عشقِ نبی میں ڈوب کے نعت و سلام لکھ

مقصود اعظم فاضلی

لکھ اے قلم !  ادب سے، بصد احترام لکھ
عشقِ نبی میں ڈوب کے نعت و سلام لکھ

…

اترے گی اب نہ وحی کوئی آسمان سے
نبیوں کے سلسلے کا ہوا اختتام لکھ

…

لیکر چلا ہے جب کوئی پیغامِ مصطفیٰ
تسخیر ہوگیا ہے خدا کا نظام لکھ

…

مل جائے گی سخن کو سند اعتبار کی
پڑھ کے درود مدحتِ خیر الانام لکھ

…

ان کے علاوہ سارے زمانے کو بھول جا
اس طرح لوحِ دل پہ محمد کا نام لکھ

…

اخلاقِ مصطفیٰ کے ترازو میں سب کو تول
آقا کسی کو لکھ نہ کسی کو غلام لکھ

…

اعظم خدا نے جن کا سوا مرتبہ کیا
تیری کہاں بساط کہ ان کا مقام لکھ

تبصرے بند ہیں۔