آئی ہے آج لے کے خوشی کا پیام عید

احمد علی برقیؔ اعظمی

آئی ہے آج لے کے خوشی کا پیام عید
رمضان کا ہمارے لئے ہے انعام عید

سب کے لئے ہے قابلِ صد احترام عید
دیتی ہے سب کو حسنِ عمل کا پیام عید

روزہ نشاطِ روح کا سامان ہے ، مگر
سب کے لئے ہے بادۂ عشرت کا جام عید

یہ از روئے اصولِ صحت بھی مفید ہے
حفظان صحت کا ہے مکمل نظام عید

رمضان ضبطِ نفس کا اک امتحان ہے
در اصل ہے نتیجۂ ماہِ صیام عید

بچے جوان بوڑھے سبھی شادکام ہیں
اُن کے لئے ہے جشن کا اک اہتمام عید

جن کو نہیں تھی لذتِ کام و دہن نصیب
برقیؔ ہے آج اُن کے لئے فیضِ عام عید

تبصرے بند ہیں۔