محبت کی کنجیاں

تصنیف: ڈاکٹر صلاح سلطان ترجمہ: ڈاکٹر محی الدین غازی

زوجین کا تعلق محبت والفت کا ہوتا ہے۔ وہ ایک دوسرے کے لیے باعث سکون وطمانیت ہوتے ہیں ۔ دونوں ایک دوسرے کا اس حد تک خیال رکھتے ہیں کہ کسی کو اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کی نوبت نہیں آتی۔ اس لیے کہ شوہر کے حقوق بیوی کے فرائض میں داخل ہیں اور بیوی کے حقوق کی ادائیگی شوہر پر لازم ہوتی ہے۔ لیکن مغرب میں آزادئ نسواں کا جو نعرہ بلند کیا گیا ہے اس کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے کے رفیق بننے کے بجائے فریق، اور حلیف بننے کے بجائے حریف بن گئے ہیں ۔ ہر ایک اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہ ہے، لیکن اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے سرگرم رہتا ہے۔ اس بنا پر ان کے درمیان محبت اور قلبی لگاؤ کا فقدان ہے اور نت نئے سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں ۔

ڈاکٹر صلاح سلطان عالم عرب کے مشہور دانشور اور داعی ہیں ۔ سماجی موضوعات پر ان کی تحریروں کو قبول عام حاصل ہے۔ ان کی ایک کتاب کا ترجمہ ڈاکٹر محی الدین غازی نے ’’عصر حاضر میں ازدواجی زندگی کے مسائل۔ مغرب کے تناظر میں ‘‘ کے نام سے کیا تھا، جو مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز سے شائع ہوا ہے۔ اب ان کی دوسری کتاب کا ترجمہ ’’محبت کی کنجیاں ‘‘ کے عنوان سے شائع ہوا ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے ان نکات کو پیش کیا ہے جن پر اگر زوجین عمل کریں تو ان کے درمیان محبت والفت میں اضافہ ہوگا۔ مثلاً عبادت، مسکراہٹ، میٹھی بات، سلام، معانقہ، بوس وکنار، لمس، توجہ سے سننا، دیدار، مزاح وظرافت، سفروتفریح، تحفہ، رازداری اور اعلی ظرفی وغیرہ۔ آخر میں مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ ہدایات ہیں ، جن پر عمل سے باہم محبت میں اضافہ ہوگا۔ ہر نکتہ کے ذیل میں مصنف نے قرآن وحدیث کے حوالے دیے ہیں ، نفسیاتی انداز میں بات کو دلنشیں بنانے کی کوشش کی ہے، واقعات کا بھی سہارا لیا ہے، پھر یہ بھی لکھ دیا ہے کہ اس سلسلے میں کن عادتوں کو ترک کردینا چاہیے اور کون سی عادتیں اختیار کرنی چاہئیں ۔

ترجمہ بہت عمدہ اور رواں ہے۔ اردو اشعار کے اضافے سے عبارت میں حسن پیدا ہوگیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ہرشادی شدہ جوڑے کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے۔ اس سے اگر دلوں میں کچھ کدورت پائی جاتی ہے تو وہ دور ہوگی اور اپنے جوڑے سے محبت میں اضافہ ہوگا۔ کتاب میں محبت کی پندرہ (15) کنجیوں کا تذکر ہ ہے، لیکن شاید ٹائٹل ڈیزائنر کو کتاب کے مشتملات کا علم نہیں تھا، اسی لیے اس نے ٹائٹل پر صرف ایک کنجی بنادی۔

ناشر: ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس، نئی دہلی، موبائیل نمبر: 9891051676،

ای میل:[email protected]

سن اشاعت: 2016ء، صفحات: 72، قیمت: 50؍روپے

تبصرہ: ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی، سکریٹری تصنیفی اکیڈمی، جماعت اسلامی ہند

تبصرے بند ہیں۔