کی چیز فراہم نہیں کی جانی چاہیے۔”

ماں کا دودھ نوزائیدہ بچوں کے لئے قدرت کی طرف سے فراہم کردہ بہترین خوراک ہے۔ کیوں کہ یہ بچے کی مناسب غذائی ضروریات کے مطابق صحیح درجہ حرارت پر ہوتا ہے؛ اور عمر کے مطابق متوازن غذائیت بخشتا ہے. نسل انسانی کے آغاز سے ہی نوزائیدہ بچوں کو ماں کا دودھ پلایا جاتا رہا ہے۔ ماں کے دودھ کے دیگر متبادل (جیسے فارمولا دودھ اور جانوروں کا دودھ) صرف 20 ویں صدی کے بعد سے دستیاب ہوئے ہیں۔

دودھ پلانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہم مندرجہ ذیل نکات پر بات کریں گے:

(1) اسلام میں دودھ پلانے کا حکم۔

(2) میڈیکل سائنس کی روشنی میں ماں کے دودھ کے فائدے۔

(3) دودھ پلانے کا درست طریقہ کار۔

(4) دودھ پلانے سے وابستہ عام مسائل اور غلط فہمیاں۔

(5) دودھ چھڑانا۔

(1) اسلام میں دودھ پلانے کا حکم:

14 سو سال پہلے، جس وقت صحت کی اقدار اور ماں کا دودھ پلانے کے فوائد کے بارے میں کوئی طبی علم دستیاب نہیں تھا، اسلام نے اس وقت ہر ماں کو اپنے بچوں کو 2 سال کی عمر تک دودھ پلانے کی تلقین کی تھی۔ قرآن پاک نے متعدد آیات میں 24 مہینوں تک دودھ پلانے پر زور دیا ہے (جیسے سورہ البقرہ کی آیت 233، سورہ ق کی آیت 15، سورہ لقمان کی آیت 14، سورہ النساء کی آیت 23، سورہ طلاق کی آیت 6، سورہ حج کی آیت 2، سورہ القصص کی آیات 7 اور 12)

سورہ بقرہ کی آیت 233 میں مذکور ہے: "اور مائیں اپنے بچوں کو پورے دو سال دودھ پلائیں ، (یہ حکم) اس کے لئے (ہے) جو دودھ پلانے کی مدت پوری کرنا چاہے اور بچے کے باپ پر رواج کے مطابق عورتوں کے کھانے اور کپڑے کی ذمہ داری ہے۔ کسی جان پر اتنا ہی بوجھ رکھا جائے گا جتنی اس کی طاقت ہو ۔ماں کو اس کی اولاد کی وجہ سے تکلیف نہ دی جائے اور نہ باپ کو اس کی اولاد کی وجہ سے تکلیف دی جائے اور جو باپ کا قائم مقام ہے اس پر بھی ایسا ہی (حکم) ہے۔ پھر اگر ماں باپ دونوں آپس کی رضامندی اور مشورے سے دودھ چھڑانا چاہیں تو ان پر گناہ نہیں اور اگر تم چاہو کہ( دوسری عورتوں سے) اپنے بچوں کو دودھ پلواؤ تو بھی تم پر کوئی مضائقہ نہیں جب کہ جو معاوضہ تم نے مقرر کیاہو وہ بھلائی کے ساتھ ادا کردو اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ اللہ تمہارے کام دیکھ رہا ہے۔”

عورتوں کو وہاں رکھو جہاں خود رہتے ہو اپنی گنجائش کے مطابق اور انہیں تکلیف نہ دو نہ ان پر تنگی کرو اور اگروہ حمل والیاں ہوں تو ان پر خرچ کرتے رہو یہاں تک کہ وہ بچہ جَن دیں پھر اگر وہ تمہارے لیے (بچے کو) دودھ پلائیں تو انہیں ان کی اجرت دو اور آپس میں اچھے طریقے سے مشورہ کرلو اور اگر تم آپس میں دشواری سمجھو تو عنقریب اسے کوئی دوسری عورت دودھ پلادے گی۔ (سورہ طلاق آیت 6)

مذکورہ بالا دونوں آیتوں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ:

  • بچوں کو 24 مہینوں تک ماں کا دودھ پلایا جانا چاہئے۔
  • طلاق ہونے کی صورت میں اگر باپ چاہتا ہے کہ اس کے بچے کو ماں دودھ پلائے تو اسے ماں کے سارے اخراجات اٹھانے ہوں گے۔
  • دودھ پلانا اتنا اہم ہے کہ اسلام نے 1400 سال پہلے رضاعی ماں (دوسری عورت بچے کو دودھ پلا سکتی ہے) کا تصور دیا ہے۔

(2) میڈیکل سائنس کی روشنی میں ماں کا دودھ پلانے کے فوائد:

دنیا بھر کے صحت کے ادارے اور سائنسی تنظیمیں (ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس) ماں کا دودھ پلانے کی عالمی سطح پر توثیق کرتی ہیں جو کہ بچوں کو دودھ پلانے کا سب سے بہتر طریقہ ہے.

