عالمی یوم انسداد پولیو: منظوم تاثرات

احمد علی برقی اعظمی

پولیو کی ہے ضروری روک تھام
کیجئے بروقت اس کا انتظام

تندرستی کا ہے ضامن یہ ڈراپ
اس لئے لازم ہے اس کا اہتمام

ہے یہ بچوں کے لئے جام صحت
تندرستی کی علامت ہے یہ جام

ہے اگر درکار حفظان صحت
اس مشن کو کیجئے لوگوں میں عام

قوم کے معمار ہیں بچے یہی
ملک کا جو کل سنبھالیں گے نظام

ہے ضروری ان کی ذہنی تربیت
ان میں شاید ہو کوئی عبدالکلام

ہے نمونہ جس کا کردار و عمل
ہے زباں پر ہر کسی کی جس کا نام

شاید ان میں کوئی ’’سر سید‘‘ بھی ہو
جس کا جاری آج تک ہے فیض عام

ہے ’’علی گڈھ‘‘ جس کا میدان عمل
ملک کا روشن کیا ہے جس نے نام

کوئی شاید ہو ’’حکیم عبدالحمید‘‘
جس کا ہے ’’ ہمدرد‘‘ اک نقش دوام

تھا جو اپنے آپ میں اک انجمن
خدمت خلق خدا تھا جس کا کام

۔۔’’جامعہ ہمدرد‘‘ ہے اس کا ثبوت
استفادہ کر رہے ہیں خاص و عام

’’ہر کہ خدمت کرد او مخدوم شد‘‘
ذات پر صادق ہے ان کی یہ کلام

’’پولیو‘‘ در اصل ہے سوہان روح
اس کا کب ہو گا نہ جانے اختتام

ہو سکا اس کا نہ اب تک سد باب
ہے یہ برقیؔ ایک عبرت کا مقام

تبصرے بند ہیں۔