رمضان کی تیاری اور استقبال

فواد کیفی

 (عمان)

رمضان بس آیا ہی چاہتا ہے۔ یہ مہینہ قران کا مہینہ ہےٗ روزہٗ افطار ٗسحریٗ تراویح و ذکراللہٗ تسبیح اور وظایف کا مہینہ ہے۔ اخلاص نیکی اور عبادت کی تڑپ ٗ اللہ سے  رحمت اور مغفرت مانگنے اور جہنّم سے خلاصی کا مہینہ ہے۔ قیام اللیل کا اور تہجد میں گڑگڑانے کا مہینہ ہے۔

ظاہر ہے جب اتنا اہم مہمان آنے والا ہو تو ہماری تیاری بھی ویسی ہی چوق و چوبند ہونی چاہیے۔ آیے ہم یہاں چند آسان اور سہل طریقے سے اسکی تیاری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

قران

(الف)

قران اسی ماہ میں نازل ہوا۔ اسکی خوب تلاوت کا اہتمام کریں۔ ۔ ۔ سب سے بہتر تو یہ ہے کہ آپ تھوڑا ہی پڑھیں مگر سمجھ بوجھ کر پڑھیں۔ ترجمہ اور تلخیص و تشریح کے ساتھ پڑھیں اپ  کو جن کا  ترجمہ پسند آےاسی کا مطالعہ کریں۔  تاکہ اپ کے اندر ”تدبر“ کی کیفیت پیدا ہو جاۓ۔

(ب)

اس سے بھی زیادہ بہتر ہو اگر اپ اپنے گھروں میں اجتماعی طور پر پڑھیں۔ معمول بنا لیں 10 سے 15 منٹ روزکا۔ ظہر سے قبل یا ظہر کے بعد کا وقت بہتر ہو سکتا ہے۔ گھرکے سارے افراد ایک جگہ جمع ہو جایں۔ ۔ ایک رکوع پڑھیں ٗاسکا ترجمع ٗ اسکی تشریح پڑھیں۔ پھر دوسرے دن گھر کے کسی دوسرے فرد کو پڑھنے کہیں ٗبچوں کو اس محفل میں ضرور شریک رکھیں

(ج)

اگر کوٸ صرف ناظرہ ہی پڑھتا ہے تو اسکا بھی بہت ثواب ہے اور اللہ اس کے بدلے بھی نیکی دیتا ہے۔ اگر اپ ناظرہ پڑھ رہے ہیں تو اس کے لۓ بھی اس فارمولے کو آزمایں۔

ایک قران کی ضخامت صفحہ کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ 600  کی ہوتی ہے۔

اس 600 کو آپ 30 دنوں میں تقسیم کر دیں۔ 20 ہوۓ۔ 20 صفحہ روز پڑھنے سے ایک ختم قران ہو جایگا۔ ۔ ۔ مگر ایسا محسوس ہوتا ہے 20 صفحہ روز ٗ مشکل ہے پڑھنا۔ ۔ ۔ ۔ اب آپ اس 20 کو 5 وقت کی نمازوں کے وقت سے تقسیم کر دیں۔ اب آیا 4 ۔ ۔ ۔ یعنی ہر نماز کے وقت آپ کو محض 4 صفحات پڑھنے ہیں۔ اگر اس میں  بھی آپ کو الجھن لگے تو اس میں سے 2 نماز سے قبل 2 نماز کے بعد پڑھ لیں۔ ۔ ۔ ۔ اور یہ بہت کم وقت میں ہو جایگا اور  آسان  بھی ہوگا۔ ۔ مہینہ ختم ہوتے ہوتے آپ بڑے آرام سے مکمل قران پڑھ چکے ہونگے۔ ۔ ۔ ۔ اگر آپ کے پاس مزید وقت ہے اور آپکی اسپیڈ اچھی ہے تو آپ اسے ڈبل بھی کر سکتے ہیں۔ ۔ ۔ یعنی 4 صفحات نماز سے قبل اور 4 صفحات نماز کے بعد۔ ۔ ۔ لیجۓ اس طرح آپ 2 دفعہ مکمل کر سکتے ہیں۔

نماز

رمضان میں بھی بعض افراد کی جماعت چھوٹ جاتی ہے۔ آپ اس کو یقینی بنایں کہ اذان ہوتے ہی مسجد پہنچ جایں۔ ۔ ۔ گھر کے بچوں کو مسجد ضرور ساتھ لے جایں۔ ۔ یاد رہے یہی بچے کل کے مسجد کے مستقل مصلی ہیں۔

تہجد اور لیلة القدر

پورے اہتمام سے خود بھی اٹھۓ اہل خانہ کو بھی اٹھایں۔ بچوں کو بھی ترغیب دیںٗ بتایں کہ اللہ اس بیچ رات کے اٹھنے کو کتنا پسند کرتا ہے۔ ۔ دوستوں اور رشتہ داروں کو فون کرکے یا میسج کرکے اٹھایں۔ ۔ ۔ ثواب جاریہ ہوگا۔ ۔ اللہ قبول کرے۔

تراویح  

تراویح کا اہتمام عمومی طور پر اپنے یہاں خوب ہوتا ہے۔ ۔ کوشش کریں کی صاف صاف اور ٹھیر ٹھیر کر قران پڑھانے والے حافظ صاحب ہوں۔ جب وہ پڑھ رہے ہوں پورے دھیان سے اسے سنیے۔ ۔ ۔ تراویح میں بھی گھر کے بچوں کو ضرور لے جایں۔

افطار

کسی روزہ دار کو افطار کرانا بہت ثواب کا کام ہے۔ ۔ ۔ کوشش کیجے اپنے محلے کے کسی مستحق کو روزانہ ایک افطار ضرور بھیجیں۔ اگر خود سے جاکر دیں تو اللہ اور اسکا اجر عطا کریگا۔ یا پھر گھر کے کسی بچے کے ہاتھ بھیجیں تاکہ کل کو اسکو بھی اسکی ترغیب ملے۔

اگر آپ کا گھر سڑک کنارے ہے تو بہتر ہے کہ آپ باہر والے علاقے میں افطار کریں تاکہ کوٸ راہی مسافر روزہ دار بھی آپکے افطار میں شریک ہو سکے۔ اللہ ہماری چھوٹی سے چھوٹی نیکی کو بھی قبول فرماۓ آمین۔

تبصرے بند ہیں۔