ماں کا دودھ کیوں؟

ماں کا دودھ نوزائیدہ بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے منفرد طور پر تیار ہوتا ہے۔

  • اس میں 87 فیصد پانی، 1 فیصد پروٹین، 4 فیصد لپڈ،اور 7 فیصد کاربوہائیڈریٹ ہوتا ہے۔
  • اس میں لییکٹوز (دودھ اور چینی) کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو کاربوہائیڈریٹ کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
  • اس میں پروٹین کی تین اقسام ہوتی ہیں۔ 60 فیصد وہی پروٹین اور 40 فیصد کیسین پروٹین اور نان پروٹین نائٹروجن ہیں جو آسانی سے ہضم ہوتی ہیں۔
  • انسانی دودھ میں بہت سے معدنیات (کیلشیم، فاسفورس، میگنیشیم، پوٹاشیم، سوڈیم) اور بہت سے اہم وٹامنز اور امیونوگلوبلین (IgA) بھی ہوتے ہیں۔
  • انسانی دودھ کی ایک اور خاصیت لانگ چین فیٹی ایسڈ (APGI-LC) ω-6 اور ω−3 (DHA) کی موجودگی ہے جو دماغ کی نشوونما کے لیے اہم ہے۔

ماں کے دودھ سے بچوں کو ہونے والے فوائد:

ماں کا دودھ پلانے سے ایسے فوائد حاصل ہوتے ہیں جن کا حصول کسی دوسری قسم کی خوراک (فارمولہ فیڈ/جانوروں کا دودھ) سے ممکن نہیں ہے۔ یہ بہترین نشوونما میں مددگار ہوتا ہے اور بچوں کو شدید اور دائمی بیماری سے بچاتا ہے۔ اس طرح کے شواہد ملتے ہیں کہ ماں کا دودھ پینے والے بچے:

(1)اسکول میں علمی ذہانت، آئی کیو ٹیسٹ اور بصری سرگرمی کے ٹیسٹ میں اعلی اسکور کرتے ہیں۔

(2) متعدی بیماریوں (جیسے اسہال، کان میں انفیکشن، سانس کی نالی میں انفیکشن اور سرسام) میں کم مبتلا ہوتے ہیں.

(3)دو سب سے عام سوزش والی آنتوں کی بیماریوں  (کرون کی بیماریاں، السرٹیو کولائٹس) کا کم شکار ہوتے ہیں.

(4)نوعمری میں شروع ہونے والی ذیابیطس کا خطرہ، نمایاں طور پر (دمہ اور ایگزیما سے محفوظ) بچپن اور نوعمری میں موٹاپے کے بڑھنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

دودھ پلانے سے ماں کو ہونے والے فوائد:

  • جو خواتین اپنے بچوں کو دودھ پلاتی ہیں ان میں رحم اور پری مینوپاسل بریسٹ کینسر ہونےکے امکانات کم ہوتے ہیں۔
  • دودھ پلانا آکسیٹوسن کے اخراج کو فروغ دے کر نفلی خون بہنے کے خطرے کو کم کرتا ہے؛ جو بچہ دانی کے کنٹریکشن میں مددگار ہوتا ہے۔
  • پابندی کے ساتھ دودھ پلانا ماہواری کو 6 ماہ تک موخر کرتا ہے جس سے خون کی کمی کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور یہ منع حمل کا قدرتی طریقہ بھی ثابت ہوتا ہے۔
  • ماں کو اس کے حمل سے پہلے کا وزن دوبارہ حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے۔
  • دودھ پلانے سے ماں اور اس کے بچے کے درمیان ایک اٹوٹ رشتہ قائم ہوتا ہے۔

ماں کا دودھ پلانے کے سماجی و اقتصادی فوائد:

  • یہ بیمار پڑنے کے واقعات کو کم کرکے مہنگی صحت کی خدمات کی ضرورت کو کم کرتا ہے۔
  • مہنگے فارمولا فیڈ کی ضرورت کو کم کرتا ہے اور اس طرح فیملی پر معاشی بوجھ کم ہوتا ہے۔
  • دودھ کی بوتل کو دھونے اور جراثیم سے پاک کرنے اور فارمولہ فیڈ تیار کرنے میں ماں کے ضائع ہونے والے وقت کو بچاتا ہے۔
  • ماں کے دودھ کے لیے پیکنگ وغیرہ کی ضرورت نہیں ہوتی ہے اس لیے اس کی پیداوار ماحول کے لئے نقصاندہ نہیں ہوتی ہے۔

