محمد عثمان احمد کو پی ایچ  ڈی کی ڈگری تفویض

شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ۵؍ فروری ۲۰۱۹ کو محمد عثمان احمد کا زبانی امتحان طے پایا۔ شعبے کے ریسرچ اسکالر محمد عثمان احمد نے ’’ابن صفی کی ناول نگاری: ایک تجزیاتی مطالعہ‘‘ کے موضوع پر پی ایچ – ڈی کا مقالہ تحریر کیا ہے۔ ابن صفی اردو میں جاسوسی ادب کے تعلق سے خاصے معروف و مقبول ناول نگار ہیں۔ جاسوسی ادب کے علاوہ ابن صفی نے شاعری بھی کی اور نثری ادب میں ایسی تحریریں بھی یاد گار چھوڑیں جو جاسوسی ادب کے سوا ہیں۔ لیکن محمد عثمان احمد کا مرکز مطالعہ ابن صفی کی جاسوسی ناول نگاری ہے۔

اس موضوع کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے انھوں نے موضوع کو چار ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ جس میں خصوصی طور پر قابل ذکر دوسرا باب ’’اردو میں جاسوسی ادب کی روایت‘’ ہے اور آخری باب ناول کے تجزیاتی مطالعے پر مبنی ہے۔ اس باب کو بھی پانچ حصوں میں تقسیم کر کے ابن صفی کے جاسوسی ناولوں کا ہر پہلو سے عمدہ جائزہ لیا ہے۔ اس بات کا اعتراف ان کے مؤقر ممتحن نے بھی کیا ہے۔

ممتحن کے طور پر معروف ناقد و ادیب پروفیسر ابن کنول نے شرکت کی اور موضوع کے ساتھ ساتھ محمد عثمان احمد کی محنت و کاوش کو بھی خوب سراہا۔ اس مقالے کے نگراں شعبے کے استاد اور مکتبہ جامعہ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر عمران احمد عندلیب اور معاون نگراں معروف ناول و افسانہ نگار ڈاکٹر خالد جاوید تھے۔

اس موقعے پر شعبے کے طلبا و طالبات نیز ریسرچ اسکالز کے علاوہ اس وقت کے صدر شعبہ پروفیسر شہپر رسول، ڈین فیکلٹی آف ہومینٹیز اینڈ لیگویجز پروفیسر وہاج الدین علوی، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ اور شعبے کے تمام اساتذہ موجود تھے۔ سابق صدر شعبۂ اردو پروفیسر شہناز انجم اور پروفیسر مظہر مہدی کی موجودگی بھی باعث فخر و ناز رہی۔ آخر میں تمام حاضرین نے ڈاکٹر محمد عثمان احمد کو مبارک باد پیش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ اساتذہ اور بزرگوں نے کامیابی اور کامرانی کی دعائوں سے نوازا اور دست شفقت پھیرا۔

تبصرے بند ہیں۔