حمد باری تعالیٰ

عرفان وحید

جس کی رحمت کا بندوں پہ فیضان ہے، وہ تری شان ہے

وصفِ جود و کرم جس کی پہچان ہے،  وہ تری شان ہے

۔

وہ جو خلاقِ ارض و سماوات ہے، وہ تری ذات ہے

جس کے ہونے کا ہرشے میں اعلان ہے،  وہ تری شان ہے

۔

تو ہی ارض و سماوات کا نور ہے،  اور مستور ہے

جس سے روشن چراغِ شبستان ہے،  وہ تری شان ہے

۔

ہے حقیقت تری فہم سے ماورا،  پا نہ کوئی سکا

جس کی خاطر مری عقل حیران ہے،  وہ تری شان ہے

۔

تیرے آگے ہماری ہیں خم گردنیں، عفو کر لغزشیں

رحمت و مغفرت کا جو عنوان ہے،  وہ تری شان ہے

۔

انؐ کی امت میں عرفان پیدا کیا، اس سے بڑھ کر ہو کیا

آگہی کی یہ رہ جس کا احسان ہے، وہ تری شان ہے

تبصرے بند ہیں۔