گردوں نے گھڑی عمر کی ایک اور گھٹا دی

 

گردوں نے گھڑی عمر کی ایک اور گھٹا دی
تحریر/ عبداللہ زکریا

نیا سال آگیا، کیلینڈر بدل گیا، لیکن کیا دنیا بدل گئی؟ وہی صدیوں پرانا سورج اور وہی دن اور رات کی گردش لیکن دیکھا جائے تو پچھلے ایک سال میں بہت کچھ بدل گیا ہے۔ سالِ نو میں ان حالات میں کوئی تبدیلی آئے گی؟ یہ تو صرف اللہ رب العزت کو معلوم ہے۔ ہاں ہم خیر کی دعا کی کرسکتے ہیں اور بہتری کی امید بھی۔

1918 کے اسپینش فلُو کے بعد یہ سب سے بڑی وبائی بیماری ہے جس نے پوری دنیا کو ایک طرح سے مفلوج کر دیا ہے۔ اسپینش فلُو نے ۵۰۰ ملین لوگوں کو متاثر کیا تھا ،اس کووڈ ۱۹ کے ذریعہ کتنے لوگ متاثر ہوئے ہیں، اسکے اعدادوشمار کا ابھی صرف اندازہ لگایا جا سکتا ہے کیونکہ یہ ابھی پوری طرح ختم نہیں ہواہے بل کہ یہ ایک نئی شکل میں نمودار ہوکر اور بھی خطرناک ہو گیا ہے۔ وائرس کی موجودگی سے انکار اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ یہ وائیرس کس حد تک خطرناک ہے۔ کیا اس سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن ضروری تھا؟ کیا یہ نیچرل ہے یا اسے کسی لیباریٹری میں تیار کیا گیا ہے؟ ان سوالات پر ضرور بحث ہوسکتی ہے۔ فلموں کے شوقین جانتے ہیں کہ contagion نام کی ایک فلم جو سنہ 2011 میں بنائی گئی وہ اسی موضوع سے متعلق ہے اور تصور اور تصویر کے ذریعہ جو کچھ بھی پردہِ سیمیں پر دکھایا گیا تھا بعینہ وہی کچھ ہم آج کی دنیا میں دیکھ رہے ہیں۔ اتفاق ہے یا سازش جاننا آسان نہی ہے۔

بیسوی صدی میں بڑی تباہیاں آئیں، دو بڑی جنگیں لڑی گئیں، نئے ملک وجود میں آئے، قحط سے لاکھوں لوگ فوت ہو گئے۔ گریٹ ڈپریشن کی شکل میں ایک بہت بڑی اقتصادی بدحالی کا دنیا کو سا منا کرنا لیکن پوری دنیا محصور ہو جائے ،ایسی صورتِ حال کبھی نہیں آئی۔ اسپینش فلُو جن لوگوں نے دیکھا ،اسمیں سے آج شاید ہی کوئی زندہ ہو لیکن ہماری جنریشن نے جو دیکھا ہے وہ انسانی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔

دنیا کے زیادہ تر ممالک نے اس وبا سے نپٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کا سہارا لیا اور جو ممالک جتنے زیادہ غریب تھے، وہاں لاک ڈاؤن اتنا ہی سخت تھا۔ غربت ،کثرتِ آبادی اور وسائل کی قلت کو مدِ نظر رکھا جائے تو شاید یہ اسٹرییجی صحیح معلوم ہو لیکن اس نے جوقیامت نچلے طبقے پر ڈھائی ہے اسکا صحیح اندازہ کسی کو بھی نہیں ہے۔ مڈل کلاس بھی پریشان ہے، غربت کی سطح سے نیچے رہنے والے اپنی بالکل بنیادی ضرورت یعنی پیٹ میں کھانا اور سر پر چھت، دونوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

