وجہِ وارفتگی ہے کیا سن لو
افتخار راغبؔ
وجہِ وارفتگی ہے کیا سن لو
مجھ میں گونجی ہے جو صدا سن لو
۔
ہار جاؤ گے تم ستم ڈھا کر
پست ہوگا نہ حوصلہ سن لو
۔
میری آنکھیں بیان کرتی ہیں
کیوں مسلسل ہے رت جگا سن لو
۔
اے مرے بے خبر نہ ہو بے باک
بدبداتی ہے کیا ہوا سن لو
۔
کس سے منسوب ہیں مرے اشعار
لوگ کہتے ہیں مجھ کو کیا سن لو
۔
تم نے آواز دی نگاہوں سے
دل سے پھوٹی ہے اک نوا سن لو
۔
میرے سایے میں بیٹھنے والو
قصۂ درد بھی مرا سن لو
۔
بد گمانی سے تھوڑا پھیر کے منھ
حال شہرِ گمان کا سن لو
۔
کیا ہے مجموعۂ جمال میں خاص
چشمِ راغبؔ کا تبصرہ سن لو
تبصرے بند ہیں۔