شمس مغرب سے کسی دن ہو عیاں ممکن ہے

افتخار راغبؔ

 شمس مغرب سے کسی دن ہو عیاں ممکن ہے

خامشی کی تری تشریح کہاں ممکن ہے

…

میں تو کہتا تھا کنارے نہیں ملنے والے

کس طرح تم نے کہا تھا مری جاں ممکن ہے

…

ملنے آ جاؤ مروّت میں کہ دل رہ جائے

اور دل کو ہو محبت کا گماں ممکن ہے

…

آتشِ عشق میں اے مجھ کو جلانے والے

جل بجھوں اور نہ دکھائی دے دھواں ممکن ہے

…

کوچ کرنے کا کرو قصد دیارِ دل سے

اور گریزاں ہو مرے جسم سے جاں ممکن ہے

…

رام ہونا ترا ممکن نہیں اِس کل جُگ میں

دل میں اک آس کا کہنا ہے کہ ہاں ممکن ہے

…

بات حق کی ہو کہ تنقید ہو راغبؔ میری

میرے حق میں بھی نہ ہو میرا بیاں ممکن ہے

تبصرے بند ہیں۔