حج: سفر محبت وعبادت
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پرہے، ایمان لانا، اورایمان کے بعدنمازپڑھنا، روزہ رکھنا، بعض شرائط وقیودکے ساتھ سب پرفرض ہے، مردہویاعورت، جوان ہویابوڑھا، فقیرہویامالدار، سب ایک صف میں ہیں، چونکہ یہ کام سب کرسکتے ہیں، بعض مخصوص حالات میں جولوگ نہیں اداکرسکتے ہیں ان کوچھوٹ دی گئی ہے یااعذارختم ہونے کے بعدادائیگی کاحکم دیاگیاہے، زکوٰۃ اورحج سب پرفرض نہیں کیاگیاہے، کیونکہ ان کاتعلق مال سے ہے، اورسب مال والے نہیں ہیں، پھرجن کے پاس مال ہے، اس کے اوپرزکوٰۃفرض کرنے کے لیے نصاب کی شرط لگائی گئی اورحج فرض کرنے کے لیے مالداری کے ساتھ استطاعت کی قیدلگائی گئی، اس لیے کہ حج میں سفرکرنابھی ہوتاہے اورمال بھی خرچ کرنا، اب اگرآدمی بیمارہے، تندرست نہیں ہے توخودسفرنہیں کرسکتاقیدمیں ہے توسفرکی اجازت ہی نہیں۔تندرست وتوانااورآزادہے لیکن راستہ پرامن نہیں ہے۔
راجح قول کے مطابق عورت کے ساتھ کوئی محرم جانے والانہیں ہے یاعورت عدت میں ہے، توبھی سفرممکن نہیں؛اس لیے اس پرحج فرض نہیں، سب کچھ موجودہے، سفرخرچ اورواپسی تک بال بچوں کے نفقہ کی صورت نہیں بنی توبھی حج کرناممکن نہیں اوراللہ رب العزت اپنے فضل سے بندوں پر اسی قدرفرض کرتاہے جس کی ادائیگی پروہ قدرت رکھتاہو، اب قدرت وطاقت، صحت، مال ودولت اورہرقسم کی مطلوبہ استطاعت ہوتواللہ اپنے گھرکی طرف بلاتاہے، سب کچھ اللہ ہی کادیاہواہے، ایسے میں وہ یوںہی بلالے کچھ نہ دے اورکوئی وعدہ نہ کرے تب بھی سرکے بل جاناچاہیے، دوڑناچاہیے، لیکن یہ اللہ رب العزت کاکتنابڑافضل اورکرم ہے کہ سب کچھ دے کرکہتاہے کہ آؤمیرے گھر، احرام باندھو، طواف کرو، سعی کرو، حجراسودکااستلام کرو، رکن یمانی کوچھوؤ، زمزم پیو، صفاومروہ کی سعی کرو، عرفہ، مزدلفہ میں وقوف کرو، منیٰ میں رات گذارو، شیطان کوکنکری مارو، قربانی کرو، ہم اس کے بدلے تمہیں جنت دیںگے، وہ جنت جس کے لیے تم پوری زندگی ہماری عبادت کرتے رہتے ہو، اس پوری زندگی کامطلوب صرف ایک حج مقبول میں تمہیں دیںگے، تم نے اس سفرمیں کوئی غلط کام نہیں کیا، جھگڑانہیں کیا، شہوانی خواہشات سے مغلوب نہیں ہوئے توایسے پاک صاف ہوکرگھرلوٹوگے جیسے آج ہی تم ماں کے پیٹ سے معصوم پیداہوئے ہو، اس کے علاوہ اوربھی انعامات تمہیں ملیں گے، تمہارے اندردنیاسے بے توجہی پیداہوجائے گی، آخرت کی فکراوررغبت تمہاری زندگی کاحصہ بن جائے گی، تم نے جومال خرچ کردیا، وہ تمہارے لیے فقروفاقہ کاباعث نہیں بنے گا؛بلکہ اللہ تعالی اپنے فضل سے تمہیں اوردے گا، غنی بنادے گا، اتنادے گاکہ بے نیازہوجاؤگے، تمہیں ہرقسم کی عصبیت اورامتیازکی بیماری سے پاک کردے گا، ریا، نمودونمائش کاجذبہ ختم ہوجائے گا، اللہ تعالی کے اس اعلان فضل ونعمت کے بعدبھی دوسرے ارکان کی ادائیگی کی طرح حج میں جانے میں کوئی کوتاہی کرتاہے تویہ بڑی محرومی اوربدبختی کی بات ہے۔
