اللہ کی کتاب

عبدالکریم شاد

حکمت کا پہلا باب ہے اللہ کی کتاب

بے مثل و لا جواب ہے اللہ کی کتاب

جس کو کبھی زوال نہیں دو جہان میں

اک ایسا آفتاب ہے اللہ کی کتاب

اک بار بات کر کے ذرا دیکھیے تو آپ

ہر بات کا جواب ہے اللہ کی کتاب

دنیا کی ہر کتاب میں کچھ نقص ہے ضرور

بس ایک با صواب ہے اللہ کی کتاب

اللہ کے حضور سفارش کرے گی یہ

اس درجہ بار یاب ہے اللہ کی کتاب

پڑھ لو کہ امتحان کی ساعت قریب ہے

اس زیست کا نصاب ہے اللہ کی کتاب

کیا پوچھتے ہو کون ہے امت کا ناخدا

اللہ کی کتاب ہے اللہ کی کتاب

فتنوں کی دھوپ پھیل رہی ہے چہار سو

ایسے میں بس سحاب ہے اللہ کی کتاب

اے شاد! منتخب کیے غیروں نے کاغذات

مومن کا انتخاب ہے اللہ کی کتاب

تبصرے بند ہیں۔