تحفظ سنت میڈیا : تعارف وخدمات
تحفظ سنت میڈیا
تعارف وخدمات
اسلام ایک کامل اور مکمل دین ہے ،جو تاقیامت ساری انسانیت کے لئے دائمی دستور اور ابدی منشور کی حیثیت رکھتا ہے ،جس میں کسی بھی قسم کی کمی بیشی کی بالکل گنجائش نہیں ، ہاں یہ ممکن ہے کہ مرورِ زمانہ اور خیر القرون سے بعد کے سبب امت پر مختلف حالات آئیں اور امت غفلت ونادانی ،کتاب و سنت سے دوری اور مسلک ِسلف سے بیزاری کی بناء پر ان کا شکار ہوجائے ؛لیکن سرکار دو عالم ﷺ نے اس دور فتن میں بھی ما انا علیہ واصحا بی کی شکل میں جس راہ عمل کی نشاند ہی فرمائی ہے وہ ساری امت کے لئے تادم آخر مشعل ِراہ اور خضر طریق ہے ۔
دورحاضر میں مختلف فرقوں اور تاریک فتنوں کے درمیان حق و اہل حق کی شناخت ایک دشوار گذار مسئلہ بنتی جارہی ہے ،ہر کوئی صرف خود کو حق سے جوڑنے ،دوسرے کو کافر اور گمراہ بتلانےاور اپنے اپنے مفادات حاصل کرنے کی تگ و دو میں لگاہوا ہے ، اس طرح ان باطل افکار ونظریات کے فروغ کیلئے میڈیابھی ایک اہم اسلحہ اور بنیادی ہتھیار کا کام کررہا ہے ۔
اور یہ بات بھی کسی پر مخفی نہیں ہے کہ الکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ تضلیل امت کے جو بازار آج گرم ہو رہے ہیں ،جوفتنہ پردازیاں آج نظر آرہی ہیں،مذہب اسلام اور اہل سنت والجماعت کے خلاف جومحاذ آرائیاں ہوتی دکھائی دے رہی ہیں ،ماضی میں ایسی مثالیں نہ صرف کم یاب ؛بلکہ نایاب تھیں مگر اب تو الامان الحفیظ۔تن ہمہ داغ داغ شد پنبہ کجا کجانہم
ایسی خطرناک ؛بلکہ افسوس ناک صورت حال میں جبکہ باطل کی پیہم یلغاروں اور مسلسل حملوں سے ملت اسلامیہ کراہ رہی ہے ،مختلف فرقوں اور تحریکوں نے ملکر امت کے متحدہ شیرازے کو بکھیر دیا ہے اور داخلی و خارجی سطح پر اسلام کی شبیہ کو مسخ کرنے کی ناتمام کوششیں عروج پر ہیں ۔
ایسے میں چند با تو فیق علماء کی جانب سے اس بات کی اشد ضرورت محسوس کی گئی اکابر کی راست نگرانی میں کوئی ایسا ادارہ قائم ہو جو قدیم صالح اور جدید نافع کا مصداق ہونے کے ساتھ ساتھ میڈیا کے اس اہم ترین ہتھیار سے لیس ہوکر تحفظ شریعت وسنت اور دفاع صحابہ وائمہ کا کام انجام دے ۔
چنانچہ محدود وسائل اور مختصر عملہ کے ساتھ اس مبارک کام کی بنیادرکھی گئی اور بڑوں کی سرپرستی میں حق کی بے لاگ نمائندگی کے لئے ایک متحدہ پلیٹ فارم تحفظ سنت میڈیا کے نام سے ہموارکیا گیا پھر کیا تھا؟؟ دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں کی تعداد میں عامۃ المسلمین نے اس سے وابستگی کے ذریعہ اپنی غیرت ایمانی اور حمیت دینی کا ثبوت دیا ۔
کام کی نوعیت :
(۱)واٹس ایپ سروس:
تحفظِ سنت میڈیا کے تحت مشہور سوشل نیٹ ورک واٹس ایپ پر علماء وعوام کے جملہ پانچ گروپ کار کرد ہیں ؛جن میں صرف متعلقہ موضوع پر ہی مواد بھیجاجاتا ہے اور اس ارسال کردہ مواد کو تقریباً ۹۰۰سے زائد نمائندے پابندی کے ساتھ عوام الناس تک پہونچاتے رہتے ہیں ؛جس کی مکمل رپورٹ دفتر پر موجود ہے نیز اس سلسلہ کو متحرک وسرگرم رکھنے کے لئے بڑی تعداد میں ویڈیو کلیپس ،آڈیواور اسکائین پیج سے ہم رشتہ مختصر مواد ہر دن بنایا جاتا ہے اس طرح اب تک ۱۰۰ سے زائد ویڈیوز، ڈھائی سو سے زائد ایمیجس ، اور متعدد ٹکسٹ میسیجس اور آڈیو ز بن کر قبول عام حاصل کرچکے ہیں ۔
(۲)ماہانہ تربیتی ورکشاپ :
عوام میں شعور بیداری ،علماء سے استفادہ اور مختلف اہم موضوعات پر سیر حاصل معلومات کی بر وقت رسائی کے لئے دفترہی میں ماہانہ ورک شاپ رکھاجاتاہے ان کے علاوہ شہر و اضلاع میں مختلف تقاضوںپر پروگراموں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
اس طرح شہر اوربیرون شہر اب تک استفادہ کر نے والوں کی تعدادہزاروں میں ہے،نیز مدارس ورک شاپ سے استفادہ کر نے والےطلبہ کی تعداد اس کے علاوہ ہے ۔
(۳)خطباء گروپ:
موجودہ حالات کے تناظر میں عوامی رابطہ کے لئے اب صرف جمعہ اور عیدین ہی رہ گئے ہیں ؛اس لئے اس سنہرے موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ۱۰۰سے زائد علماء کرام پر مشتمل خطباء کا ایک گروپ بنایا گیا ہے جس میں تاحال پابندی کے ساتھ ہر جمعرات کوایام واحوال کی مناسبت سے مواد بھیجا جاتا ہے تاکہ خطباء وعلماء اس سے استفادہ کر کے جمعہ وعیدین کے خطبات کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کر سکیں ۔
(۴)آن لائن مجلہ:
ماہانہ شائع ہونے والے مجلو ںوماہناموں کی تعداد تو ہمارے ملک میں سینکڑوں سے متجاوز ہے؛مگرردِّ غیر مقلدیت کے حساس موضوع پر کام کے سلسلہ میں حضرت مولانا ابوبکرغازی پوریؒ کی وفات کے بعد جو خلا محسوس کیا گیا ، اس حوالہ سے کسی سنجیدہ مگر مؤثر پیش رفت کی اشد ضرورت تھی ، چناںچہ اکابر امت کی مسلسل یاد دہانی اور توجہات کے سبب ’’زمزم جدید‘‘ نامی آن لائن مجلہ کاآغاز کردیا گیا ،جو فی الحال سوشل میڈیا پر ہر ماہ آن لائن نشر کردیا جائے گا ، البتہ جب وسائل مہیاہوجائیں گے تو مستقل طباعت کے مراحل سے بھی گزرجائے گا(لعل اللہ یحدث بعد ذالک امرا)
(۵)گرمائی تعطیلات کے لئے نصاب کی ترتیب :
عصری علوم حاصل کرنے والی نئ نسل عموماً مبادیات دین سے بھی ناآشنا ہوتی ہے ، جس کے پیش نظر مختلف فرقے اپنا اپنا نصاب مرتب کرکے مختلف مقامات پر مفت تقسیم کرتے ہیں،اور ہماری بھولی بھالی عوام بالخصوص نوجوان نسل اس سے متاثر ہوکر اُن باطل نظریات کا نہ صرف لقمہ تر بلکہ آلۂ کار بنتی جارہی ہے ۔
اس افسوسناک صورتحال اور ان جاں بلب حالات میں اسلام کے پانچ شعبوں ،ایمانیات، عبادات ، معاملات ، معاشرت،اخلاقیات ،پر مشتمل مختصر نصاب انگلش اور اردو میں ترتیب دیاجارہا ہے ؛ نوجوان بسہولت گھر بیٹھے اس کا مطالعہ کر کے امتحان دے سکتے ہیں اور گراںقدر انعامات کے مستحق بن سکتے ہیں ۔

(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
تبصرے بند ہیں۔