2017 اور ریختہ کی حصولیابیاں
حسین ایاز
(ریختہ فاوئذنڈیشن)
سال کے اختتام پر تمام لوگ انفرادی اور اجتماعی طورپر اپنا محاسبہ کرتے ہیں۔ گزرے ہوئے سال میں اپنے اہداف تک رسائی پر خوش ہوتے ہیں اور ناکامیوں پر ذرا افسوس کے ساتھ نئے سال میں نئے سرے سے پرعزم ہوتے ہیں۔ ریختہ کے لیے بھی کم وبیش دونوں ہی صورتیں ایک ساتھ رہیں۔ لیکن کچھ ایسے ناممکن منصوبوں کی تکمیل اورکچھ ایسے غیر معمولی اہداف تک رسائی میں ہم کامیاب رہے جس نے پوری ریختہ فیملی کو خوشی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔ سال کے اختتام پر اس تحریر کا جواز بھی یہی ہے کہ اردو سے محبت کرنے والے اپنے اپنے طور پر ریختہ کی دوسرے معنی میں اردو کی اس کامیابی کا جشن مناسکیں اور ہر سطح پر نظر انداز کر دی گئی اس زبان کے مستقبل سے نئے سرے سے اپنی امیدیں وابستہ کر سکیں۔ اردو کے فروغ کے لیے ریختہ کی ان کوششوں کو ایماندارانہ نظر سے دیکھنے والوں کے لیے اپنے ان شبہات اور خدشات کے ازالے کا موقع بھی ہے جو کسی ادارے اور اس کے مقاصد سے عدم واقفیت کے نتیجے میں فطری طور پر پیدا ہوجاتے ہیں۔ ریختہ نے اپنے اولین دنوں سے ہی اردو کو تمام تر ممکنہ زاویوں سے معاشرے میں قائم کرنے کی کوشش کی ہیاور اس کے نتائج بھی بہت حوصلہ افزا رہے ہیں۔
آموزش : آن لائن اردو لرننگ پروگرام
۲۰۱۷کے آغاز میں ریختہ نے’ آموزش‘ کے نام سے ایک آن لائن اردو لرننگ ویب سائٹ کا آغاز کیا تھا۔ انٹرنیٹ کی دنیا میں خودکار طریقے سے اردو زبان اور رسم الخط سیکھنے کے لیے یہ پہلی ویب سائٹ ہے۔ یہ ویب سائٹ نئی زبان سیکھنے ، اس کے حروف تہجی ،رسم الخط اور گرامر سے واقف ہونے کے جدید ترین طریقوں کو نظر میں رکھ کر ڈزائن کی گئی ہے۔انیمیشن اور ویڈیوز کے ذریعے اردو حروف کے لکھنے اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کی صورتوں کو دکھایا گیا ہے ۔’ آموزش‘ ۲۶ اسباق پر مشتمل ہے، جن میں زبان کے بنیادی اور ابتدائی مسائل کو آسان زبان میں سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان اسباق سے گزرتے ہوئے کسی استاد کی عدم موجودگی کا احساس نہیں ہوتا۔’ آموزش‘ پر سوال کیے جاتے ہیں ، سوال لیے جاتے ہیں اور ان کے جوابات فراہم کیے جاتے ہیں۔ جس کے سبب سیکھنے والا خود کو ایک بہت مانوس فضا میں محسوس کرتا ہے۔زبان سیکھنے کے عمل کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ایسے کوئز پروگرام بھی ڈزائن کیے گیے ہیں جن کی مدد سے اردو سیکھنے والا اپنی معلومات کی جانچ کر سکتا ہے۔ یہ پروگرام ہر سبق کے آخر میں آتے ہیں جن سے پڑھے گئے سبق کی یاداشت کا اندازہ لگانا آسان ہو جاتا ہے۔ ساتھ ہی اردو الفاظ کا صحیح تلفظ جاننے کے لیے ہر لفظ کے ساتھ آواز بھی منسلک ہے۔
