نعتِ رسولﷺ
ذکی طارق بارہ بنکوی
(سعادت گنج،بارہ بنکی، یوپی)
کیوں نہ اس پے زندگی اپنی ذکی واری کرے
وہ نبی جو سارے ہی نبیوں کی سرداری کرے
۔
دیکھو تو آقا سے مولا کیا حسیں یاری کرے
ہر پہر اس کے مدینے پر کرم باری کرے
۔
قافلہ جاتا ہوا سوئے مدینہ دیکھ کر
اے خدا غمگیں بہت مجھ کو یہ ناداری کرے
۔
پتھروں کی بارشوں کے بدلے برسائے دعا
کوئی سرکارِ مدینہ جیسی سرکاری کرے
۔
شکر ہے میں اس نبیء پاک کا ہوں امتی
جو برائے عاصی رب سے گریہ و زاری کرے
۔
مرحبا میرا نبی ہے ایسا اک گلزار ساز
جو کہ چٹانوں پہ بھی تیار پھلواری کرے
۔
میرے جیسا ایک عاصی اور نعتِ مصطفٰی
دیکھئے کیا کیا کرشمے رحمتِ باری کرے
۔
عظمتِ دنیا بھی بخشے اور بہشتِ ناز بھی
کون ہے جو میرے آقا جیسی مختاری کرے
تبصرے بند ہیں۔