امام الانبیاء ہیں وہ امامت شان ہے جن کی

مجاہد ہادؔی ایلولوی

 امام الانبیاء ہیں وہ امامت شان ہے جن کی
وہی قائد ہمارے ہیں قیادت شان ہے جن کی

مثالی بن گئی جود و سخا حاتم کی دنیا میں
مگر ان کو نہیں پہنچا سخاوت شان ہے جن کی

وہ جن سے حاکموں نے بھی سیاست کا سبق سیکھا
ہیں وہ فخرِ شہنشاہاں حکومت شان ہے جن کی

امانت میں صداقت میں مثال ان کی نہیں اب تک
امانت جن پہ نازاں ہے صداقت شان ہے جن کی

کلام اُن سا عرب شاعر بھی کرنے سے رہیں عاجز
جو اُمّی ہیں مگر پھربھی بلاغت شان ہے جن کی

نہیں ہے کوئی دولت مند احمد مجتبی جیسا
نبوت جن کی دولت ہے رسالت شان ہے جن کی

انہوں نے دشمنوں کو بھی دعاؤں سے نوازا ہے
ہیں عالَم کے لئے رحمت محبت شان ہے جن کی

لکھے ہادؔی جو وصف سید الکونین وہ کم ہے
محمد مصطفی ہیں وہ شفاعت شان ہے جن کی

تبصرے بند ہیں۔