سفرمدینہ منورہ

حافظ محمد ہاشم قادری صدیقی مصباحی

روضہ انور کی زیارت بھی حجِ بیت اللہ شریف کی تکمیل ہے۔ قبول حج و سعادت دارین کیلئے مدینہ طیّبہ کی حاضری ضروری ہے۔

؎   کعبہ بھی ہے انہیں کی تجلّی کا ایک ظِل

روشن اُنہیں کے عکس سے پتلی حجر کی ہے

؎   ہوتے کہاں خلیل و بنا کعبہ و منٰی

لولاک والے صاحبی سب تیرے در کی ہے

 روضہ ٔ اقدس کی زیارت کا شرف خواہ حج سے پہلے یا حج کے بعد کرے روضئہ منوّرہ تطہیر قلب و تنویرِ ایمان کے لیے تِریاق اکبر اور افضل ترین عبادت ہے اور مرقدِپاک (یعنی وہ مکان جو جسدِ اطہر سے مُمَّاس ہے) خانہ کعبہ اور عرش سے افضل جگہ ہے۔

 مفسرین کرام،  فقہائے عُظّام لکھتے ہیں کہ زیارت اقدس قریب بہ واجب ہے بلکہ بعض علماء بصورت استطاعت واجب کہتے ہیں ۔ قرآن کریم کا ارشاد پاک ہے سورۃ نساء آیت نمبر 64 ترجمہ:۔ اور اگر جب وہ اپنی جانوں پر ظلم کریں تو اے محبوب تمہارے حضور حاضر ہوں پھر اللہ سے معافی چاہیں اور رسول کریم ان کی شفاعت کریں تو ضرور اللہ کو بہت توبہ قبول کرنے والا مہربان پائیں گے۔  اس آیت کریمہ سے اللہ کے حضور سرکار کی وجاہت اور قبول توبہ کے باب میں انکی شفاعت کی قبولیت معلوم ہوتی ہے۔ شرح المواہب الدنیہ میں علامہ زرقانی علیہ الرّحمہ حدیث زیارت کے ضمن میں لکھتے ہیں کہ اس سے خصوصی شفاعت مراد ہے یعنی زائرین روضئہ اقدس کے درجات بلند کرانے کے لیے شفاعت فرمانا سرکار کے ذمۂ کرم میں ہے۔

؎     جسکے ماتھے شفاعت کا سہرا رہا

اُس جبینِ سعادت پہ لاکھوں سلام

 کون مسلمان ہے جو یہ نہ چاہے گاکہ قیامت کی ہولناکیوں سے ہم محفوظ رہیں اور اپنے اعمال کے باز پرس سے ہمیں دوچار ہونا نہ پڑے   فَلِلّٰہ ِالْحَمْد کہ زیارتِ مدینہ و روضئہ اقدس سے یہ عظیم نعمتیں اور رب کریم کی خصوصی رحمتیں زائرین مکّہ و مدینہ کو حاصل ہوں گی بشرطِ کہ حاضری مدینہ منورہ میں خالص نیت قبرِ انور کی زیارت کی ہو۔

جب مدینہ طیّبہ پہنچ جائے تو نہایت صبر و سکون سے رہے اگر دورانِ قیام کوئی دقّت بھی پہنچے تو دل میں کسی قسم کا خیال، شکایت نہ لائے۔ حدیث شریف میں آیا ہے ترجمہ: جس نے قصداً میری زیارت کی وہ میرے پڑوس میں ہوگا اور جو مدینہ میں رہا اور وہاں کی مصیبتوں پر صبر کیا قیامت کے روز میں اس کے لئے گواہی دونگا اور جو شخص مکہ یا مدینہ میں مر جائے قیامت کے روز اللہ اسے ایمان کے ساتھ اُٹھائے گا۔

