یہ مآب لچنگ نہیں پولیٹکل لیچنگ ہے!

غازی سہیل خان

        ۱۹۴۷ء میں متحدہ ہندوستان دو حصوں میں تقسیم ہو گیا، ایک حصہ کی بُنیاد سیکولر ازم پر اورایک کی اسلام پر رکھی گئی۔ بھارت جس کی بناء سیکولر ازم پر اس لئے پڑی تھی کہ یہاں مقیم ایک بڑی اقلیت یعنی مسلمان لگ بھگ بیس کروڑ سے زیادہ آبادہیں۔ اور پاکستان کے حصے میں محض ۴؍ فی صد غیر مسلم ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھیہ مشاہدہ کیا گیا کہ پاکستان میں ایک دن کے لئے بھی عملاً اسلام بحیثیت’’ نظام’’ نافذ نہیں ہو سکا اور اسی طرح بھارت میں جو کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعوے دار ہونے کے باوجودہزاروں بارسیکولر ازام اور جمہوریت کی عصمت تار تارکی جا چُکی ہے جو کہ مسلسل اب بھی جاری ہے۔ سیکولرزم کو تسلیم کرنے کے باوجود بھی ہندوستان نے اسے طاق نسیاں پر رکھا ہواہے۔ اگرچہ قانونی طور پر ہر چھوٹی بڑی اقلیت کو اپنے مذہب پر رہنے اور اس کی تبلیغ واشاعت کی دیگر ممالک کی طرح یہاں بھی آزادی عطا کی گئی تاہم عملا سب ٹائیں ٹائیں فش ہی ہے۔ اگست ۴۷ء کے بعد کانگریس کی حکومت قائم ہوتے ہی پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے بھارتی آئین کو سیکو لرازم کا غلاف چڑھایاتوتھا، لیکن موجددہ پوزیر اعظم کی قیادت میں آئی ہوئی سرکار نے آئین کو ہندتوا کی خوفناک چادر میں لپیٹنے کی ایک کوشش کی ہے۔ جس کی جڑیں اس قدر مضبوط کی جا رہی ہیں کہ اب وہاں کی اقلیتیں خوف کی زندگی جینے میں مجبور ہیں۔ چنانچہ ہندتوا کا نظریہ موجودہ حکومت ’’بی جے پی‘‘ کے ایجنڈے میں شامل ہے تاہم اس کے لیے انہوں نے نصف صدی سے زیادہ عرصہ تک کام کیا جس دوران سینکڑوں فسادات رونما ہوئے، اقلیتوں سے وابستہ لوگوں کی جن میں مسلمانوں بھی ہیں پر بے شمار قسم کے مظالم ڈھائے گئے، جس کی ایک تازہ مثال تبریز انصاری کی دردناک موت بھی ہے۔ اقلتوں سے وابستہ نوجوانوں کو اپنے شنکجنے میں لے کر بے رحمی کے ساتھ پیٹنا اور مارنااور بغل میں چھری لیے ہوئے منہ سے شری رام کے نعرے لگا کراقلتوں کو خوف زدہ کرنے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ دراصل اس طرح کے دردناک ہجو می قتل کے ذریعے بھارت میں ایک منظم ماحول اس انگریزی مقولے give dog a bad name and kill himکے مصداق بنا کر نہتے مسلمانوں کو قتل کرنے کا جواز گڑھا جا رہا ہے۔ کسی مخالف کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے اسی مقولہ کا عملاً سہارا لے کر اس پر پہلے گھناونے الزامات لگائے جاتے ہیں ، جیسے بھارت کے ایک مشہور اسکالر وعالم دین ڈاکٹر ذاکر نائک کے خلاف پہلے میڈیا ٹرائیل چلا کر ان کی دعوت کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑ ا گیا پھر انہیں دوسری جگہ ہجرت کرنے پر مجبور بھی کیا گیا، تبریذ کو چوری کا الزام لگا کر اس کی موت کی راہ کو آسان بنایاگیا، دادری کے اخلاق کو یہ کہہ کر ایک ہجوم نے اس لئے موت کے گھاٹ اُتار دیا کہ اس گھر میں گائے کے گوشت کی موجودگی کا شک پایا گیاجب کہ تحقیق کے بعد یہ معلوم ہوا کہ مقتول کے گھر میں گائے کا گوشت نہیں بلکہ بکری کا گوشت تھا۔ اسی طرح پہلو خان یکم اپریل ۲۰۱۷ ء کو گائو رکھشا کے نام پر قتل کر ڈالاگیا، ٹرک ڈارئیور زاہد احمد بٹ اور معصوم حافظ جنید کے دردناک قتل کے واقعات اسی ایجنڈے کی دین ہے۔

