ہر کوئی اپنے اندر ہی سمٹا ہے کیوں؟

افتخار راغب

ہر کوئی اپنے اندر ہی سمٹا ہے کیوں

مسخ اتنا اخوّت کا چہرہ ہے کیوں

ساری آنکھیں شش و پنج میں پڑ گئیں

مڑ کے میری طرف اس نے دیکھا ہے کیوں

تم کو معلوم ہے تم ہو دنیا مری

کیا پتا مجھ سے ناراض دنیا ہے کیوں

صبر کی اُس نے تلقین کی تھی کبھی

اب یہ شکوہ کہ یہ شخص ایسا ہے کیوں

کیا بتاؤں کہ میں خود ہی حیران ہوں

تجھ پہ خود سے زیادہ بھروسا ہے کیوں

دیکھتے ہی اُسے جان جاؤگے تم

قریہء جاں میں اتنا اجالا ہے کیوں

دور بیٹھے ہوئے چاند کو کیا پتا

"چاند کے عشق میں دل تڑپتا ہے کیوں”

 تجھ پہ راغب ہوں اور ہوں ترا افتخار

پھر بھی تو مجھ سے یوں اکھڑا اکھڑا ہے کیوں

تبصرے بند ہیں۔