مرے آقا کا زندہ معجزہ قرآن ہے
مجاہد ہادؔی ایلولوی
مرے آقا کا زندہ معجزہ قرآن ہے
سدا انسانیت کا رہنما قرآن ہے
۔
سراپا امن کی تعلیم دیتا ہے ہمیں
ہر اک بندے کے حق میں بولتا قرآن ہے
۔
مزمت ظلم کی جس ذات نے کی ساری عمر
اسی انسان پر نازل ہوا قرآن ہے
۔
جو سینہ ہے حفاظت میں کلام اللہ کی
جزا کے روز اس کی بھی جزا قرآن ہے
۔
جہاں والوں میں سب سے بڑھ کےخوش قسمت ہیں وہ
ہدایت کے لیے جن کو ملا قرآن ہے
۔
ہر اک انساں کو محشر میں پتا چل جائے گا
خدا کی نعمتوں کی انتہا قرآن ہے
۔
کبھی بھی اس کا ثانی کوئی لا سکتا نہیں
سمجھ سکتے نہیں اغیار کیا قرآن ہے
۔
کلام اللہ کو ہادؔی سدا پڑھتے رہو
خدا شاہد کہ روحانی غذا قرآن ہے
تبصرے بند ہیں۔