آئینہ پوری طرح صاف کرو
عبدالکریم شاد
آئینہ پوری طرح صاف کرو
خامیوں کا بھی اعتراف کرو
…
ایک دنیا کا انکشاف کرو
اپنے دل کا کبھی طواف کرو
…
جیسے عادت میں ہو گیا شامل
ہر مقابل سے اختلاف کرو
…
جن کو مفلس نبھا نہیں سکتا
ایسی رسموں سے انحراف کرو
…
یہ ہے پہلا سبق سیاست کا
"جو کہو اس کے بر خلاف کرو”
…
مسکرانے سے چھت گرے نہ گرے
غم کی دیوار میں شگاف کرو
…
ہائے دل توڑ کر وہ کہتے ہیں
جو ہوا سو ہوا معاف کرو
…
سیکھ لو واو فا الف کرنا
شاد! پھر عین شین قاف کرو
تبصرے بند ہیں۔