آپ کو بھی مرا خیال نہیں

افتخار راغبؔ

آپ کو بھی مرا خیال نہیں

اب خوشی ہے کوئی ملال نہیں

تیری خاطر مچلتا رہتا ہے

مختلف اب بھی دل کا حال نہیں

کون سا دکھ نہیں دیا تُو نے

کس نوازش پہ دل نہال نہیں

کتنے احباب ہیں جواب بدست

ہاتھ میں جب مرے سوال نہیں

تُو بھی تھکتا نہیں تشدّد سے

میں بھی غم سے ترے نڈھال نہیں

امن ہی چاہتے ہیں سب راغبؔ

کوئی مائل بہ اعتدال نہیں

تبصرے بند ہیں۔