اڈوانی کے نام: بابری مسجد کی شہادت کی برسی پر
ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی
(دوحہ قطر)
سانپ کو دودھ پلانے کا یہ انجام ہوا
اپنے شاگرد کے ہاتھوں ہی ترا کام ہوا
…
اینٹ پتھر کی لہو رنگ سیاست کے نقیب
تجھ سے کیا کیا نہ گلی کوچوں میں کہرام ہوا
…
تیرے قدموں کی نحوست سے جلے شہر کے شہر
رتھ نہ تھا گویا عزازیل کا پیغام ہوا
…
رام لیلا کی کہانی کے تھے کردار عجب
جس میں راون کو یہ دھوکہ تھا کہ وہ رام ہوا
…
وہ عبادت کدہ ہوتی تھیں نمازیں جس میں
ہاۓ افسوس کہ اب مسکنِ اصنام ہوا
…
6 دسمبر کو لگا ملک کے ماتھے پہ کلنک
نام نامی بھی شری رام کا بدنام ہوا
…
لے گیا چھین کے نفرت کی وراثت تیری
اب کسی اور کے ہاتھوں میں ترا جام ہوا
…
حال یہ ہے کہ ترے چاہنے والوں میں کوئی
نام لے لے جو ترا، باعث دشنام ہوا
…
ایک ایک کر کے سبھی راندۂ درگاہ ہوئے
توڑنے والوں کا مسجد، یہی انجام ہوا
…
ڈال ماضی کے گناہوں پہ ندامت کی نظر
اب سیاست کے جھمیلوں سے جو آرام ہوا
تبصرے بند ہیں۔