ہم نے اپنا بچپن ایک گاؤں میں گزارا ہے اور دوسری جنگِ عظیم میں، برما سے پیدل چل کر آنے والوں لوگوں کی کہانیاں سنی ہیں۔ خود ہمارے گاؤں میں ایک غفار دادا ہوا کرتے تھے جو برما سے چل کر آئے تھے لیکن نہ تو اس زمانہ میں شعور تھا اور نہ وسائل کہ انکی داستان کو محفوظ کیا جائے، ہاں اس لاک ڈاؤن نے اس منظر کی یاد ضرور تازہ کر دی ہے۔ ہماری نگاہوں کے سامنے مجبور اور مقہور لوگ قافلہ در قافلہ پیدل چلتے رہے اور بے حسی کی ایک داستان رقم ہوتی رہی۔ ابھی پچھلے مہینہ ایک ڈاکومینٹری کے سلسلہ میں، بھیونڈی میں ایک مزدور سے بات چیت ریکارڈ کی تھی۔ جو ۱۵۰۰ کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گاؤں مہراج گنج گیا تھا۔ وہ اس راہ پر چلنے والا اکیلا مسافر نہیں تھا۔ ہزاروں ایسی ہی داستانیں بکھری ہوئی ہیں، برما سے آنے والوں کے مقابلہ میں یہ لوگ ان معنوں میں خوش قسمت ہیں کہ انکی داستان کیمروں میں ریکارڈ ہوکر تاریخ کا حصہ بن گئی ہے۔ کبیر خان نے The forgotten Army کے نام سے ایک دستاویزی فلم ضرور بنائی ہے لیکن وہ سبھاش چندر بوس کی انڈین نیشنل آرمی کے بارے میں ہے جو جاپانیوں کے دوش بدوش انگریزوں سے لڑ رہی تھی۔ ویسے عام آدمی کے مسائل مارکیٹیبل marketable نہیں ہوتے ہیں۔

موت ایک بہت ہی عامہ الورود واقعہ ہے اور روز لوگ اس سے زیادہ تعداد میں مرتے ہیں جتنے کرونا میں مرے ہیں، لیکن ہمارے اعصاب متاثر نہیں ہوتے ہیں کیونکہ انکی تعداد نہ تو اخباروں میں آتی ہے اور نہ ٹیلویزن اسٹوڈیو میں اس پر بحث ہوتی ہے۔ کرونا نے موت کو ہمارے سامنے لا کر کھڑا کر دیا ہے۔ نہ جانے کتنے عزیز اسکی بھینٹ چڑھ گئے۔ موت اور زندگی کے بیچ کا دورانیہ کتنا مختصر ہو سکتا ہے ،یہ سب لوگوں نے دیکھ لیا ۔عقلمند وہی ہے جو اس سے سبق لے اور اپنے اوقات کا بہتر استعمال کرے۔ لاک ڈاؤن نے جہاں بہت سارے مسائل کھڑے کئے ہیں ،وہیں جینے کے نئے انداز بھی سکھایا گیا ہے۔ ضرورت اور لکژری کے بیچ کا فرق اس سے زیادہ بین کبھی نہیں تھا ۔اسی طرح فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا ایسا کبھی موقع نہیں ملا تھا(کبھی کبھی یہ بہت irritating بھی ہو سکتاہے، خاص طور سے بیویوں کے لئے )۔ اس کے طفیل امورِ خانہ داری میں مدد کی عادت بھی پڑ گئی ہے ( دوسروں کا پتہ نہیں، میں نے بہت بے دلی سے یہ کام کیا ہے) اور سب سے بڑھ کر وقت کی قیمت۔ وقت دنیا کی سب سے بیش قیمت چیز ہے اور اگر ہم اس کی اہمیت سے واقف ہو گئے تو یہ کووڈ سے سیکھا گیا سب سے بڑا سبق بھی ہے اور سالِ نو کا سب سے بڑا تحفہ بھی۔

غافل تجھے گھڑیال یہ دیتا ہے منادی
گردوں نے گھڑی عمر کی ایک اور گھٹا دی

نیا سال مبارک ہو۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