سرحد کے پھول۔۔۔۔!

منیش کمار

ہندی سے ترجمہ: ایس ایم حسینی

میں ایک گہرا گڑھا کھودنا چاہتا ہوں

اتنا گہرا جس میں دفن کر سکوں

سبھی ہتھیار، بم اور بارود

اسی زمین کے ایک

چھوٹے حصہ پر کروں کھیتی

ایک حصہ پر بناؤں کتاب گھر

زمین پر اُگاؤں طرح طرح کے پھول

کتاب گھر میں اکٹھا کروں

محبت بھری نظمیں

جنگ کا نقارہ بجنے پر

فوجیوں کو دوں حکم

دشمن کی زمین کو بھر دو

پھولوں سے

سرحد پر ساتھ مل کر پڑھو

پیار بھری نظمیں

میں بھی دیکھوں

پھولوں کی خوشبو اور

محبت بھری نظموں کے آگے

کون سی فوج ٹِک پاتی ہے۔

تبصرے بند ہیں۔