روضئہ انور پر نظر کرنا دیکھنا عبادت ہے جیسے کعبہ معظّمہ یا قرآن مجید کا دیکھنا عبادت ہے تو ادب کے ساتھ خوب خوب روضئہ مقدسہ کو دیکھو اور درود و سلام کی کثرت کرو۔  مدینہ منورہ میں اگرروزہ نصیب ہو جائے تو کیا کہنا اس پر وعدہ شفاعت ہے۔ یہاں ہر نیکی (ایک کی) پچاس ہزار کی لکھی جاتی ہے۔ لہٰذا عبادت میں کوشش کرو خصوصاً اہل حاجت پر تصدق کرو۔ قرآن کریم کا ایک ختم کم از کم کرو اور حطیم کعبہ میں ضرور ایک ختم قرآن کرنا چاہئے۔

روضئہ منوّرہ میں قبر کریم کو ہرگز پیٹھ نہ کرو اور حتی الامکان ایسی جگہ نہ کھڑے ہو کہ پیٹھ کرنی پڑے۔  حضور اقدس صلی للہ علیہ وسلم نے مرض الوفات میں فرمایا تھا۔ ’’لَعَنَ اللہُ یَھُوْدَ وَنَّصَا ریٰ اِتَّخَذُوْ قَبُوْرَ‘‘ ترجمہ: یعنی اللہ تعالیٰ یہود و نصاریٰ پر لعنت فرمائے کہ انہوں نے اپنے انبیاکے قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا (بخاری شریف) میں اس روایت کے بعد یہ بھی ہے  یُحَذَّرُلنَّاس یعنی یہ فرمایا اور لوگوں کو وصیت فرماتے تھے کہ میرے ساتھ ایسا نہ کرنا کہ میری قبر کوسجدہ گاہ بنا لو لہذا اس کا اہتمام یہ کیا گیا ہے کہ اس طرف گوشہ والی دیوار کھڑی کر دی گئی تاکہ کوئی وہاں نماز بھی پڑھے تو اس کا رُخ حضرتِ اقدس صلی للہ علی وسلم کی طرف نہ ہو یا وہاں سے ہٹ کر نماز ادا کرے یا د رہے محبت اور شریعت دونوں پر قائم رہے۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی للہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے ایک بستی کی طرف ہجرت کرنے کا حکم ہوا جو تمام بستیوں کو کھا جائے گی (سب پر غالب آئے گی) لوگ اُسے یثرب کہتے ہیں اور وہ مدینہ ہے۔ لوگوں کو اسطرح پاک و صاف کر دے گی جیسے بھٹی لوہے کے میل کو۔  اللہ کے رسول  ﷺ فرماتے ہیں مکّہ معظّمہ و مدینہ منوّرہ کے سوا کوئی شہر ایسا نہیں جہاں دجّال نہ آئے۔ مدینہ کے ہر راستے پر ملائکہ پر باندھے پہرہ دیتے ہیں دجال مدینہ کے قریب آکر رُکے گا اس وقت مدینہ میں تین زلزلے آئیں گے جن سے ہر کافر و منافق یہاں سے نکل کر دجال کے پاس چلا جائے گا۔ ایک روایت میں ہے جو شخص اہل مدینہ کے ساتھ بُرائی کا ارادہ کرے گا اللہ تعالیٰ اسے اس طرح سے پگھلائے گا جیسے سیسہ یا جیسے نمک پانی میں گل جاتا ہے۔

مسلم شریف میں حضرت سعد رضی اللہ عنہٗ سے مروی ہے کہ حضور  ﷺ نے فرمایا مدینہ لوگوں کے لئے بہتر ہے اگر جانتے مدینہ کو جو شخص بطور اعراض چھوڑے گا اللہ تعالیٰ اسکے بدلے میں اسے لائے گا جو اس سے بہتر ہوگا۔ مدینہ کی تکلیف پر جو ثابت قدم رہا اور مشقت پر جو ثابت قدم رہے گا روز قیامت میں اس کا شفیع یا شہید ہونگا۔