۲۰۱۷کے اختتام تک اس ویب سائٹ پر اردو سیکھنے والوں کی تعداد ۰۰۰۰ ۲سے تجاوز کر گئی ہے اور ساری دنیا سے اردو سیکھنے کی خواہش رکھنے والے اس کا استعمال کر رہے ہیں۔’ آموزش‘ سے استفادہ کرنے والے زیادہ تر ایسے لوگ ہیں جنہیں اردو کا روایتی معاشرہ اردو مخالف کے طور پر شناخت کرتا آیا ہے۔ یہ وہ نئی نسل ہے جو ہر طرح کے تحفظات اور تعصبات سے آزاد ہے اور ایک نئے سماجی کی صورت گری کر رہی ہے۔
اردو لرننگ کلاسیز
لوگوں کو اردو زبان اور رسم الخط سے واقف کرانے کے لیے ریختہ نے اپنی کوششوں کو بڑھاتے ہوئے اردو لرننگ کلاسیز کا بھی اہتمام کیا۔ یہ کلاسیز ریختہ اسٹوڈیو میں مئی میں شروع کی گئیں اور سال کے آخر تک تقریبا ۳۰۰ طلبا شریک ہوئے۔ ان کلاسیز کا مقصد اردو رسم الخط سے واقف کرانے کے علاوہ اردو شعر وادب سے بھی روشناس کرانا تھا۔ جس کے لیے اردو اور دیگر زبانوں کے ادب پر نظر رکھنے والی اہم ترین شخصیات کو خطبات کے لیے مدعو کیا گیا۔ اتنی چھوٹی سی مدت میں ریختہ نے تین سو ایسے اردو کے قارئین پیدا کیے ہیں جو اردو سے بنا کسی روایتی رشتے کے آج اردو پڑھ رہے ہیں ، لکھ رہے ہیں اور بول رہے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ لوگ مفت ارو دسیکھنے کے اشتہار کی وجہ سے بھی اکٹھا نہیں ہوئے بلکہ ایک مناسب فیس دے کر اور اپنی مشغول زندگی سے کچھ وقت نکال کر اردو سیکھنے کے لیے آئے۔ اس سے یہ اندازہ تو لگا یا ہی جاسکتا ہے کہ نئی نسل زبان کو صرف ایک زبان کے طور پر دیکھ رہی ہے اور بغیر کسی سماجی اور مذہبی درجہ بندی کے اسے قبول کر رہی ہے۔
ریختہ آن لائن اردو لغت
۲۰۱۷میں ریختہ کا ایک اہم پراجیکٹ آن لائن اسپیس میں اردو لغات کی جدید تر پیشکش بھی رہا۔ ابھی یہ پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہے لیکن اب تک کی حصولیابی بھی کم خوش کن نہیں۔ ریختہ لغت کے خانے میں کوئی بھی لفظ ٹائپ کرنے پر ا?پ کو اس کے معنی تو ملیں گے ہی ساتھ ہی اہم ترین اردو لغات کے نام بھی اسکرین پر ہوں گے، آپ لفظ کے معنی جس لغت میں دیکھنا چاہتے ہیں اس پر کلک کرتے ہی اس لغت کا متعلقہ صفحہ آپ کے سامنے ہوگا۔ اب تک فرہنگ عامرہ، لغات کشوری اور فرہنگ آصفیہ جیسی اہم ترین لغات ریختہ ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دی گئی ہیں۔ اگلے چند مہینوں میں مزید لغات بھی دستیاب ہوں گی۔ اردو کی تقریبا تما م اچھی لغات تک اتنی آسانی سے رسائی یقینا تمام اردو والوں کے لیے ایک بڑا واقعہ ہوگی۔
ریختہ ای بکس
ای بک سیکشن ریختہ کی ایک قابل فخر پیشکش ہے۔ اب تک ریختہ ویب سائٹ پر تقریبا۴۴۰۰۰ نادر ونایاب کتابیں اپلوڈ کی جاچکی ہیں اور ہر روز اس میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ریختہ نے ملک بھر میں موجود مختلف کتب خانوں اور ادیبوں و شاعروں کے ذاتی ذخیروں سے یہ کتابیں اسکین کی ہیں اور ان کے نام و شکریہ کے ساتھ ریختہ ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
