اردو صحافت اور مولوی محمد باقر: ایک تجزیاتی مطالعہ
اردو کا پہلا باضابطہ اور باقاعدہ اخبار جاری کرنے والے صحافی مولوی محمد باقر شہید کی حیات اور صحافتی خدمات، تعلیمی نظریات اور کارناموں پر پہلی مفصل اور باضابطہ کتاب شائع ہوکر منظر عام پر آگئی ہے۔ معروف کالم نگار اور ادیب عادل فراز نے ’’اردو صحافت اور مولوی محمد باقر:ایک تجزیاتی مطالعہ ‘‘ کے عنوان سے یہ کتاب تحریر کی ہے۔ واضح رہے کہ مولوی محمد باقر کو انکی حق گوئی اور بیباکانہ طرز اظہار کی بنیاد پر ۱۸۵۷ ءمیں انگریز حکومت نے شہید کردیا تھا۔
اس کتاب کو آٹھ حصوں میں تقسیم کیا گیاہے۔ پہلا باب ’’ہندوستان میں مطبوعہ صحافت کا آغاز‘‘ہے۔ اس باب میں مطبوعہ صحافت کی تاریخ پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔ دوسرے باب ’’ مولوی محمد باقر :احوال و آثار ‘‘ میں مولوی محمد باقر کی مکمل حیات، آثار، خاندانی پس منظر، تعلیم و تدریس، مختلف تنازعات، انکی تصانیف اور تعلیمی نظریات کا بھر پور جائزہ پیش کیا گیاہے۔ تیسرے باب’’دہلی اردو اخبار کا اجراء اور پریس کا قیام ‘‘ میں دہلی اردو اخبار کے اجراء سے متعلق مختلف نظریات کا تجزیہ پیش کیا گیاہے۔ دہلی اردو اخبار پریس کی خریدار ی اور اس پریس کی اہم مطبوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ چوتھے باب ’’دہلی اردو اخباراور اس کے امتیازات‘‘ میں اخبار کی ادبی و سیاسی حیثیت کو واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ساتھ ہی دہلی اردو اخبار کے صفحات پر موجود قلعہ معلیٰ کی ادبی محفلوں اورادبی و سیاسی چشمکوں پر تفصیلی بحث کی گئی ہے۔
اس باب میں مولوی محمد باقر کی غیر جانبدارانہ صحافت کی بنیاد گزاری اور اردو صحافت کو پہلی بار سیاسی مزاج و منہاج عطا کرنے پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔ کتاب کا اہم حصہ ۱۸۵۷ ء میں مولوی محمد باقر کےقلمی جہاد اور دہلی اردو اخبار کی سیاسی فعالیت پر مشتمل ہے۔ اسی پس منظر میں یہ ثابت کیاگیاہے کہ مولوی محمد باقر انگریزوں کے وفادار نہیں تھے بلکہ ایک منظم سازش کے تحت انکی کردار کشی کی گئی۔ کتاب میں مولوی محمد باقر کی عیسائیت کی تبلیغی مشینری کے خلاف مہم جوئی اور ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف انکے سیاسی نظریات کو بہترین انداز میں پیش کیاگیاہے۔ کتاب کے آخری باب’’ مولوی محمد باقر کی شہادت کے وجوہات ‘‘ کے مطالعہ سے یہ ثابت ہوتاہے کہ انہیں کس قدر ظالمانہ اور بے رحمانہ طریقے سے شہید کیا گیا نیز انکی وطن پرستی اور استعمار ی نظام سے عداوت پر بھی روشنی پڑتی ہے۔
اس کتاب کو عرشیہ پبلیکیشنز نئی دہلی نے شائع کیاہے۔ کتاب ۲۸۰ صفحات پر مشتمل ہے جس کی قیمت ۳۵۰ روپے ہے۔ طلباء کو پچاس فیصد رعایت پر کتاب مہیا کرائی جارہی ہے۔ کتاب لکھنؤ، دہلی، اور علی گڑھ میں مختلف کتب فروشوں کے یہاں سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ کتاب حاص کرنے کے لئے براہ راست مصنف سے 8896531406 پر رابطہ کیا جاسکتاہے۔
تبصرے بند ہیں۔