        جھار گھنڈ میں ۲۲ سالہ تبریز انصاری کو چوری کا الزام لگا کر قتل کیا گیا۔ تاہم یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ کیا چوری کی سزا بھارت میں قتل ہے؟بہر حال تبریز کو بڑی ہی بے دردی کے ساتھ پیٹ کر نیم مردہ حالت میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا،جب کہ زرخرید پولیس نے بھی اس نوجوان کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد ہسپتا ل لے جانے کے بجائے بدنام زمانہ مجرموں کی طرح تھانے کی ایک کال کوٹھری میں ڈال دیا اور پھراس کی حالت کو زیادہ بگڑتے دیکھ کر پولیس نے اسے ہسپتال پہنچایا،جہاں ڈاکٹروں نے بغیر کسی جانچ پڑتال یا ٹیسٹ کے اس کو ٹھیک قرار دے کر پولیس کے حوالے کیا ، جس کے بعد یہ نوجوان لگ بھگ پانچ دنوں تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔ واحسرتا!

         دی وائر (The Wire)نیوز کے مطابق تبریز کے لواحقین میں مسرور احمد کا کہنا ہے :

        ’’جب ہم تبریز کو ملنے تھانے پہنچے تو ہم نے ان کی حالت انتہائی خراب پا کر پولیس آفیسر نامی بپن بہاری سنگھ سے کہا کہ تبریز کی حالت انتہائی خراب ہے اسے جلد ہی ہسپتال لے جانے کی ضرورت ہے ‘‘تاہم پولیس آفیسر نے غضب ناک ہو کر جواباً کہا کہ ’’ یہاں سے بھاگ جائو ورنہ تمہارے بھی ہاتھ پائوں تو ڑکر جیل میں ڈال دیں گے ‘‘۔

        غرض گائے ،جے شری رام ،وندے ماترم ،بھارت ماتا کی جئے کے نام پر آج ہندوستان میں مسلمان کو قتل کرنا آسان کام ہے جہاں محض ایک آدھ الزام لگا کر کسی نہتے معصوم کو ہجوم کے ذریعے قتل کیا جاتا ہے، اس جیسے قتل کو اب عام زبان میں mob lynching(ماب لنچنگ)کہاجاتا ہے اس طرح کی اصطلاحات اقتدار کی کرسی پر براجمان حاکموں کو عوامی تنقید سے بچنے کا موقعہ ملتا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اس کو ماب لینچنگ نہیں بلکہ اس کو موبلائز لنچنگ (Mobalize lynching) اور پولیٹیکل لیچنگ(political lynching)کہا جانا چاہیے ، کیوں کہ ابھی تک اس طرح کے ہجومی قاتلوں کو عبرتناک سزا نہیں ملی ہے تاہم کسی کو وقتی طور اگرگرفتار بھی بھی کیاجاتا ہے تو چند ماہ کے بعد ان کی رہائی کے انتظامات کر کے انہیں پھول مالائیں پہنا کر استقبال کیا جاتا ہے۔

