آج ہے انفارمیشن ٹکنولوجی کی بہار

احمد علی برقی اعظمی

آج ہے انفارمیشن ٹکنولوجی کی بہار
کوئی ’گوگل‘ پر فدا ہے کوئی ’یاہو‘ پر نثار

…

کوئی وکیپیڈیا پر کررہا ہے جستجو
کررہا ہے کوئی سوشل میڈیا پر اعتبار

…

ہے ’بلاگ اسپاٹ‘ کا گرویدہ کوئی اور کوئی
کر رہا ہے دوسری ویب سائٹوں پر انحصار

…

’انڈیا ٹائمز‘ ہو ’جی میل‘ ہو یا ’ہاٹ میل‘
چل رہا ہے ’آئی ٹی‘ سے آج سب کا کاروبار

…

آج ہے سائنس پر ہر چیز کا دار و مدار
اب نئی قدروں پہ ہے اہل جہاں کا اعتبار

…

اب نہیں کچھ فرق قرب و بعد میں ’ای میل‘ سے
لوگ آخر کیوں کریں اب نامہ بر کا انتظار

…

زندگی کا کوئی بھی شعبہ نہیں اس سے الگ
آج ’کمپیوٹر‘ پہ ہے سارے جہاں کا انحصار

…

ہو فضائی ٹکنولوجی یا نظام کائنات
کرتے ہیں معلوم اس سے گردش لیل و نہار

…

جانتے ہیں لوگ اس سے کیا ہے موسم کا مزاج
کیوں فضا میں اڑ رہے ہیں ہر طرف گرد و غبار

…

اس کا ہے مرہون منت آج سارا ’میڈیا‘
جتنے سیٹ لائٹ ہیں سب کا ہے اسی پر انحصار

…

ہے سبھی سیٹ لائٹوں کا اس سے پیہم رابطہ
’ورلڈ وائڈ ویب‘ سے ہے یہ ہر کسی پر آشکار

…

عصر حاضر میں نہیں اس سے کسی کو ہے مفر
پڑتی ہے اس کی ضرورت ہر کسی کو بار بار

…

’آئی ٹی‘ کو آپ بھی اپنائیں برقی اعظمی
آج ہے اس کے لئے ماحول بیحد سازگار

تبصرے بند ہیں۔