(3) دودھ پلانے کا درست طریقہ کار:

  • پیدائش کے فوراً بعد (ایک گھنٹے کے اندر ہی) ماں کا دودھ دینا شروع کر دیا جانا چاہئے۔
  • ماں اور بچے کو دن کے 24 گھنٹے ساتھ رہنے دیں (زیادہ تر بچے دادی، نانی یا خالہ کے پاس رہتے ہیں)
  • کوشش کریں کہ ضرورت کے حساب سے دودھ پلائیں نہ کی وقت متعین کرکے۔
  • نوزائیدہ بچے کو کوئی اور کھانا یا پانی نہیں دینا چاہیے۔ کولسٹرم (پہلا رطوبت والا دودھ) اگرچہ مقدار میں کم ہوتا ہے لیکن توانائی اور غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔
  • کسی پیسیفائر یا فیڈنگ بوتل کا استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، اگر ٹاپ فیڈنگ کی ضرورت پیش آئے تو صاف اور جراثیم سے پاک پیالے اور چمچ کا استعمال کیا جانا  چاہئے۔
  • بچے کو ہر بار کم از کم 10-15 منٹ تک دونوں چھاتیوں سے دودھ پلایا جانا چاہیے (کیونکہ فور مِلک اور ہِنڈ مِلک کی مقدار مختلف ہوتی ہے)۔
  • بچے کو صحیح طریقے سے دودھ پلانے کے لیے مناسب پوزیشننگ اور لیچنگ ضروری ہے۔
  • اچھے طریقے سے ماں کا دودھ پینے والا بچہ اچھی نیند لیتا ہے اور کثرت سے پیشاب کرتا ہے اور اس کا وزن بڑھتا ہے۔
  • پبلک مقامات پر دودھ پلانے کے لئے جگہیں مخصوص کرکے عوام میں ماں کا دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

(4)دودھ پلانے سے وابستہ عام مسائل اور غلط فہمیاں:

  • دودھ پلانے سے پہلے نپلوں کو دھونا چاہیے یہ ضروری نہیں ہے، کیونکہ ماں کے نپل فیرومونز نامی ایک مادہ پیدا کرتے ہیں جسے بچہ سونگھتا ہے اور ان میں کچھ اچھے بیکٹیریا ہوتے ہیں جو بچوں کو اپنا مدافعتی نظام بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
  • ماں اور بچے کو عام طور پر پیدائش کے بعد الگ کرتے دیکھا گیا ہے۔ اس کے برعکس، انہیں قریب رکھنے سے ماں کو دودھ پلانے میں مدد ملتی ہے اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔
  • ناکافی دودھ: تقریباً تمام مائیں اپنے بچوں کے لیے مناسب مقدار میں دودھ پیدا کرتی ہیں لیکن عام طور پر یہ دودھ پلانے کا ناکافی وقت یا کم دودھ پلانے کی وجہ سے ناکافی لگتا ہے۔ مثال کے طور پر ہر بار بچے کو دونوں چھاتی سے کم از کم 10-15 منٹ تک دودھ پلایا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ، دودھ پلانا مطالبہ پر مبنی ہونا چاہئے اور کبھی بھی بچے سے زبردستی نہیں کی جانی چاہئے۔
  • بیماری کی حالت میں دودھ نہ پلائیں: سوائے چند بیماریوں کے جیسے (فعال ٹی بی/ایچ آئی وی)؛ معمولی بیماریوں میں دودھ پلانے سے منع نہیں کیا جاتا۔ ایورٹیڈ نپل، پھٹے ہوئے نپل، چھاتی میں جلن جیسے مسائل عام ہیں۔ ایسے معمولی مسائل کے لیے مناسب طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔

(5) کمپلیمنٹری فیڈنگ (تکمیلی غذائیں) اور دودھ چھڑانا:

تقریباً 6 ماہ کی عمر میں، نوزائیدہ بچے کی اضافی توانائی اور غذائی اجزاء کی ضرورت ماں کے دودھ سے ملنے والی مقدار سے زیادہ ہونے لگتی ہے، اور ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تکمیلی غذائیں ضروری ہیں۔ اس عمر کا بچہ دیگر کھانوں کے لیے تیار ہوتا ہے۔ اس تبدیلی کو کمپلیمنٹری فیڈنگ کہا جاتا ہے۔

ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ان (بچوں) کو اس وقت تک صرف دودھ ہی پینا چاہیے جب تک کہ ان کے دانت نہ نکل جائیں، کیونکہ ان کے معدے کمزور ہوتے ہیں اور وہ کھانا ہضم نہیں کر پاتے۔ ایک بار جب بچے کے دانت نکلنا شروع ہو جائیں اور اس کا معدہ مضبوط ہو جائے تو اس کو کھانا دینا شروع کیا جا سکتا ہے۔

