رمضان کی طرح پورے سال زندگی بسر کریں

محمد جاوید

(نئی دہلی)

رحمت کا مہینہ یعنی رمضان المبارک کااختتام ہو رہاہے۔ رمضان المبارک کے جانے سے دل اداس ہے اورہم سب کو یہ عہد کرناچاہئے کہ ہم سب نے جس طرح رمضان میں عبادت میں وقت گذارااور گناہوں سے بچے رہے اسی روش پر چلتے ہوئے ہم پورے سال اپنی زندگی بسر کریں گے۔ انشاء ﷲ۔رمضان اسلامی کلینڈر کا نواں مہینہ ہے، جو محمدصلی اﷲعلیہ وسلم پر قرآن کی شروعاتی نعمت کی یاد میں ایک ماہ تک دنیا بھر کے مسلمان روزہ رکھتے ہیں۔ اس ماہ میں کچھ ممالک فوجی کاروائی روک دیتے ہیں اوربھارت بھی کشمیر میں فوجی کاروائی روک دیتا ہے۔ اﷲتعالیٰ پر بھروسہ رکھنے والے بندے اس سے ثواب کے حقدار ہیں جو اس رمضان کے ماہ میں روزہ رکھتے ہیں اوربرائیوں سے خود کو بچائے رکھتے ہیں اور نیک کام کرتے ہیں۔

رمضان کا مہینہ ہم سب کو تشدد، خون خرابہ، دشمنی اور لڑائی جھگڑے سے بچنے اور نیکیوں کے راستے پر چلنے کا سبق سکھاتا ہے۔ قرآن مجید میں اﷲتعالیٰ فرماتا ہے ’ اے ایمان والو، روزہ تم پر فرض کیا گیا، جس طرح تم سے پہلے (امتوں کے) لوگوں پر فرض کیا گیا تھا۔ رفتہ رفتہ تم روزہ کی بدولت متقی بن جاؤ‘‘ روزہ ہمیں ہر سال کھانا اور پانی کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔ روزہ ہمیں احساس دلاتا ہے کہ اﷲکی عطا کردہ نعمتوں کے حصول کیلئے امن و شانتی، بھائی چارہ اور ایک دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے تئیں حسنِ سلوک ضروری ہے کیونکہ جب امن وشانتی ہوگی تو نعمتوں کو حاصل کرناآسان ہوگا۔

رمضان ماہ میں روزے کا آغازنئے چاند کے ساتھ ہوتا ہے اور ایک بار دوبارہ شوال کے اگلے ماہ میں چاند دیکھنے کے ساتھ ختم ہوتا ہے۔ اسکے اگلے دن عید ہوتی ہے، عید کے لفظی معنی ’بار بار آنا ہے ‘جو ماضی سے سبق لیتے ہوئے انہیں مستقبل میں اپناتے ہوئے اپنی زندگی کو اصول و ضابطے میں رہنے کا سبق دیتاہے۔ روزہ اپنے نفس پر کنٹرول کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ خود کونیکی کے راستے پر ڈالنے، اپنے اخلاق کو بہتر بنانے اور دیگر خوبیوں سے مالامال ہونے کیلئے رمضان کا مہینہ مسلمانوں کیلئے ایک نعمت اور اﷲکی طرف سے ایک بہترین تحفہ ہے۔ روزہ روحانی سکون کا ایک بہترین ذریعہ ہے کیونکہ جب انسان گناہوں سے دور رہتے ہوئے نیکی کے راستے پرچلتاہے تو اسے روحانی سکون ملتاہے۔

روزہ اہلِ دنیا کو متاثر کرنے کابھی ذریعہ ہے کیونکہ روزہ صبر سکھاتا ہے اور صبر کے ذریعے ہی انسان امن کے قیام میں اپنا رول ادا کرسکتا ہے۔ روزہ خالق اور مخلوق کے درمیان ایک گہرہ رشتہ قائم کرنے کا سالانہ تہوار ہے۔ آیئے عہد کرٰیں رمضان کے مہینے کی طرح ہم پورے سال اپنی زندگی بسر کریں گے۔

تبصرے بند ہیں۔