الحرا ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام شعری نشست کا انعقاد

ڈاکٹر خالد مبشر

الحرا ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام الحرا نیشنل اکیڈمی شرافت نگر  بہادرگنج، کشن گنج میں مورخہ 13 جنوری 2018 بروز سنیچر، ڈاکٹر خالد مبشر (استاد شعبئہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی) اور ڈاکٹر قسیم اختر (مدیر سہہ ماہی ابجد، ارریہ) کے اعزاز میں شعری نشست کا انعقاد ہوا۔

اس موقع پر الحرا ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئر مین اور اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہنواز بابل نے دونوں مہمانان کی خدمت میں شال پیش کی اور جناب وسیم اختر نے گلدستے سے استقبال کیا۔ اس موقع پر محبِ اردو جناب وسیم اختر صاحب کو اردو کی بے لوث خدمت کے لیے ڈاکٹر قسیم اختر نے شال پیش کر کے ان کی عزت افزائی کی  استقبالیہ اور شعری نشست کی صدارت بزرگ شاعر حازم حسان نے کی اور جناب جہانگیر نایاب نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔

شعرا میں جناب حازم حسان، جناب ظہیر انور، جناب امام مظہر، ڈاکٹر شاہ نواز بابل، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر قسیم اختر، جناب جہانگیر نایاب، جناب وسیم اختر اور جناب تبریز ہاشمی، جناب رائے موہن سنہا، جناب بسنت کمار نے اپنے کلام سے نوازا۔

جناب وسیم اختر، جناب طیب فرقانی جناب  جناب مرغوب عالم جناب مکتوب عالم  ڈاکٹرظریف احمد مفتی رہبر نواز اور جناب عظیم الدین صاحب کے علاوہ درجنوں شرکا نے ڈاکٹر خالد مبشر اور ڈاکٹر قسیم اختر کی ادبی خدمات اور شخصیت پہ اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر بینک منیجر فاروق صاحب، جناب فہیم سرور صاحب، جناب، جناب یوسف صاحب، وسیم اختر شاداب، کے علاوہ درجنوں احباب، الحرا نیشنل اکیڈمی کے اساتذہ اور طلباء کی شرکت رہی۔

شعری نشست میں پیش کئے گئے شعرائے کرام کا منتخب کلام:

تھوڑی سی خوشی کے لو خزانہ ہے اس کے پاس

وہ  شخص ایک  سمت  جو  ہے  سوگوار  سا

حازم حسان

خو اپنے احتساب کی فرصت کہاں ملی

کچھ بھی ہوا تو غیروں پہ الزام دھر گئے

ڈاکٹر خالد مبشر

نہ راستے میں ملا یہء شجر مجھ کو

دیا ہے زیست نے بس دھوپ کا سفر مجھ کو

ڈاکٹر قسیم اختر

ہیں جتنی خود فریبیاں ہوجائیں گی ہوا

جب دیکھ لیں گے آئنہ اپنی نظر سے ہم

الحاج ظہیر انور

مسجد مندر بول کر، آپس میں لڑوائے

لے کر چندہ قوم سے، اپنا گھر چمکائے

ڈاکٹر شاہ نواز بابل

ہم ادھر مصروف تھے اور وقت کا سیلِ رواں

کیا پتا کب چھین کر ہم سے جوانی لے گیا

جہانگیر نایاب

اظہارِ جفا میں بھی ملحوظ وفا رکھنا

وہ بھی نہ بُرا مانے دل کا بھی کہا رکھنا

امام مظہر

غصہ دکھائے مجھ کو بھی تو اور پیار بھی کرے

ماں تیری اس ادا نے تو مسحور کر دیا

تبریز ہاشمی

ان کے علاوہ جناب وسیم اختر، شری رائے موہن سنہا اور شری بسنت کمار کی نظموں کو بھی لوگوں نے کافی پسند کیا۔

1 تبصرہ
  1. M.H. Umman کہتے ہیں

    ماشاءاللہ، بہت خوب،مبارک باد ،، پڑھ کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ حضرات اردو کے فروغ کے لئے کوشش جاری رکھے ہو ئے ہیں۔ بہت بہت مبارک ہو

تبصرے بند ہیں۔