ہر طرف پھیلی ہے شہرت آپ کی

مجاہد ہادؔی ایلولوی

 ہر طرف پھیلی ہے شہرت آپ کی
لگ رہی ہے اب تو قیمت آپ کی

کون دیکھے ہے یہ صورت آپ کی
سب کو پیاری ہے یہ دولت آپ کی

چاند تارے بھی اترنے ہیں لگے
کس قدر آباد ہے چھت آپ کی

قوم و ملت کی قیادت کے لئے
صاف ہو صورت سے سیرت آپ کی

گر نہ پائی آپ نے ماں کی دعا
تو بنے گی کیسے جنت آپ کی

ایک دن مظلوم کی اک بد دعا
پھونک ڈالے گی حکومت آپ کی

موت تک یوں ہی عمل کرتے رہو
رنگ لائے گی عبادت آپ کی

سب کا ہادؔی اب محافظ ہے خدا
کیا کرے کوئی حفاظت آپ کی

تبصرے بند ہیں۔