یقیناًحج زندگی میں ایک بارفرض ہے، لیکن فرض ہونے کے بعدساقط نہیں ہوتاہے اورکیامعلوم اگلی زندگی کیسی ہوگی، ابھی اللہ کے انعام کی قدرنہیں کیااوربعدمیں مال ہی جاتارہا یاصحت ہی باقی نہ رہی تویہ فرض رہ جائے گا، اس لیے انتظارکرناکہ ملازمت سے سبکدوش ہوجائیں تب اللہ کے بلاوے پرلبیک کہیں گے اورسب گناہ سے رک جائیںگے، یہ شیطان کابہلاواہے کہیں اس کے پہلے ہی بلاواآگیااورکون جانتاہے کہ کب بلاواآئے گا، مرنے کی کوئی عمرنہیں ہوتی اورکوئی نہیں جانتا کہ کب اورکس وقت ملک الموت اپناکام کرجائیںگے اس لیے جوزندگی دی گئی ہے اورجومال ودولت ، صحت وعافیت فراہم ہے، اس کی قدرکرنی چاہئے اوربلاتاخیراللہ کے اس بلاوے پردوڑجاناچاہیے، ہمارے بعض بھائی اس اہم رکن کی ادائیگی کواس لیے ٹالتے ہیںکہ بچی کی شادی کرنی ہے حج الگ فرض ہے اوربچی کی شادی الگ ذمہ داری ہے؛ خصوصاًاس شکل میں جب کہ لڑکی ابھی سیانی؛ نہیں ہوئی ہے، ذمہ داری ہی اُس کام کی نہیں آئی، ایسے میں کہا کی عقل مندی ہے کہ ایک فرض کوآئندہ والی ذمہ داری کے نام پرٹالاجائے۔یہی حال مکان کی تعمیر، زمین کی خریدگی، اوردوسرے گھریلومعاملات کاہے، جن کے نام پرشیطان بہکاتارہتاہے، اورحج مؤخرہوتارہتاہے، اورپھروہ وقت بھی آجاتاہے کہ ادائیگی کی شکل باقی نہیں رہتی۔اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایاکہ جس شخص کے پاس کوئی عذرنہ ہو، استطاعت بھی ہو، سخت حاجت بھی درپیش نہ ہو، ظالم بادشاہ اورمرض نے بھی نہ روکاہواوروہ حج کے بغیر مرگیاتویہودی ہوکرمرے یانصرانی ہوکرمرے ، مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔اللہ کی پناہ کس قدرسخت وعیدہے۔اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے۔
حج کے سفرکی تیاری کازمانہ آگیاہے اللہ کے اس بلاوے پردوڑنے کے لیے تیارہوجائیے، نیت کوخالص کیجئے، گناہوں ںسے توبہ کیجئے، اگروالدین آپ کی خدمت کے محتاج ہوں توان سے بھی اجازت لیجئے، امانت ووصیت سے فارغ ہولیجئے، حقوق کی ادائیگی پرتوجہ دیجئے، اچھے رفیق سفرکاانتخاب کیجئے، حج کے مسائل سیکھئے، حج کمیٹی والے تربیتی کیمپ لگواتے ہیں، اس کی حاضری کویقینی بنائیے کہ یہ بھی حج کے مسائل سیکھنے کااچھاذریعہ ہے، جلدی کیجئے، صحت ودولت کوغنیمت جانیئے ، دوڑیئے، تیزی دکھائیے، اپنے ساتھ اپنے دوستوں کو بھی تیارکیجئے، آپ کی رفیق حیات دکھ سکھ میں آپ کے ساتھ رہتی ہیں، اللہ نے ان پربھی حج فرض کیاہے اورنہ بھی کیاہواوراستطاعت ہوتوضرورلے جایئے، اس لیے کہ وہ اپنے سفرمیں محرم رفیق سفرکی محتاج ہوتی ہیں اور خدا معلوم آئندہ انہیں کوئی محرم ملے یانہ ملے، اس لیے حق رفاقت کاتقاضہ ہے کہ اللہ کی بندیوں کوبھی اس سفرمیں ساتھ لیجئے، تاکہ وہ بھی اللہ تعالی کے انعامات واکرام سے فائدہ اٹھاسکیں، ان خیالات کی تشہیربھی کیجئے، لکھنے کی صلاحیت ہوتومضمون کے ذریعہ ، بولنے کی صلاحیت ہوتوتقریرکے ذریعہ، مجلسی گفتگومیں ممتازہوں تواسے موضوع گفتگوبنائیے، ائمہ حضرات مساجدکے منبرومحراب سے بھی اسلام کے اس اہم رکن کی ادائیگی کے لیے ترغیب دیں، تاکہ مسلمانوں میں جو سستی پائی جاتی ہے وہ دورہو۔آقاصلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایاکہ بھلائی کی طرف رہنمائی کرنے والابھی اس خیرکے کرنے والے کی طرح ہے یعنی وہ بھی ثواب میںبرابرکاشریک ہوگا۔اس لیے اس پیغام کوہرسطح پرعام کیجئے اوراجرکے مستحق ہوجائیے، نسخہ آسان بھی ہے اورقابل عمل بھی ہے۔
اس سفر محبت وعبادت سے آپ لوٹ کر آئیں گے تو اپنے ساتھ جنت کا تحفہ اور گناہوں سے پاک ہونے کا مژدہ لے کرلوٹیں گے، حج کے اس سفر محبت وعبادت میں آپ نے کعبہ کی تجلیات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، مکہ کی بابرکت سرزمین منی، عرفہ، مزدلفہ، کے وقوف اور جمرات کی رمی نے آپ کے نفس امارہ کو مار ڈالا ہوگا، حب رسول سے سرشار، مسجد نبوی میں ادا کی گئی کم وبیش چالیس وقت کی نمازوں اور مواجہہ شریف کے در ود وسلام نے آپ کے اندر جو روحانیت پیدا کی ہے، اس کو پوری زندگی باقی رکھیے، حج کو بدنام نہ کیجئے، کھجور اور زمزم کے ساتھ وہ تحفہ بھی بانٹیے گا؛ جس میں آپ کو کچھ خرچ کرنا نہیں پڑا ہے، یہ و ہ منافع ہیں جن کو آپ نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، ان میں سے ایک اللہ پر توکل اور اعتماد کا ہے، آپ کا یہ سفر اللہ کے بھروسے ہی پورا ہے، چلنے کی سکت نہیں تھی، لیکن آپ نے طواف وسعی اللہ بھروسے کر لیا ہے، آپ نے وہاں ساری دنیا سے آئے الگ الگ مسلک اور مشرب کے لوگوں کو دیکھا ، سب اپنے اپنے طریقے پر عبادت کرتے ہیں، کوئی کسی کو بُرا بھلا نہیں کہتا، فروعی مسائل میں اختلاف کے با وجود اتحاد امت کا یہ بڑا سبق حاجی اپنے ساتھ لے کر آتاہے، ہندوستان کے پس منظر میں خصوصیت سے اس کا تذکرہ کرنا چاہیے، اس کے علاوہ تحمل اور بر داشت جن کا مظاہرہ قدم قدم پر آپ نے کیا اور دوسروں کو کرتے دیکھا ، اسے بھی لوگوں میں بانٹیے، تعصب سے پاک سماج اور خالص اللہ کی عبادت کا پیغام بھی حج کا خاص تحفہ ہے، جو اللہ کی میزبانی میں آپ کو عطا ہوا ہے، حج کے اس سفر کا بڑا فائدہ انسان کے اندر سے امتیاز کی بیماری کو ختم کرنا ہے، سلے ہوئے کپڑے کے ڈیزائن سے امتیاز پیدا ہوتا ہے، احرام کے دوبغیر سلے ہوئے کپڑے، کفن کی طرح پہن کر تمام عازمین میں یکسانیت پیدا کردی گئی، لبیک کا ترانہ عربی میں پڑھ کر زبان کا امتیاز ، منی عرفہ کے خیموں میں ٹھہر کر مکان کا امتیازختم کرایا گیا اور مزدلفہ میں کھلے آسمان کے نیچے رات گذار کر ایسے غریبوں کی پریشانیوں کا احساس جن کے سر پر چھت نہیں ہے، آپ نے کیا ہے، اس احساس کی قدر کیجئے، خود بھی عمل کیجئے اور دوسروں تک بھی پہونچائیے۔
تبصرے بند ہیں۔