اگر تکمیلی غذائیں 6 ماہ کی عمر کے آس پاس متعارف نہیں کرائی جاتی ہیں، یا اگر انہیں نامناسب طریقے سے دیا جاتا ہے، تو بچے کی نشوونما میں کمی آسکتی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ بچے کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جائے، یہ ضروری ہے کہ تکمیلی غذائیں:

  • بر وقت ہوں– اس کا مطلب یہ ہے کہ تکمیلی غذائیں اس وقت متعارف کرائی جائیں جب توانائی اور غذائی اجزاء کی ضرورت اس سے زیادہ ہوجائے جو صرف دودھ پلانے کے ذریعے فراہم کی جا سکتی ہے۔
  • مناسب مقدار میں ہوں- اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے بچے کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی توانائی، پروٹین اور مائیکرو نیوٹرینٹ فراہم کریں۔
  • محفوظ ہوں- اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے رکھا جائے اور تیار کیا جائے اور صاف برتنوں کا استعمال کرتے ہوئے صاف ہاتھوں سے کھلایا جائے اور بوتلوں اور ٹیٹس وغیرہ کا استعمال نہ کیا جائے.
  • صحیح طریقے سے کھلایا جائے – اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں بچے کی بھوک اور سیر ہوجانے کو دھیان میں رکھ کر دیا جائے، اور کھانے کی تعداد اور مقدار عمر کے لحاظ سے موزوں ہو۔

 دودھ چھڑانا ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے بچہ آہستہ آہستہ گھر کے دیگر افراد کی غذا کھانے کا عادی ہو جاتا ہے اور آہستہ آہستہ ماں کا دودھ پینا چھوڑ دیتا ہے۔ دودھ چھڑانے کی عمر کے بچے کا پیٹ چھوٹا ہوتا ہے، لیکن اسے نشوونما اور سرگرمی کے لیے کافی خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ یقینی بنانے کے دو اہم طریقے ہیں:

(1)بار بار کھانا کھلانا

(2)ایسی غذائیں استعمال کرنا جن میں غذائی اجزاء زیادہ ہوں۔

مثال کے طور پر، بچوں کو 6 ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلایا جانا چاہیے جس کے بعد دودھ پلانے کی تعداد کو کم کرتے ہوئے نیم ٹھوس غذائیت والی غذائیں آہستہ آہستہ متعارف کرائی جانی چاہئے جسے کمپلیمنٹری فیڈنگ کہا جاتا ہے۔ لیکن یہ سلسلہ 2 سال کی عمر تک جاری رہنا چاہئے۔ 2 سال کے بعد انہیں دھیرے دھیرے ماں کا دودھ چھڑا کر غذائیت سے بھر پور گھر کا کھانا دینا شروع کر دینا چاہیے۔

خلاصہ کلام:

ہر بچے کے بنیادی اور اہم حقوق میں سے ایک ماں کا دودھ پینا ہے۔ بچوں کی قدرتی غذائیت کی اہمیت نے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کو ہر سال تربیتی کورسز منعقد کرنے اور ماں کا دودھ پلانے کی ضرورت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر مجبور کیا ہے جس کے نتیجے میں سال میں ایک ہفتہ کو ‘ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک’ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ آج غذائیت کے ماہرین اور طبی سائنس دان سبھی دو سال کی عمر تک دودھ پلانے کی اہمیت پر متفق ہیں۔

تقریباً 1400 سال قبل اسلام کی مذہبی اور قرآنی تعلیمات میں ماں کے دودھ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے کیونکہ ماں کا دودھ ایک منفرد اور جامع خوراک ہے جو بچوں کی جسمانی ضروریات کو پورا کرنے اور بہترین نشوونما کے ساتھ ساتھ ذہنی اور روحانی صحت کو فروغ دینے میں ایک اہم اور منفرد کردار ادا کرتا ہے۔  نیز، دودھ پلانے سے ماں کو بھی بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

تاہم، دودھ پلانا صرف ماں کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ ڈیلیوری کے وقت سے ہی ڈاکٹر اور ہسپتال کے عملے کو ماں اور باپ کو دودھ پلانے سے متعلق مدد اور مشورہ دینا چاہیے۔ گھر میں فیملی کو دودھ پلانے میں ماں کی مدد کرنی چاہیے۔ اور آخر میں، کمیونٹی اور حکومت کو ماں کا دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی کے لیے آگے آنا چاہیے۔

ترجمہ: صباح اصغر، ایٹہ میڈیکل کالج

تبصرے بند ہیں۔