برکات الحج فی الزیارت کے اس سفر سے مقصود صرف اللہ و رسول اللہ صلی للہ علیہ وسلم کی رضا و خوشنودی کا حصول ہو دکھاوے کے لیے حاجی کہلانے کو یا سیرو تفریح کے غرض سے حج نہ کرے کہ وقت و مال دونوں ضائع ہوگا اور سراسر دنیا حاصل کرنے کے سوا دینی حاصل کچھ نہ ہوگا۔ اسلئے سب سے پہلے ہمت کرکے اپنی نیت کو خالص ِلوجہہ اللہ کریں اور یہ نیک عمل کے لئے ضروری ہے۔

 اخیر میں ایک عمل وظیفہ خصوصیت کے ساتھ حُجاج کرام کے لئے لکھ رہا ہوں تاکہ منیٰ میں یا دوران حج لوگ راستہ بھول جاتے ہیں۔ اسکے پڑھنے سے شیطان اور اسکے لشکروں سے محفوظ رہے گا انشاء اللہ۔  سیدنا اعلیٰ حضرت مولانا احمد رضامحدث بریلوی قدس سرہٗ کی مشہور زمانہ کتاب اَلْوَظِیْفَتہُ الْکَرِیْمہ کی شرح وظائف امام احمد رضا شارح مفتی جھارکھنڈ، محمد عابد حسین مصباحی نوری قادری شیخ الحدیث مدرسہ فیض العلوم، جمشیدپورصفحہ نمبر 29 اور صفحہ نمبر 54 میں لکھا ہے ان کلمات کو صبح و شام ایک بار پڑھنے سے شیطان سے محفوظ رہے گا۔  حضرت ابو یوسف خراسانی نے ابو سعید بن ابی رواحا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انہوں نے کہامیں ایک رات مکہ شریف کے سفر میں تھا راستہ بھول گیا اچانک میں نے اپنے پیچھے آہٹ سنی تو بہت ڈر گیا اور گھبرایا کہ کون ہے جب میں نے غور سے سنا تو معلوم ہوا کہ کوئی کلام پاک کی تلاوت کر رہا ہے تھوڑی دیر بعد وہ صاحب میرے پاس آ گئے اور کہنے لگے میرا خیال ہے کہ تم راستہ بھول گئے ہو میں نے کہا جی ہاں ایسا ہی ہے اس پر انہوں نے کہا کہ میں تم کو وہ چیز نہ بتاؤں کہ جب تم راستہ بھولنے کے بعد اس کو پڑھ لو تو تم کو فوراً راستہ مل جائے گا اور اگر ڈر محسوس ہو رہا ہو تو اسکے پڑھنے سے ڈر جاتا رہیگا یا بے خوابی کی شکایت ہے تو دور ہو جائے گی۔  میں نے کہا ضرور بتایئے۔ انہوں نے کہا پڑھو: بَسْمِ اللّٰہِ جَلِیْلِ الشَّان عَظِیْمِ الْبُرْھَان شَدِیْدِ السُّلْطَان مَاشَائَ اللّٰہُ کَانَ اَعُوْ ذُ بِا للّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْم  جب میں نے اس دعا کو پڑھا تو اچانک میں نے خود کو اپنے ہم سفروں میں پایا اس وقت میں نے ان صاحب کو تلاش کیا لیکن نہیں ملے۔ ابو ہلال فرماتے ہیں میں منیٰ میں اپنے ہمراہیوں سے بچھڑ گیا اس وقت میں نے یہ دعا پڑھی اچانک میرے ہمراہی مجھے مل گئے۔ (غُنْیَتہُ الطَّالِبِیْن ص 375۔ ترجمہ شمس بریلوی)

اللہ سے دعا ہے کہ اللہ مجھے اپنی راہ میں شہادت نصیب فرمائے اور اپنے رسول کے شہر میں موت دے آمین۔  اللہ تمام مسلمانوں کو حج نصیب فرمائے۔  آپ سب میرے لئے دعا فرمائیں کہ باربار حاضری نصیب ہو اور کوئی بے ادبی،  گستاخی نہ ہونے پائے۔ آمین ثم آمین ۔

تبصرے بند ہیں۔