        ہجومی قاتلوں کو بچانے کی مثالیں ہمارے پاس بہت ہیں۔ پہلو خان کے چار قاتلوں کو سرکاری نوکریوں سے نوازنا بھی ہے اور پرگیا سنگھ ٹھاکرجیسی مجرمہ بلکہ گجرات میں ہزاروں بے گناہ انسانوں کی قاتل آج کی تاریخ میں مسند اقتدار پر براجمان ہیں۔ ان سارے کربناک مظالم کے خلاف کبھی کبھی بھارت میں مسلمانوں کی نحیف آوازیں سُننے کو تو ملتی ہیں لیکن وہ ایوان اقتدار تک نہیں پہنچ پاتیں اگر پہنچ بھی پاتی ہیں تو حاکم وقت گھما پھرا کے اُلٹا الزام مقتولین پر ہی دھرتے ہیں۔ تاہم بھارتی آئین میں دفعہ 19عوام کو اظہار آزادی رائے کا بھر پور حق دیتا ہے۔ لیکن اب تواحتجاج کا حق بھی چھیناجا رہا ہے،حکومت ِوقت کے خلاف تنقید کرنا اب ملک دشمنوں میں شمار ہوتا ہے بلکہ اس طرح کے مظلومانہ قتل کے بعد الٹا مقتولین کو ہی گناہ گار کہہ کر دیش دروہی ،انٹی نیشنل اور پاکستانی ایجنٹ کے القابا ت سے نوازا جاتا ہے ۔ ایک مضمون گزشتہ روز the Milli Gazette  میں نظروں میں گزرا جس میں مضمون نگار اس بات کا انکشاف کرتا ہے کہ بہت سارے بھگوا دہشت گرد بابری مسجد کی شہادت کو گناہ نہیں سمجھتے ہیں بلکہ ان کا یہ ماننا ہے کہ بابری مسجدکو گرانا بھارت میں مساجد گرانے کی شروعات تھی اصل کام تو اب شروع ہونے والا ہے۔ یعنی بھارت میں یہ طبقہ ایک ایجنڈے کے تحت ملک میں اس طرح کے حالا ت خراب  بنا کر ہندو مسلم بھائی چارے کو زک پہنچانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔

        ان سارے مظالم کے ردعمل میں بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ چند سلیم الفطرت غیرمسلموں کی نحیف آوازیں بھی اُٹھتی ہیں۔ گزشیہ درناک وقعہ کے بعد ہندوستان میں بہت سارے غیر مسلموں جن میں صحافی وکلا اور طلبہ وغیرہ نے اس واقعہ کے خلاف بھر پور احتجاج کیا بلکہ  بڑے دنوں بعدمسلمانوں نے بھی بھائی چارے ،اخوت اور یکتائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے مختلف شہروں میں زور دار احتجاج کیے جن میں خاص طور پر مہاراشٹر کے شہر مالیگائوں کا ااحتجاج ہے جس میں مسلمانوں نے ایک لاکھ سے زائد کی تعداد میں جمع ہو کر احتجاج کیا واضح رہے یہ وہی جگہ ہے جہاں انگریزوں نے 97سال پہلے مجاہدین آزادی کو پھانسی دی تھی اور آج بھی اسی یادگار جگہ پر مسلمان بڑی تعدادمیں تبریز انصاری کے انصاف کی خاطردُہایاں دیتے نظر آئے۔ بھلے ہی ہندوستان کے زعفرآنی میڈیا کو ہزاروں اور لاکھوں کا یہ احتجاج نظر نہ آئے ہوں لیکن دنیا نے یہ دیکھ لیا کہ کس طرح سے جمہوریت کی دعویداری کرنے والے ملک میں نہتوں کا بے درانہ تریقے سے قتل کیا جاتا ہے۔

        جس ملک میں اس طرح کی پیچیدہ صورتحال ہو تو وہاں مسلمانوں کو فرقہ پرستی ،مسلک اور جماعت پرستی سے باہر نکل کر ایک قوم بن کر ان سارے مظالم کا حکمت سے مردانہ وار مقابلہ کرنا ہوگا اور اُن مسلمانوں کو بھی ہوش کے نا خن لینے ہوں گے جو شعوری یا غیر شعوری طور ہندوتوایجنڈے کے لئے کام کر رہے ہیں وہ اسی دین فطرت کی طرف لوٹیں جو امن ،بھائی چارہ ہمدردی ور غمخواری کا درس دیتا ہے۔ نہ صرف مسلمانوں بلکہ بھارت کی تمام اقلیتوں کو اپنے اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اپنی صلاحتیوں کو بڑی ہی بے باکی سے ستعمال میں لا کراس ظلم کے خلاف بیداری مہمیں چھیڑ دینی چاہییں تاکہ ہمیں کسی اور تبریز کی مظلومانا شہادت کو نہ دیکھنا پڑے۔ وگرنہ وہ دن دور نہیں جب لٹی پٹی اقلیتوں جن میں خاص کر مسلمان ہیں کو ہجرت کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ اللہ مسلمانوں کے حال پر رحم کھائے۔ آمیں

٭٭٭

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