مہِ رمضان
یاسرعرفات طلبگار
دُدھوت ڈوڈہ
مسلمانو! عبادت کا مہینہ آ گیا ہے
اطاعت کی ریاضت کا مہینہ آ گیا ہے
سہارا دو یتیموں، بے بسوں کو، بے کسوں کو
یتیموں سے سخاوت کا مہینہ آ گیا ہے
زباں کی فحش گوئی سے بچو دل کو سنوارو
زبانوں کی حفاظت کا مہینہ آ گیا ہے
غلاظت نفس کی دھونے، دلوں کو پاک کرنے
دل و جاں کی طہارت کا مہینہ آ گیا ہے
تدبر بھی، تفکر بھی کرو قرآں پہ ہر پل
اٹھو پھر سے تلاوت کا مہینہ آ گیا ہے
ثواب و اجر ملتا ہے عمل سے بھی زیادہ
منافع کی تجارت کا مہینہ آ گیا ہے
کرو بیمار لوگوں کی عیادت ہے یہ سنت
مریضوں کی عیادت کا مہینہ آ گیا ہے
اٹھو مانگو مرادیں اپنے رب سے روز و شب میں
دعاؤں کی اجابت کا مہینہ آ گیا ہے
ہیں روزہ دار کی خاطر ہزاروں نعمتیں اس میں
کہ گوناگوں ضیافت کا مہینہ آ گیا ہے
بٹاؤ ہاتھ کاموں میں ذرا اپنے غلاموں کا
غلاموں سے رعایت کا مہینہ آ گیا ہے
چمن میں رونقیں ہی رونقیں بکھری ہوئی ہیں
جو ایماں کی طراوت کا مہینہ آ گیا ہے
ہزاروں ماہ سے افضل مبارک شب ہے اس میں
مبارک شب کی ساعت کا مہینہ آ گیا ہے
کرو حاصل دعاؤں سے عنایت اپنے رب کی
مسلمانو! عنایت کا مہینہ آ گیا ہے
مہِ رمضان برکت اور رحمت ساتھ لایا ہے
جہنم سے براءت کا مہینہ آ گیا ہے
خدا کے ذکر سے یاسر کریں ایمان تازہ
کہ ایماں کی حرارت کا مہینہ آ گیا ہے
تبصرے بند ہیں۔