کورونا کا اثر کم ہوا ہے، مگر خوف نہیں

یوسف جمیل

(منڈی، پونچھ)

کورونا وائرس جس نے پوری دنیا پر قیامت صغرہ برپا کردی اور گزشتہ دو سالوں میں لاکھوں لوگوں کی قیمتی جانیں اس وبائی مرض کی نظر ہوگئیں۔اس بات میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ ابتدائی دور میں اس کورونا نامی وبائی بیماری کو اکثر لوگ بیماری تصور ہی نہیں کرتے تھے۔لیکن جوں جوں اس نے اپنا گہراو کیا اور لوگ اس بیماری سے متاثر ہوکر بے بسی کے عالم میں اپنی جانیں گنوانیں لگے تب جاکر احساس ہوا کہ کورونا حقیقت میں انتہائی خطرناک بیماری ہے۔اوائل میں اس بیماری کا کوئی علاج منظر عام پر نہیں آیا لیکن بہت جلد متعدد ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان نے بھی کورونا کے خاتمے کے لئے ویکسین تیار کی. اور اب تک پورے ملک میں 18 سال سے زائد عمر کے لگبھگ ہر فرد کو یہ ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

کورونا کی پہلی لہر جس زور سے پھیلی اسکے مد مقابل دوسری لہرانتہائی خطرناک رہی تھی۔لیکن اس لہر کے آنے تک ہندوستان نے کورونا کی ویکسین تیار کر لی تھی۔ اس وبائی بیماری نے لاکھوں گھروں کے چراغ کو بجھا دیا تھا۔ ہر طرف خوف ہی خوف کا ماتم تھا۔ملک میں اس وبائی مرض کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سے لوگ ہسپتالوں میں دم توڑ گئے تھے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اگرچہ دوسری لہر میں ایک لاکھ افراد موت کے شکار ہوئے تھے لیکن غیر سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کم از کم دس لاکھ افراد لقمہ اجل بنے۔

دوسری لہر کے خاتمے کے بعد لوگوں نے قدرے راحت کی سانس لی تھی اور تباہی کے دہانے پر پہنچے کاروبار ایک بار پھر شروع ہو رہے تھے کہ اچانک اومی کرون کی شکل میں کورونا کی تیسری لہر نے ملک میں دستک دے دی۔ جس کے بعد دوبارہ سے کئی لوگوں کی موت واقع ہوچکی ہے۔ملک کی تمام ریاستوں میں اس وبائی بیماری نے ایک بار پھر زور پکڑا تھا۔ واضح رہے کہ ڈی ڈبلیو نیوز کے مطابق ملک میں اس بیماری سے مرنے والوں کی اب تک کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 82 ہزار ہوچکی ہے۔ یہ اعداد اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ اس بیماری نے ملک میں تباہی مچادی۔کورونا کی تیسری لہر کے آتے ہی جنوری کے اوائل میں قومی راجدھانی دہلی اور مضافات میں ویک اینڈ لاک ڈاون لگایا گیاتھا۔ جس کے بعد تقریبا تمام ریاستوں میں لگایا گیا۔

جہاں ملک کے دوسرے حصوں میں کورونا کی تیسری لہر کا خوف ہے وہیں جموں کشمیر میں بھی ایک بار پھر اس وبائی بیماری نے دستک دی۔اگرچہ ضلع پونچھ کی بات کی جائے تو گزشتہ دو سالوں سے یہاں کی عوام اس وبائی بیماری سے جھوج رہی ہے۔ یہاں کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔ لوگوں کا کاروباری نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے بعد لوگوں نے دوبارہ اپنے کاروبار شروع کئے ہی تھے اور معمولات زندگی بحال ہوہی رہی تھی کہ اچانک کورونا وائرس کی تیسری لہر آگئی۔اگرچہ دوسری لہر کی طرح یہاں کیسیز میں اتنی تیزی نہیں ہے لیکن اسکے باوجود بھی ہفتے کے آخری دنوں میں لاک ڈاون لگنے کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔جس قدر بیوپاری لوگ اس وبائی بیماری میں متاثر ہوئے ہیں، اس سے کئی زیادہ مزدوروں پر قیامت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے ہیں۔زمینی سطح پر لوگوں سے انکے تاثرات جاننے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ لوگوں میں کورونا نامی اس بیماری کا خوف اب بھی برقرار ہے۔

اس سلسلہ میں پونچھ کے ایک رہائشی دکاندار عبدالمجید کا کہنا ہے کہ ”کورونا وائرس کی اس بیماری کے دوران ہمیں کاروبار میں شدید نقصان ہوا ہے۔دکانیں بند رہنے کی وجہ سے ہمارے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ہمیں خوف ہے کہ یہ کورونا کی تیسری لہر کہیں ہمیں ایک بار پھر مصیبت میں نہ ڈال دے۔“ وہیں پونچھ کی تحصیل منڈی سے تعلق رکھنے والے مختار احمد کہتے ہیں کہ ”ہم مزدوری کی خاطر بیرون ریاست جاتے تھے تاکہ اپنے بچوں کا پیٹ آسانی کے ساتھ پال سکیں۔ لیکن گزشتہ دو سالوں سے ہماری مزدوری بند ہو چکی ہے کیونکہ کورونا نے ہمیں خوف میں مبتلا کررکھا ہے۔ ہم کسی قسم کا خطرہ اپنے سر نہیں لیناچاہتے ہیں“ مختار جیسے ہزاروں مزدور ایسے ہیں جو موسم سرما میں مزدوری کی خاطر ہماچل پردیش،پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں جاتے تھے تاکہ اپنے گھر کے اخراجات برداشت کرسکیں۔لیکن اب اس وبائی بیماری کی وجہ سے ان لوگوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو چکا ہے۔“اس تعلق سے ضلع ہسپتال پونچھ میں تعئنات ڈاکٹر خلیق انجم نے بتایا کہ ”کورونا وائرس کے لئے اگرچہ ویکسین تیار کی گئی ہے اور لوگوں نے یہ ویکسین لگوائی بھی ہیں۔لیکن اس کے باوجود عوام کو اس وبائی بیماری سے احیتاط برتنے کی اشد ضرورت ہے۔ ماسک کا استعمال اور احتیاطی تدابیر سے ہی انسان اپنی جان محفوظ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی بیماری سے خود کو بھی اور اپنے اہل خانہ کو بھی محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔“

 غرض یہ کہ اس کورونا نامی وبائی بیماری اب سماج میں گھر کرچکی ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے ہمیں اپنے آپ کو محفوظ رکھنا لازی ہے۔بھلے ہی تسری لہر میں جان کا نقصان کم ہوا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ بیماری ختم ہو چکی ہے۔اگر ہم نے احتیاطی تدابیر میں تھوڑی بھی نرمی دیکھائی اور ماسک و سماجی دوری پر عمل نہیں کیا تو دوسری لہر سے بھی ذیادہ اس کے سنگین نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔(چرخہ فیچرس)

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