بزم اردو ادب بھوج پور کے زیر اہتمام  نعتیہ طرحی مشاعرے کا انعقاد

 رپورٹ: منور علی مصباحی

قصبہ بھوج پور کے محلہ بغیہ والا میں واقع ایس. اے.پبلک اسکول کے احاطہ میں "بزم اردوادب بھوج پور” کے زیر اہتمام جشن ولادت نبوی کی مناسبت سے نعتیہ طرحی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ـ مشاعرے کی صدارت مائل بھوج پوری نے کی اور نظامت قصبہ پیپل سانہ کے کہنہ مشق شاعر سرفراز حسین فراز پیپل سانوی نےکی ـ مصرعہ طرح

 "جسے مصطفی سے محبت نہیں ہے”

پہ پیش کردہ مطروحہ کلام کے پسندیدہ اورمنتخب اشعار نظر قارئین ہیں:

زمیں، آسماں، چاند، سورج، ستارے
کہاں مصطفی کی حکومت نہیں ہے
از: مائل بھوج پوری
ــــــ
قبول اس کی کوئی عبادت نہیں ہے 
جسے مصطفی سے محبت نہیں ہے
از: محمد طاہر زلفی
ــــــ
بھٹکتا پھرے گا قیامت کے دن وہ 
جسے کملی والے کی حاجت نہیں ہے
از: حاجی فاروق انور
ــــــ
وہ دل مہرو صحرا کے مانند ہوگا
محمد کی جس دل میں الفت نہیں ہے
از: مہر النسا، بیجا پور کرناٹک
ــــــ
نبی کی کوئی  ایسی  سنت  نہیں  ہے
کہ جس میں شرافت یا حکمت نہیں ہے
از: مختار بھوج پوری
ــــــ
نبی کی ولادت پہ خوشیاں منانا
ہے سنت صحابہ کی، بدعت نہیں ہے
از: تاج الدین دیدار
ــــــ
جو پل بھر میں ٹکڑے کرے چاند کے
سوائے نبی کے وہ طاقت نہیں ہے
از: سرفراز عالم تازگی
ــــــ
آخرش تازگی وہ مسلماں ہی کیسا 
جس کے دل میں محمد کی الفت نہیں ہے
از: رئیس عالم تازگی
ــــــ
مجھے رب نے بخشی ہے ایماں کی دولت
مرے  پاس  دولت  کی  قلت  نہیں  ہے
از : سلیم اختر
ــــــ
محمد نے دنیا کو جینا سکھایا
محمد سے بہتر قیادت نہیں ہے
از: براق پیپل سانوی
ــــــ
یہ سدرا پہ روح الامیں بولے
بڑھوں اس سے آگے اجازت نہیں ہے
از: فراز پیپل سانوی
ــــــ
نمازوں کو مت چھوڑئیے آپ ہرگز
نسیم اس سے افضل عبادت نہیں ہے
از: نسیم بھوج پوری
ــــــ
میں شیدائے آل محمد ہوں لوگو 
مجھے کوئی خوف قیامت نہیں ہے
از:  جوہر بھوج پوری
ــــــ
نہ ہو جس میں وصف جمال محمد
کوئی ایسی قرآں کی آیت نہیں ہے
از: سہیل بھوج پوری
ــــــ

 پروگرام کی سرپرستی ایس. اے.پبلک اسکول کے منیجر رئیس احمد نےکی جبکہ آغاز جوہر بھوج پوری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ آخر میں بزم اردو ادب بھوج پور کے صدر صابر حسین مائل بھوج پوری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے بند ہیں۔