جامعہ ملیہ اسلامیہ کا 97 واں یومِ تاسیس

محمد وسیم

29 اکتوبر کو ہر سال کی طرح اس سال بھی جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کا یومِ تاسیس بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس تاریخی دن کے موقعے سے جامعہ کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ سجایا جاتا ہے، مختلف پروگرام ہوتے ہیں، تعلیمی میلہ لگتا ہے، جامعہ اسکول اور مختلف شعبوں کے طلباء و طالبات بھی اپنے ہنر کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان کی طرف سے اسٹال لگاےء جاتے ہیں، جن میں ان کے ہاتھوں سے بنائی ہوئی خوبصورت چیزیں بھی جاذب نظر ہوتی ہیں۔

 29 اکتوبر جامعہ کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے، اسی دن ملک کی عظیم یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا تھا، وہ قوم و ملک کے عظیم لوگ تھے، جنھوں نے جامعہ کی بنیاد رکھی اور قوم کو ایک تعلیمی قلعہ عطا کیا، یہی وجہ ہے کہ جامعہ کے محسنوں کو آج یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو قوم سے متعارف کرانے کا دن ہے- جامعہ نے اول دن سے قرآن پاک کی سورء علق کی آیت نمبر 5 کو اپنا اصول بنایا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو وہ سکھایا، جسے وہ نہیں جانتا تھا- اور اسی اصول کی روشنی میں جامعہ بھی لوگوں کو تعلیم جیسی نعمت سے سرفراز کر رہی ہے.

جامعہ ملیہ اسلامیہ کا قیام 29 اکتوبر 1920 کو علی گڑھ میں ہوا، جامعہ 1925 میں علی گڑھ سے قرول باغ، دہلی میں منتقل ہوئی، قرول باغ سے جامعہ 1935 میں اوکهلا، نئی دہلی میں منتقل ہوئی، 1963 میں جامعہ کو ڈیمڈ یونیورسٹی، 1988 میں سینٹرل یونیورسٹی کا اور 2011 میں اقلیتی یونیورسٹی کا درجہ ملا، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 7 اسکول، 9 فیکلٹییاں، 29 سینٹر ہیں، جس میں 23 ہزار طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں، اسی طرح سے اساتذہ و دیگر عملہ کی کل تعداد 2000 ہزار ہے، جامعہ اپنے قیام ہی سے ملک و قوم کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، آج نہ صرف ملکی طور پر بلکہ عالمی سطح پر بھی جامعہ، جامعہ کے فارغین اور اس میں تعلیم حاصل کرنے والوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

 اس یونیورسٹی نے ملک کے لئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، جامعہ کی تاریخ میں بھی مشکل حالات آےء، مگر سلام ہے جامعہ کے محسنوں اور اس کے خیرخواہوں پر، جنهوں نے خود پریشانیاں برداشت کیں مگر جامعہ پر آنچ نہیں آنے دی- اور جامعہ کو تناور اور ثمر دار درخت بنا کر ہی دم لیا، آج بھی جامعہ اغیار کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے، مگر پھر بھی قوم کی دعاؤں سے جامعہ پوری شان و شوکت کے ساتھ ملک و قوم کے افراد کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے میں اہم رول ادا کر رہی ہے- آج جامعہ کے قیام کے مقصد کا یومِ عہد بھی ہے-

 آیئے اس تاریخی موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی روایت کو برقرار رکھنے میں ہم سب اہم کردار ادا کریں گے…ان شاء اللہ

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