ماہنامہ ’نیا دور لکھنو‘ کا ’مجتبیٰ حسین نمبر‘ منظر عام پر
محسن خان
حکومت اُترپردیش کے محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ نے طنزومزاح کے فروغ کے لیے مجتبیٰ حسین کی طویل اوربے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے ایک نہایت جامع‘ وقیع اور دیدہ زیب خصوصی نمبر شائع کیاہے جس میں مجتبیٰ حسین کے بارے میں کئی اہم قلمکاروں کے مضامین کے علاوہ خود مجتبیٰ حسین کی تحریروں کا انتخاب اوران کے بارے میں کئی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔
یہ خصوصی شمارہ اس اعتبار سے منفرد اوریادگار ہے کہ اس میں مجتبیٰ حسین کی حیات اورکارناموں کا بھرپورجائزہ لیاگیاہے۔ مجتبیٰ حسین کے مدّاح ساری اردودنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اوریہ شمارہ اُن کے لیے یقینا ایک اہم ادبی سوغات کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس شمارہ کے لکھنے والوں میں جہاں پروفیسر شمیم حنفی، فیاض رفعت، مولانا آغا روحی، رفیق احمد اور صبیحہ انور شامل ہیں وہیں حیدرآباد کے اہل قلم پروفیسر بیگ احساس‘ صابر علی سیوانی، ڈاکٹرگُل رعنا اورمحسن خان بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستان اورپاکستان کے کئی مشاہیر کی آراء بھی شامل کی گئی ہیں۔
نیادور کے ایڈیٹرسہیل وحید نے اس رسالہ کی اشاعت کے لیے بطورخاص حیدرآباد کا سفر کیا تھا اور انہوں نے مجتبیٰ حسین کا ایک بھرپور انٹرویوبھی لیاہے جو اس شمارہ میں شامل ہے۔ 80رنگین صفحات پرمشتمل یہ رسالہ ایڈیٹر’نیا دور‘انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز ڈپارٹمنٹ‘ 6سوچنا بھون ‘اترپردیش ‘ لکھنو۔ 226001 سے حاصل کیاجاسکتا ہے۔
تبصرے بند ہیں۔