۲۰۱۷ بھی کئی معنی میں ریختہ کے لیے کامیاب سال رہا۔ اس سال کئی اہم ترین کتب خانوں میں کتابیں اسکین کی گئیں اور کئی غیر معمولی ادیبوں کے ذاتی ذخیرے ریختہ کو دستیاب ہوئے۔ ادراہ ادبیات اردو ، حیدر آباد ،جامعہ ہمدرد لائبریری،مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی لائبریری، صولت پبلک لائبریری رامپور کی کتابیں اب دنیا بھر میں موجود اردو قارئین کی دسترس میں ہیں۔اس کے علاوہ مظہر امام ، اسلم محمود ،کمال احمد صدیقی اور کئی ادیبوں کے ذاتی ذخیروں تک رسائی ممکن ہوئی۔ یہ وہ نام ہیں جنہوں نے زندگی بھر اپنے عشق کا کچھ حصہ کتابوں کے لیے بچائے رکھا اور دنیا بھر میں لکھی جانے والی اچھی کتابیں پڑھتے رہے اور اکٹھا کرتے رہے۔
ریختہ ای بکس کی ایک اہم پیشکش منشی نول کشور پریس میں شائع ہونے والی کتابوں کا شاندار گوشہ بھی ہے۔ فی الحال اس گوشے میں مختلف موضوعات پر لکھی گئیں ۱۵۰۰ کتابیں موجود ہیں۔ نول کشور پریس کی بوسیدہ کتابوں کو محفوظ کرنا دراصل اردو تہذیب کے ایک پورے دور کو محفوظ کرنا ہے۔ ریختہ اپنی اس کامیابی کو خوشی اور فخر کے جذبے سے دیکھتا ہے۔
ریختہ بکس
۲۰۱۷میں’ ریختہ بکس ‘ کے نام سے ریختہ نے کتابوں کی اشاعت کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔جس کے تحت اب تک ۶ کتابیں شائع ہوئی ہیں۔ یوں تو ریختہ پہلے سے ہی’ غزل اس نے چھیڑی‘ کے نام سے شروع سے اب تک کی اردو شاعری کا ایک انتخاب شائع کر رہا تھا ، جس کی چار جلدیں منظر عام پر آچکی ہیں۔ لیکن۲۰۱۷میں اس اشاعتی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے کئی اہم سیریز کے تحت کتابیں شائع کی گئی ہیں۔ ’ریختہ حرف تازہ سریز ‘ میں پا کستان سے تعلق رکھنے والے نئی نسل کے ممتاز شاعر ذولفقار عادل اور سالم سلیم کے شعری مجموعے شائع کیے گیے۔اسی طرح ’ریختہ نمائندہ کلام ‘ کے تحت انور شعور اور شارق کیفی کی شعری کتابوں کی اشاعت عمل میں آئی۔ اس سلسلے کی ایک اہم اشاعت فرحت احساس کی شاعری کا ایک جامع انتخاب بھی ہے۔’ریختہ بکس‘کی تما م کتابیں Amazon.in پر دستیاب ہیں۔ ’ریختہ بکس‘ کا مقصد اچھے ادب کو ازسر نو منظر عام پر لانا اور ساتھ ہی قارئین کے وسیع حلقے تک ان کی رسائی کو ممکن بنا نا ہے۔
یہ تو کچھ جلی عنوانات تھے جن کے تحت گزشتہ سال میں ہم نے ریختہ کی کچھ اہم کار گزاریوں کو درج کیا۔ اس کے علاوہ متعدد ایسے گوشے ہیں جن میں ریختہ بہت تیزی سے کام کر رہا ہے۔ ہماری ایک اہم کوشش یہ بھی ہے کہ ابتدا سے اب تک کے تمام شاعر ،ادیب اورنثر نگار اپنے ضروری کوائف کے ساتھ ریختہ ویب سائٹ پر موجود ہوں۔ آپ کسی بھی شاعر و ادیب کا نام ریختہ پر لکھیں اور اس سے متعلق ضروری معلومات آپ کے سامنے ہوں۔ ریختہ شاعری کی طرح فکشن کا بھی ایک گوشہ تیار کر رہا ہے جس میں اردو اور دیگر کئی زبانوں کی نمائندہ کہانیاں اور افسانے موجود ہوں گے۔ آخر میں ہم ان تما م حصولیابیوں کے لیے پورے اردو معاشرے کے شکر گزار ہیں ، ہمیں امید ہے کہ نیا سال بھی ہمارے لیے اسی طرح قابل ذکر ہوگا۔
تبصرے بند ہیں۔